Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسکر پیشین گوئیوں پر ۱۰۰؍ ملین ڈالر سے زائد کی تجارت، مارکیٹ میں ہلچل

Updated: March 14, 2026, 8:12 PM IST | Los Angeles

اکیڈمی ایوارڈز سے پہلے پیشین گوئی مارکیٹ پلیٹ فارمز پر غیر معمولی سرگرمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں اس سال آسکر نتائج سے متعلق معاہدوں کی تجارت ۱۰۰؍ ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اکیڈمی ایوارڈز سے منسلک پیشین گوئیوں پر آن لائن مارکیٹ پلیٹ فارمز کالشی اور پولی مارکیٹ میں ریکارڈ سطح کی تجارت ہو رہی ہے۔ یہ پلیٹ فارمز صارفین کو حقیقی دنیا کے واقعات کے ممکنہ نتائج پر مالی معاہدے خریدنے اور بیچنے کی اجازت دیتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس سال آسکر ایوارڈز سے متعلق پیشین گوئیوں پر مجموعی طور پر ۱۰۰۰؍ ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی تجارت ہو چکی ہے۔ صرف کالشی پلیٹ فارم پر ہی ۱۰؍ مارچ تک تقریباً ۴ء۴۸؍ ملین ڈالر کی تجارت ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال ۲۰۲۵ء کے پورے ایوارڈ سیزن کے دوران ہونے والی ۶ء۲۹؍  ملین ڈالر کی تجارت سے کہیں زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دپیکا پڈوکون نے ممبئی میں آلودگی پر تشویش ظاہر کی

کالشی کے ترجمان جیک سوچ نے ورائٹی کو بتایا، ’’یہ یقینی طور پر ہماری تیزی سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔ آسکر جیسے بڑے ایونٹس ہمارے لیے اہم مواقع ہوتے ہیں اور ان میں بہت زیادہ حجم میں تجارت ہوتی ہے۔‘‘ اس سال سب سے زیادہ توجہ بہترین اداکار کے زمرے پر مرکوز ہے، جہاں مقابلہ انتہائی سخت ہو گیا ہے۔ کچھ ہفتے پہلے تک اداکار ٹموتھی شالامے آسکر جیتنے کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے تھے۔
تاہم صورتحال اس وقت بدل گئی جب اداکار مائیکل بی جارڈن نے اسکرین ایکٹرز گلڈ (ایس اے جی) ایوارڈ میں بہترین اداکار کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کامیابی کے بعد کالشی پر شالامے کے جیتنے کے معاہدے کی قیمت ۶۸؍ سینٹ سے کم ہو کر تقریباً ۵۱؍ سینٹ تک گر گئی۔ کچھ عرصے تک شالامے معمولی برتری کے ساتھ پسندیدہ امیدوار رہے، لیکن بیلے اور اوپیرا کے بارے میں ان کے حالیہ متنازعہ تبصروں کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا جس کے نتیجے میں پیشین گوئی مارکیٹ میں ایک اور تبدیلی دیکھنے میں آئی۔
۷؍ مارچ کے بعد سے مائیکل بی جارڈن دونوں پلیٹ فارمز پر سب سے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح حریف پلیٹ فارم پولی مارکیٹ پر بھی بڑے پیمانے پر تجارت دیکھی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق بہترین فلم کے زمرے میں اس سال تقریباً ۳۰؍ ملین ڈالر کی تجارت ہو چکی ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی زمرے میں صرف ۳ء۵؍ ملین ڈالر کی تجارت ریکارڈ کی گئی تھی۔ موجودہ صورتحال میں فلم’’ون بیٹل آف ایکٹر‘‘ بہترین فلم کے ایوارڈ کے لیے واضح پسندیدہ سمجھی جا رہی ہے اور دونوں پلیٹ فارمز پر اس کے معاہدوں کی قیمت تقریباً ۷۵؍ سینٹ کے قریب ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ تقریباً چار گھنٹے طویل، نمائش کنندگان پریشان

پیشین گوئی کے مارکیٹ گزشتہ کئی برسوں سے موجود ہیں، لیکن اکتوبر ۲۰۲۴ء میں اس وقت ان کی مقبولیت میں تیزی آئی جب ایک امریکی وفاقی اپیل عدالت نے کالشی کو صدارتی انتخابات سے متعلق پیشین گوئی معاہدے پیش کرنے کی اجازت دے دی۔ اس فیصلے کے بعد اس طرح کے پلیٹ فارمز میں دلچسپی تیزی سے بڑھی ہے۔ اسپورٹس بیٹنگ کے بڑے آپریٹرز جیسے ڈرافٹ کنگز اور فین ڈوئل نے بھی اس طرز کے پیشین گوئی مارکیٹ فیچرز متعارف کرانا شروع کر دیے ہیں۔ ڈرافٹ کنگز ۲۰۱۹ء سے آسکر سے متعلق شرطیں پیش کر رہا ہے۔ ابتدا میں یہ صرف نیو جرسی میں ممکن تھا، لیکن اب مشی گن، انڈیانا، ایریزونا، میساچوسٹس، لوزیانا، کنساس، مسوری اور پورٹو ریکو سمیت کئی ریاستوں اور علاقوں میں بھی اس سرگرمی کی اجازت دی جا چکی ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق پیشین گوئی کے مارکیٹ روایتی جوا پلیٹ فارمز سے مختلف ہوتے ہیں۔ ان میں ہونے والی تجارت کو مالیاتی فیوچر کنٹریکٹس کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور ان کی نگرانی امریکی کموڈیٹی فیوچرز ٹریڈنگ کمیشن (CFTC) کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK