• Sun, 11 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پربھاس کی ’’راجہ صاب‘‘ کا پہلے دن ۴۵؍ کروڑ کا کاروبار، ہندی میں صرف ۵؍ کروڑ

Updated: January 10, 2026, 7:03 PM IST | Mumbai

تیلگو سپر اسٹار پربھاس کی نئی ہارر کامیڈی فلم ’’دی راجا صاب‘‘ نے مجموعی طور پر مضبوط آغاز کیا، تاہم ہندی بیلٹ میں کمزور کارکردگی اور ناقدین کے منفی جائزوں نے فلم کے طویل مدتی بزنس پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

تیلگو سنیما کے سپر اسٹار پربھاس، جنہیں ’’باہوبلی‘‘ فلم سیریز سے ملک گیر شہرت ملی، گزشتہ چند برسوں میں ’’ساہو‘‘، ’’رادھے شیام‘‘، ’’آدی پروش‘‘ اور ’’سالار‘‘ جیسی فلموں کے کمزور یا اوسط نتائج کے باعث ایک ’’پین انڈیا اسٹار‘‘ کے طور پر اپنی متوقع صلاحیت پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اب وہ ہارر کامیڈی فلم ’’دی راجا صاب‘‘ کے ذریعے بڑے پردے پر واپس آئے ہیں، جس میں ان کے ساتھ سنجے دت بھی اہم کردار میں نظر آتے ہیں، جبکہ ہدایت کاری ماروتھی نے کی ہے۔ فلم کو ناقدین کی جانب سے ملا جلا تا منفی ردِعمل ملا، جبکہ ایڈوانس بکنگ اور ابتدائی سامعین کا رجحان بھی خاصا کمزور رہا، خاص طور پر ہندی ورژن میں۔ ہندی بیلٹ میں وسیع ریلیز کے باوجود فلم صرف تقریباً ۵؍ کروڑ روپے نیٹ کلیکشن ہی حاصل کر سکی، جو پربھاس کی ۲۰۲۲ء کی فلم ’’رادھے شیام‘‘ کے افتتاحی دن (۴۴ء۴؍ کروڑ روپے) کے قریب ہے۔ ’’رادھے شیام‘‘ کا ہندی لائف ٹائم بزنس ۲۰؍ کروڑ روپے سے کم رہا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:شاہد کپور اور وشال بھردواج کی ’’او رومیو‘‘ کا ٹیزرجاری

اس کے برعکس، آل انڈیا سطح پر ’’دی راجا صاب‘‘نے مضبوط آغاز کیا۔ انڈسٹری ٹریکرز کے مطابق، فلم نے افتتاحی دن تقریباً ۴۵؍ کروڑ روپے کمائے، جبکہ پیڈ پریمیرز (ڈے زیرو) شامل کرنے پر مجموعی کلیکشن ۵۰؍ کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا۔ ایڈوانس بکنگ سے ہی تقریباً ۳۰؍ کروڑ روپے کی آمدنی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث فلم نے رنویر سنگھ کی ’’دھرندھر‘‘ کے افتتاحی دن کے ریکارڈ (۲۸؍ کروڑ روپے) کو پیچھے چھوڑ دیا۔تیلگو مارکیٹ میں فلم کو خاصی پذیرائی ملی۔ سنیما گھروں میں مجموعی طور پر ۵۷؍ فیصد نشستیں بھریں جبکہ حیدرآباد میں ۹۷۰؍ سے زائد شوز کے ساتھ اوسط قبضہ ۷۵؍ فیصد سے تجاوز کر گیا۔ سنکرانتی کے تہوار کے دوران ریلیز ہونے کے باعث توقع ہے کہ تیلگو ورژن میں مزید اضافہ ہوگا، تاہم ہندی لائف ٹائم بزنس کے ۲۰؍ کروڑ روپے کے آس پاس رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ’’دی راجا صاب‘‘ ۴۰۰؍ سے ۴۵۰؍ کروڑ روپے کے بڑے بجٹ پر بنائی گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں اسے چرنجیویکی ’’منا شنکرا ورا پرساد گارو‘‘ (جس میں وینکٹیش بھی شامل ہیں) سے سخت مقابلے کا سامنا ہوگا جو ۱۲؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہو رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK