Updated: June 16, 2026, 9:04 PM IST
| Mumbai
بیڈمنٹن لیجنڈ پرکاش پڈوکون نے اپنے داماد رنویر سنگھ کے ساتھ تعلقات اور ان کی بلاک بسٹر فلم ’’دھرندھر‘‘ کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔ انہوں نے فلم کو ’’بہت اچھی‘‘ اور ’’بہترین‘‘ قرار دیتے ہوئے اداکاری اور عوامی مقبولیت کی تعریف کی۔ تاہم، یہ بھی کہا کہ فلم پُرتشدد ہے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار رنویر سنگھ نے ۲۰۲۵ء اور ۲۰۲۶ء میں اپنی فلموں ’’دھرندھر‘‘ اور ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ کے ذریعے نہ صرف شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا بلکہ باکس آفس پر بھی ریکارڈ توڑ کامیابیاں حاصل کیں۔ اب رنویر سنگھ کے سسر اور ہندوستانی بیڈمنٹن کے عظیم کھلاڑی پرکاش پڈوکون نے اپنے داماد کے ساتھ تعلقات اور ان کی فلم ’’دھرندھر‘‘ کے بارے میں اظہارِ خیال کیا ہے۔ دی انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے پرکاش پڈوکون نے ’’دھرندھر‘‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک بہترین فلم ہے جس میں ہر کسی نے شاندار اداکاری کی ہے۔ ہاں لیکن اس میں تشدد بہت زیادہ ہے لیکن لوگوں کی اکثریت نے اسے پسند کیا، اور میرے خیال میں یہی زیادہ اہم بات ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ارشد وارثی کا دھماکہ، تین ہفتوں میں تین بڑی ریلیز
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں خاندانوں کے درمیان گہرا تعلق ہے اور وہ اکثر ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، جن میں خاندانی تعطیلات بھی شامل ہوتی ہیں۔ رنویر سنگھ کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرکاش پڈوکون نے کہا کہ ان کی گفتگو اکثر کھیلوں اور فلموں کے گرد گھومتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری بہت سی مشترکہ دلچسپیاں ہیں۔ رنویر کھیلوں میں بہت دلچسپی رکھتا ہے، اس لیے وہ مجھ سے کھیلوں کے بارے میں بات کرتا رہتا ہے، جبکہ میں اس سے فلموں اور فلمی صنعت کے بارے میں سوالات کرتا رہتا ہوں کیونکہ میں اس کاروبار کو بہتر طور پر سمجھنا چاہتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مصروف شیڈول کے باوجود جب بھی خاندان کو وقت ملتا ہے، وہ مل بیٹھ کر فٹ بال یا کرکٹ دیکھنے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ہدایتکار نے Obsession 2 اور نئی ہارر کائنات کے اشارے دیئے
پرکاش پڈوکون نے مذاقاً فٹ بال کی ٹیموں کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خاندان میں مختلف کلبوں کے مداح موجود ہیں، جس سے کھیلوں پر دلچسپ بحثیں ہوتی رہتی ہیں۔ دوسری جانب ’’دھرندھر ۲‘‘ اس سال مارچ میں ریلیز ہوئی تھی، جس کی ہدایت کاری آدتیہ دھر نے کی۔ فلم میں رنویر سنگھ کے ساتھ سارہ ارجن، ارجن رامپال، سنجے دت، راکیش بیدی، دانش پنڈور اور آر مادھون نے اہم کردار ادا کیے۔ فلم نے ریلیز کے بعد باکس آفس پر غیرمعمولی کامیابی حاصل کی اور رنویر سنگھ کے کریئر کی سب سے بڑی کامیاب فلموں میں شمار کی جا رہی ہے، جس نے انہیں موجودہ دور کے سب سے مقبول اور کامیاب بالی ووڈ ستاروں میں شامل کر دیا ہے۔