Inquilab Logo Happiest Places to Work

پرتھوی راج کپورنےخاموش فلموں سے اداکاری شروع کی تھی

Updated: May 29, 2025, 11:38 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ایک خاندان ہے جوہندی فلموں کی دنیا میں طویل عرصے سے چھایا ہوا ہے اور آج بھی اس خاندان کے مختلف افراد کا غلبہ ہے۔ یہ کپورخاندان ہے جو خاموش فلموں کے دورسے آج تک کی مشہور فلموں کاحصہ ہے۔

A brilliant actor Prithviraj Kapoor. Photo: INN
ایک شاندار اداکار پرتھوی راج کپور۔ تصویر: آئی این این

ایک خاندان ہے جوہندی فلموں کی دنیا میں طویل عرصے سے چھایا ہوا ہے اور آج بھی اس خاندان کے مختلف افراد کا غلبہ ہے۔ یہ کپورخاندان ہے جو خاموش فلموں کے دورسے آج تک کی مشہور فلموں کاحصہ ہے۔ اس کے پہلے شخص پرتھوی راج کپور نےبالی ووڈ کی پہلی بولتی فلم ’عالم آرا‘ میں اہم کردار اداکیا تھا۔ تاہم وہ اس سے قبل ۱۹۲۷ء میں خاموش فلموں سے اپنے کریئر کا آغاز کر چکے تھے۔ 
 پرتھوی راج کپور۳؍نومبر۱۹۰۶ءکوفیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نےابتدا میں تعلیم بھی فیصل آباد کے ایک کالج سے ہی حاصل کی جس کے بعد وہ خاندان سمیت پشاور منتقل ہو گئے۔ پرتھوی راج کپورمحض ۱۸؍برس کے تھے جب وہ باپ بن گئے اور انہوں نے اپنےبیٹے کا نام راج کپوررکھا جو آنے والے برسوں میں بالی ووڈ کے نمایاں اداکار اور ڈائریکٹرکےطورپرمشہور ہوئے جنہیں بالی ووڈ کا شومین بھی کہا جاتا ہے۔ پرتھوی راج کپور ایک طویل عرصہ تھیٹر سے وابستہ رہے اور۱۹۴۴ءمیں انہوں نے پرتھوی تھیٹرکےنامی سے ایک کمپنی قائم کی جو مختلف شہروں میں جاکر تھیٹر کیا کرتی تھی لیکن ۱۹۶۰ءمیں پرتھوی راج کپورنے اپنی یہ کمپنی اس لیے بند کر دی کیوں کہ ان کے لیے اس تھیٹر کمپنی کو چلانا مشکل ہو گیا تھا۔ یہ تھیٹر گروپ بند ضرور ہوا مگر بالی ووڈکے معروف اداکار ششی کپور اور ان کی اہلیہ جنیفر کپور نے اپنے والد کی یاد میں ممبئی میں تھیٹر ہال تعمیرکیاجس نے بالی ووڈ کے بہت سے نئے اداکاروں کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:ڈاکٹر اے پی جےعبدالکلام پر مبنی فلم میں دھنش اہم کردار ادا کریں گے

اس تھیٹرکی تعمیرکاقصہ بھی دلچسپی سے خالی نہیں کیوں کہ ششی کپور نےاسےبنانےکیلئے زیادہ سے زیادہ فلموں میں کام کرنا شروع کر دیاتاکہ وہ اپنے والدکے اپنا تھیٹر ہال بنانےکےخواب تشنہ کو پورا کر سکیں جس پر ان کے بھائی راج کپور نے ان کو ’ٹیکسی‘ کی عرفیت سے نوازا کیوں کہ وہ ہمہ وقت سفر میں رہتے تھے۔ 
 ۱۹۳۰ءکی پوری دہائی میں پرتھوی راج کپور نے کلکتہ (اب کولکتہ)کےنیو تھیٹرز کی پروڈیوس کی گئی ہر فلم میں مرکزی کردار ادا کیا جن میں ’راج رانی میرا‘ نمایاں ہےجس کے بعد اداکار کی شہرت چار سو پھیل گئی۔ ۱۹۳۴ءمیں پرتھوی راج کپور کی ایک اور فلم ’سیتا‘ ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے رام کا کردار ادا کیا تھا۔ 
 نیوتھیٹر کی۱۹۳۷ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’ودیاپتی‘ ان کی نیوتھیٹرزکے لیے کامیاب ترین فلم تھی جس کے بعد وہ ممبئی لوٹ آئے اوررنجیت اسٹوڈیوز کی بہت سی کامیاب فلموں میں اہم کردار ادا کیے۔ ۱۹۴۱ءمیں سہراب مودی کی فلم ’سکندر‘ میں پرتھوی راج کپور نے سکندرِ اعظم کا کردار ادا کیا۔ انہوں نےیہ کردار اس خوبصورتی سے نبھایا کہ تاریخ کے موضوع پر شائع ہونے والی نصابی کتابوں میں سکندر اعظم کے طور پر ان کی تصویر شائع کی جانے لگی۔ پرتھوی راج کپور کا ایک اور یادگار رول ’مغل اعظم‘ میں شہنشاہ اکبر کا رول ہے جس نےفلم کو لاثانی بنانےمیں ایک اہم رول ادا کیا ہے۔ پرتھوی راج کپور کو ۱۹۶۹ءمیں حکومت کی جانب سے پدم بھوشن ایوارڈ اور۱۹۷۱ءمیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ وہ ۸؍ برس راجیہ سبھا کے رُکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ پرتھوی راج کپور ۲۹؍ مئی۱۹۷۲ءکو اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK