گوہر خان اپنے شوہر زید دربار، بچوں اور فیملی کے ساتھ رمضان المبارک کے دوران مدینہ کے سفر پر ہیں۔ ان کی نند انعم دربار نے مدینہ میں پہلی افطاری کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی پیغام لکھا۔
EPAPER
Updated: February 24, 2026, 8:03 PM IST | Mumbai
گوہر خان اپنے شوہر زید دربار، بچوں اور فیملی کے ساتھ رمضان المبارک کے دوران مدینہ کے سفر پر ہیں۔ ان کی نند انعم دربار نے مدینہ میں پہلی افطاری کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی پیغام لکھا۔
معروف بالی ووڈ شخصیت گوہر خان اس وقت اپنے شوہر زید دربار، بچوں اور فیملی کے ساتھ مدینہ منورہ میں رمضان گزار رہی ہیں۔ گوہر کی نند انعم دربار نے سوشل میڈیا پر اس سفر کی متعدد تصاویر شیئر کیں، جن میں خاندان کو مدینہ میں افطار کرتے اور عبادت میں مشغول دیکھا جا سکتا ہے۔ تصاویر شیئر کرتے ہوئے انعم نے لکھا کہ ’’اس رمضان میں مدینہ میں پہلی افطاری۔ الحمدللہ یہاں ہونے کے لیے، خاندان کے لیے، ایک محبت کے لیے میرا دل نہیں سمجھتا کہ کیسے بیان کروں، یا اللہ، میرے بھائی اور بھابھی کو اس جگہ پر لانے کے لیے لامتناہی جزا دے جس کے لیے میرا دل ان پچھلے مہینوں سے خاموشی سے دعائیں کر رہا ہے۔ الحمدللہ رمضان کا آغاز بہت اچھا ہے۔‘‘ یہ الفاظ مداحوں کے لیے نہایت جذباتی اور روح پرور ثابت ہوئے۔
انعم نے اپنی تصاویر کے علاوہ گوہر خان اور زید دربار کے ساتھ بھی تصاویر شیئر کیں، جن میں سب کو ساتھ افطار کرتے دیکھا گیا۔ واضح رہے کہ مدینہ میں رمضان گزارنا ہر مسلمان کے لیے ایک خاص روحانی تجربہ سمجھا جاتا ہے، اور گوہر کی فیملی کے لیے بھی یہ لمحہ شکرگزاری کا موقع بنا۔
یاد رہے کہ گوہر خان نے ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۰ء کو معروف موسیقار اسماعیل دربار کے بیٹے زید دربار سے شادی کی تھی۔ مئی ۲۰۲۳ء میں جوڑے کے ہاں پہلا بیٹا ذہان پیدا ہوا۔ بعد ازاں یکم ستمبر ۲۰۲۵ء کو گوہر اور زید نے اپنے دوسرے بیٹے کی آمد کی خوشخبری سنائی۔ گوہر نے انسٹاگرام پر ایک علامتی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں صرف ’’الحمدللہ‘‘ لکھا تھا۔ تصویر میں ایک شیر اور شیرنی اپنے دو بچوں کے ساتھ دکھائے گئے تھے، اور ساتھ ایک نوٹ درج تھا:’’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، ذہان، یکم ستمبر ۲۰۲۵ء کو پیدا ہونے والے اپنے نوزائیدہ بھائی کے ساتھ اپنی بادشاہی بانٹنے پر بہت خوش ہے، جیسا کہ شکر گزار اور ہنسنے والے والدین، زید اور گوہر، ہر ایک کی مسلسل محبت اور برکت کے خواہاں ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: موسیقی زبان کی دیواریں توڑ دیتی ہے: بحرینی ریپر فلیپراچی
یہ اعلان مداحوں کے لیے خوشی کا پیغام تھا، جس پر انہیں بے شمار دعائیں اور مبارکبادیں موصول ہوئیں۔ پیشہ ورانہ محاذ پر گوہر خان نے ویب شوز اور فلموں میں اپنی مضبوط اداکاری سے الگ شناخت بنائی ہے۔ وہ حال ہی میں ٹی وی سیریز ’’فوجی ۲‘‘ میں لیفٹیننٹ کرنل سمرجیت کور کے کردار میں نظر آئیں۔ یہ سیریز ۱۹۸۹ء کے مشہور شو ’’فوجی‘‘ کا سیکوئل ہے، جس سے شاہ رخ خان نے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔