• Sun, 11 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رامائن: بین الاقوامی ریلیز ۵؍ نومبر کو ہوگی، ہندوستان میں تاریخ کا اعلان باقی

Updated: October 10, 2026, 8:01 PM IST | Mumbai

رنبیر کپور کی فلم ’رامائن‘ کی بین الاقوامی ریلیز ۵؍ نومبر کو ہوگی، جبکہ ہندوستان میں ریلیز کی تاریخ کا اعلان ابھی باقی ہے۔ تقریباً ۴؍ ہزار کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی یہ فلم دو حصوں پر مشتمل ہے اور اسے ہندوستانی سنیما کا اب تک کا سب سے مہنگا فلمی سلسلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Ramayana. Image: INN
رامائن۔ تصویر: آئی این این

سال ۲۰۲۶ء کی سب سے بڑی فلم قرار دی جانے والی رنبیر کپور کی فلم ’’رامائن‘‘ کی ہندوستان میں ریلیز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم سونی پکچرز جرمنی کے یوٹیوب چینل پر کیے گئے ایک نئے اعلان کے مطابق فلم بین الاقوامی سطح پر ۵؍ نومبر، جمعرات کو ریلیز ہوگی۔ نتیش تیواری کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی بین الاقوامی تقسیم کی ذمہ داری سونی پکچرز کے پاس ہے۔ ہندوستان میں فلم دیوالی کے موقع پر ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سال دیوالی ۸؍ نومبر کو ہے، لیکن فلم سازوں نے ابھی تک ریلیز کی حتمی تاریخ طے نہیں کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بگ باس ۲۰: امَن گاندھی کا ’مسلم‘ آبادی سے متعلق متنازع جملہ، قاضی توقیر کو نشانہ بنایا

اس سے قبل فلم کے انگریزی ٹریلر میں ریلیز کی تاریخ ۶؍ نومبر، جمعہ درج تھی۔ فلم کے پروڈیوسر نمیت ملہوترا نے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے اگست میں این ڈی ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا، ’’ہم بین الاقوامی سطح پر ۶؍ نومبر کو فلم ریلیز کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی فلموں کی تقسیم کا نظام جمعہ کے دن ریلیز کے مطابق کام کرتا ہے، اسی لیے یہ فلم ۶؍ نومبر کو ریلیز ہوگی۔ تاہم، ہندوستان میں ہم فی الحال دیوالی کے موقع پر ریلیز کا ہدف رکھ رہے ہیں۔‘‘ فلم کی ریلیز میں تقریباً ایک ماہ باقی ہے، لیکن ہندوستانمیں ریلیز کی مخصوص تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا۔

حال ہی میں ’بالی ووڈ ہنگامہ‘ کی ایک رپورٹ میں تجارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ فلم ساز ۴؍ نومبر، بدھ کو معاوضے کے عوض خصوصی پیش نظارہ (پیڈ پری ویو) اور ۵؍ نومبر، جمعرات کو فلم کی مکمل ریلیز کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔ تاہم، رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ان تاریخوں کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ’’رامائن‘‘ دو حصوں پر مشتمل فلمی سلسلے کی پہلی فلم ہے، جبکہ اس کا دوسرا حصہ دیوالی ۲۰۲۷ء پر ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔ نمیت ملہوترا کے مطابق، دونوں فلموں پر مجموعی طور پر ۴؍ ہزار کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ یوٹیوبر پرکھر گپتا کو دیے گئے ایک سابقہ انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا، ’’سادہ الفاظ میں کہیں تو دونوں فلموں، یعنی پہلے اور دوسرے حصے پر کام مکمل ہونے تک لاگت تقریباً ۵۰۰؍ ملین ڈالر ہوگی، جو ۴؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: نانا پاٹیکر کو فنکار زہیب خان کا منفرد خراجِ عقیدت، دیوار پر کوئلے سے بلند تصویربنائی

اس طرح ’’رامائن‘‘ ہندوستانی فلمی تاریخ کا اب تک کا سب سے مہنگا فلمی سلسلہ بن گیا ہے۔ ’’دھرندھر‘‘، ’’باہوبلی‘‘ اور ’’کے جی ایف‘‘ جیسی کامیاب فلمی سیریز بھی اس بجٹ کے قریب نہیں پہنچ سکیں۔ ان فلموں کی عالمی باکس آفس کمائی بھی ۴؍ ہزار کروڑ روپے سے کم رہی ہے۔ فلم ’’دھرندھر‘‘ کے دونوں حصوں نے مجموعی طور پر دنیا بھر میں ۳؍ ہزار ۱۲۰؍ کروڑ روپے کمائے، جبکہ ایس ایس راجامولی کی ’’باہوبلی‘‘ سیریز کے دونوں حصوں کی عالمی کمائی ۲؍ ہزار ۴۳۸؍ کروڑ روپے رہی۔ یش کی ’’کے جی ایف‘‘ سیریز نے دو فلموں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک ہزار ۴۵۳؍ کروڑ روپے کمائے۔ فلم ’’رامائن‘‘ میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں سنی دیول، روی دوبے، ارون گوول، لارا دتہ اور راکول پریت سنگھ سمیت کئی دیگر اداکار بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK