Updated: November 23, 2025, 9:08 PM IST
| Mumbai
رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون کی آن اسکرین کیمسٹری ہمیشہ سے بالی ووڈ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک سوشل میڈیا صارف نے فلم سازوں سے درخواست کی کہ دونوں کو دوبارہ، ترجیحاً ایک رومانٹک فلم میں کاسٹ کیا جائے۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگیا، اور سب سے زیادہ توجہ اس وقت حاصل ہوئی جب دپیکا پڈوکون نے خود اس پوسٹ کو ’لائیک‘ کیا، جس سے مداحوں میں نئی امید پیدا ہوگئی کہ دونوں اداکار ممکنہ طور پر ایک بار پھر ساتھ نظر آ سکتے ہیں۔
بالی ووڈ کی مقبول جوڑی رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون جب بھی بڑی اسکرین پر اکٹھے آئے، فلموں نے شاندار شہرت حاصل کی، چاہے وہ ’’یہ جوانی ہے دیوانی‘‘ ہو یا ’’تماشہ۔‘‘ اب لگتا ہے کہ مداحوں کے ساتھ ساتھ خود دپیکا بھی اس بات سے متفق ہیں کہ انہیں دوبارہ ایک ساتھ فلم میں دیکھا جانا چاہئے۔ ایک حالیہ سوشل میڈیا ریل میں صارف سونالیکا پوری نے اپنی جذباتی اپیل کے ذریعے ہدایتکاروں اور پروڈیوسروں سے درخواست کی کہ وہ رنبیر اور دپیکا کو ایک فلم، خاص طور پر ایک رومینٹک کامیڈی میں کاسٹ کریں۔ صارف نے کہا کہ ’’یہ سبھی ہدایتکاروں اور پروڈیوسروں سے عاجزانہ اپیل ہے کہ برائے مہربانی رنبیر اور دپیکا کو ایک فلم میں کاسٹ کریں۔ آپ لوگ کہتے رہتے ہو کہ فلمیں پیسے نہیں کما رہیں اور لوگ تھیٹر نہیں آ رہے،انہیں ایک ساتھ لے آؤ، سب ٹھیک ہو جائے گا!‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’جس جوڑی کی عوامی نمائش ہی اتنی بڑی خبر بن جاتی ہے، ذرا سوچیں کہ اگر وہ دوبارہ اسکرین شیئر کریں تو کیا ہوگا! ایک اچھا اسکرپٹ لکھیں اور ان دونوں کو کاسٹ کریں، وہ ساتھ میں بہت خوبصورت لگتے ہیں اور ناقابلِ یقین حد تک باصلاحیت ہیں۔‘‘ یہ ویڈیو جلد ہی وائرل ہوگیا، لیکن مداحوں کیلئے اصل خوشی اس وقت سامنے آئی جب دپیکا پڈوکون نے خود اس ریل کو لائیک کیا۔ ان کے اس ردِ عمل نے فینز میں قیاس آرائیاں بڑھا دیں کہ شاید وہ واقعی رنبیر کے ساتھ کسی نئے پراجیکٹ میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: عرفان خان اداکاری نہیں کرتے تھےبلکہ وہ کرداروں کو زندہ کردیتے تھے
واضح رہے کہ رنبیر کپور اس وقت ’’لو اینڈ وار‘‘ کی شوٹنگ کر رہے ہیں، جس کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی ہیں۔ فلم میں رنبیر کے ساتھ عالیہ بھٹ اور وکی کوشل بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ وہ نیتن دیسائی کی ’’رامائن‘‘ میں بھی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جسے ۲۰۲۶ء کی بڑی ریلیز تصور کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب دپیکا پڈوکون اس وقت شاہ رخ خان کی فلم ’’کنگ‘‘ کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اللو ارجن کے ساتھ ایٹلی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔ مداحوں کی امیدیں اب مزید بڑھ چکی ہیں، اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا بالی ووڈ کی یہ سپرہٹ جوڑی واقعی ایک بار پھر اسکرین پر ساتھ نظر آئے گی یا نہیں۔