Updated: October 01, 2024, 9:13 PM IST
| Mumbai
ایک حالیہ انٹرویو میں ہندوستانی سپر ہیرو ’’شکتی مان‘‘ کا کردار ادا کرنے والے مکیش کھنہ نے دعویٰ کیا کہ ’’شکتی مان‘‘ سیریز کی ۳؍ فلموں میں ’’شکتی مان‘‘ کا کردار ادا کرنے کی اجازت کیلئے رنویر سنگھ نے ۳؍ گھنٹے تک ان کی منتیں کی تھیں لیکن انہوں نے رنویر کو اس کردار کیلئے موزوں نہیں سمجھا۔
مکیش کھنہ اور رنویر سنگھ۔ تصویر: ایکس
کچھ مہینے پہلے مکیش کھنہ نے ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں رنویر سنگھ کو ان کے مشہور سپر ہیرو ’’شکتی مان‘‘ کے طور پر کاسٹ کرنے کی افواہوں کے درمیان تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بعد میں رنویر، مکیش کھنہ سے ملنے ان کے دفتر گئے جس کے بعد وہ رنویر کی تعریف کرتے نظر آئے۔ تاہم، مکیش کھنہ کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ رنویر آنے والی ٹرائیلوجی میں سپر ہیرو کا کردار ادا کریں گے۔ درحقیقت، ایک حالیہ انٹرویو میں، تجربہ کار اداکار نے رنویر کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں اور انکشاف کیا کہ نوجوان اداکار نے انہیں تین گھنٹے تک قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ ’’شکتی مان‘‘ کا کردار ادا کریں لیکن آخر کار اسے مسترد کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: گووندہ نے غلطی سے اپنے ہی پاؤں پرگولی چلالی، خطرے سے باہر
مکیش کھنہ نے بالی ووڈ ٹھکانہ کو بتایا کہ ’’اب لوگ جانتے ہیں کہ رنویر سنگھ مجھے ’’شکتی مان‘‘ کے کردار کو دوبارہ ادا کرنے کی اجازت دینے پر راضی کرنے آئے تھے۔ میں اسے بھی چھپا نہیں سکتا کیونکہ بعد میں لوگوں نے کہا کہ میں نے رنویر کی تعریف کی اور انہیں ایک لاجواب اداکار کہا۔ رنویر کے شکتی مان کے کردار کی تصدیق ہونے کی خبریں آنے لگیں لیکن میں نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ میرا سونی (سونی پکچرز فلمز انڈیا) کے ساتھ بھی تنازع ہے اور میں نے ایک ویڈیو بنایا تھا جس میں واضح کیا گیا تھا کہ میں نے رنویر کو یہ کردار ادا کرنے کی منظوری نہیں دی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ رنویر اس دن میرے سامنے ۳؍ گھنٹے تک بیٹھے رہے لیکن بالآخر مجھے انہیں بتانا پڑا کہ شکتی مان کیلئے جو چیز ان کے چہرے پر ہونی چاہئے، وہ نہیں ہے۔ وہ زندہ دل لگتا ہے، یعنی ایک ایسا شخص جو دوسروں کو دھوکہ دے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: جولیا رابرٹس کو۵۰؍ویں سیزر ایوارڈس میں اعزاز سے نوازا جائے گا
جب انٹرویو لینے والے نے نشاندہی کی کہ رنویر نے ڈرامائی اور سنجیدہ کرداروں میں بھی مہارت حاصل کی ہے تو مکیش نے ان کی رائے سے اتفاق کیا لیکن وہ اس بات پر اڑے رہے کہ وہ شکتی مان کردار کیلئے موزوں نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ ’’شکتی مان‘‘ سیریز کی ۳؍ فلموں کا اعلان ۱۰؍ فروری ۲۰۲۲ء کو کیا گیا تھا لیکن اب تک یہ پروجیکٹ آگے نہیں بڑھا ہے۔