Updated: July 29, 2026, 7:05 PM IST
| Mumbai
ہندوستانیسنیما کی لیجنڈری اداکارہ ریکھا انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن(آئی ایف ایف ایم) میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کریں گی۔ اس موقع پر انہیں ہندوستانی سنیما میں پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں باوقار ’’ایکسلینس اِن سنیما‘‘ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
ریکھا ۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانی سنیما کی لیجنڈری اداکارہ ریکھا انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن(آئی ایف ایف ایم) (IFFM) ۲۰۲۶ء میں مہمانِ خصوصی (Guest of Honour) کے طور پر شرکت کریں گی۔ اس موقع پر انہیں ہندوستانی سنیما میں پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں باوقار ’’ایکسلینس اِن سنیما‘‘ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ وہ ۱۵؍ اگست کو میلبورن میں ہندوستان کے ۷۹؍ویں یومِ آزادی کے موقع پر ترنگا بھی لہرائیں گی۔
یہ بھی پڑھئے:بابر اعظم نے ٹیسٹ کپتانی تینوں فارمیٹس کی قیادت کی شرط پر قبول کی
فیسٹیول کے دوران ریکھا کی لازوال فلم ’’اُمراؤ جان‘‘ کی خصوصی نمائش بھی کی جائے گی۔ مظفر علی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ریکھا کی اداکاری کو ہندوستانی سنیما کی بہترین پرفارمنسز میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسی موقع پر ہندوستانی سنیما میں ان کی شاندار خدمات اور طویل فلمی سفر کے اعتراف میں انہیں ’’ایکسلینس اِن سنیما‘‘ ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریکھا نے کہا’’اُمراؤ جان‘‘ کبھی مجھ سے جدا نہیں ہوئی۔ وہ آج بھی میری یادوں، میری خاموشیوں اور ان تمام لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے جنہوں نے برسوں تک اسے محبت دی۔ اس فلم کے سفر کو ایک بار پھر جینا اور عالمی سطح پر اسے عزت ملتے دیکھنا میرے لیے نہایت جذباتی اور عاجزی سے بھرپور لمحہ ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا’’سنیما میری زندگی کی سب سے بڑی نعمت رہا ہے اور آئی ایف ایف ایم ۲۰۲۶ء میں ایکسلینس اِن سنیما ایوارڈ حاصل کرنا میرے لیے بے حد خاص اعزاز ہے۔ میں یہ اعزاز پورے دل سے قبول کرتی ہوں۔ یہ صرف میری کامیابی نہیں بلکہ ان تمام فلم سازوں، مصنفین، موسیقاروں اور بے شمار ساتھیوں کے نام بھی ہے جنہوں نے میری زندگی اور میرے فن کو نکھارا۔
آئی ایف ایف ایم ہندوستانی سنیما میں غیر معمولی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ریکھا کو اس اعزاز سے نوازے گا۔ پانچ دہائیوں سے زیادہ طویل کریئر میں انہوں نے اپنی اداکاری سے کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے اور انڈین سنیما کی تاریخ میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ فیسٹیول کی ایک خصوصی روایت کے تحت ۱۵؍ اگست کو ریکھا میلبورن میں ہندوستانی قومی پرچم لہرائیں گی۔ اس موقع پر آسٹریلیا میں مقیم ہندوستانی برادری، آسٹریلوی معزز شخصیات، فلم ساز، فنکار اور سنیما سے محبت کرنے والے افراد ہندوستان کے یومِ آزادی کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔ یہ پرچم کشائی کی تقریب برسوں سےآئی ایف ایف ایم کی اہم روایات میں شامل ہے اور بھارت و آسٹریلیا کے ثقافتی تعلقات کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
اس سے قبل اس تقریب کی قیادت رشی کپور، عامر خان، شبانہ اعظمی، انیل کپور، رانی مکھرجی، ایشوریہ رائے بچن، ابھیشیک بچن، رام چرن اور کرن جوہر جیسی معروف شخصیات کر چکی ہیں۔ اب ریکھا بھی اس باوقار روایت کا حصہ بنیں گی۔ آئی ایف ایف ایم کی بانی اور فیسٹیول ڈائریکٹر میتو بھومک لانگے نے کہا’’ریکھا جی صرف ایک اداکارہ نہیں بلکہ ہندوستانی ثقافت اور سنیما کی ایک لازوال علامت ہیں۔ ان کا شاندار فلمی سفر اور ورثہ دنیا بھر کے ناظرین کے لیے باعثِ تحریک ہے۔ انہیں مہمانِ خصوصی کے طور پر خوش آمدید کہنا اور’’ایکسلینس اِن سنیما‘‘ ایوارڈ سے نوازنا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:دی اوڈیسی: آئی میکس ۷۰؍ ایم ایم کے تجربے پر شدید تنقید
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ریکھا کا میلبورن میں ترنگا لہرانا پوری ہندوستانی برادری کے لیے باعثِ فخر ہوگا۔ ساتھ ہی انہیں ’’ایکسلینس اِن سنیما‘‘ ایوارڈ دینا ہندوستانی سنیما میں ان کی بے مثال خدمات کا بہترین اعتراف ہے۔ انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن ۲۰۲۶ء کا انعقاد ۳؍ سے ۲۳؍ اگست تک ہوگا۔ یہ فیسٹیول ہندوستانی سنیما کے سب سے معتبر بین الاقوامی فلمی میلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جو بھارتی فلموں، فنکاروں اور ہندوستان اور آسٹریلیا کے ثقافتی تعلقات کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بناتا ہے۔