Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’لو اینڈ وار‘‘ کی دوبارہ شوٹنگ سے ریلیز مؤخر، بجٹ میں بھی اضافہ

Updated: March 10, 2026, 8:09 PM IST | Mumbai

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ کے چند اہم مناظر دوبارہ شوٹ کیے جا رہے ہیں جس کے باعث فلم کی ریلیز مؤخر ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کے بڑے پیمانے اور وی ایف ایکس کے پیچیدہ کام کی وجہ سے پروڈکشن کا وقت اور بجٹ دونوں بڑھ گئے ہیں۔ فلم میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

Poster for the film "Love and War." Photo: INN
فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ ایک بار پھر خبروں میں ہے کیونکہ اس کے کچھ اہم مناظر دوبارہ شوٹ کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فلم کے مرکزی اداکار رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل ان مناظر کی دوبارہ شوٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ انڈو ایشین نیوز سروس کی رپورٹ کے مطابق فلم کے کچھ اہم مناظر کو دوبارہ فلمایا جا رہا ہے کیونکہ سنجے لیلا بھنسالی اپنی فلم میں مکمل معیار اور کمال حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس عمل کی وجہ سے فلم کی تیاری کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

بجٹ میں اضافہ
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوبارہ شوٹنگ کی وجہ سے فلم کے بجٹ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ چونکہ اہم مناظر کو دوبارہ فلمایا جا رہا ہے، اس لیے اضافی پروڈکشن اخراجات سامنے آئے ہیں، جس کے نتیجے میں فلم کی مجموعی لاگت بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نوجوان اداکاروں میں کام کے تئیں سنجیدگی کم ہے: آصف شیخ

ریلیز کی تاریخ مؤخر
ابتدائی طور پر توقع کی جا رہی تھی کہ یہ فلم اسی سال اگست میں سنیما گھروں میں ریلیز ہو گی۔ تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر فلم کی ریلیز اب غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ فی الحال فلم کی نئی ریلیز تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
پنک ولا کی ایک سابقہ رپورٹ کے مطابق ’’لو اینڈ وار‘‘ سنجے لیلا بھنسالی کے سب سے مہنگے منصوبوں میں شمار ہو سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق فلم میں بڑے پیمانے پر فضائی ایکشن مناظر شامل ہیں جن کے لیے پیچیدہ وی ایف ایکس کی ضرورت ہے۔ ان مناظر کی تکنیکی پیچیدگی کی وجہ سے وی ایف ایکس کے عمل میں زیادہ وقت لگ رہا ہے، جس نے فلم کی تیاری کو مزید طویل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سنیل شیٹی کا انکشاف: شاہ رخ کا اسٹارڈم الگورتھم سے بالاتر

رنبیر کپور کی تصدیق
اس سے قبل ایک انسٹاگرام لائیو سیشن کے دوران رنبیر کپور نے بھی فلم کی ریلیز میں تاخیر کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’ل اینڈ وار‘‘ کی ریلیز ’’رامائن پارٹ ون‘‘ کے بعد ہوگی، جسے اکتوبر میں سنیما گھروں میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

عالیہ بھٹ کا ردعمل
اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی ایک انٹرویو میں اس فلم کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے نیوز ۱۸؍ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’ایک ناظر کے طور پر میں بہت پرجوش ہوں کہ اتنے سالوں بعد بھنسالی صاحب اور رنبیر ایک بار پھر ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وکی کوشل کے ساتھ دوبارہ کام کرنا بھی ان کے لیے خاص ہے۔ بقول عالیہ ’’وکی اور میں ایک بار پھر ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ رنبیر اور وکی نے ’’سنجو‘‘ میں شاندار کام کیا تھا، اس لیے یہ ایک بہت دلچسپ امتزاج ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK