• Wed, 28 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رینوکا شاہانے، ڈیوڈ دھون کو پہچان نہیں سکیں، مادھوری کی بات پرر ونے لگیں

Updated: October 28, 2026, 12:44 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

 بالی ووڈ میں بعض واقعات ایسے ہوتے ہیں جو برسوں گزرنے کے بعد بھی یادگار بن جاتے ہیں۔ کبھی فلم کی شوٹنگ کے دوران کوئی دلچسپ واقعہ پیش آتا ہے تو کبھی فن کاروں کی سادگی اور معصومیت سے جڑا کوئی قصہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دیتا ہے۔

Renuka Shahane and Madhuri Dixit. Photo: INN
رینوکا شاہانے اور مادھوری دکشت۔ تصویر: آئی این این

 بالی ووڈ میں بعض واقعات ایسے ہوتے ہیں جو برسوں گزرنے کے بعد بھی یادگار بن جاتے ہیں۔ کبھی فلم کی شوٹنگ کے دوران کوئی دلچسپ واقعہ پیش آتا ہے تو کبھی فن کاروں کی سادگی اور معصومیت سے جڑا کوئی قصہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دیتا ہے۔ ایسا ہی ایک دلچسپ واقعہ اداکارہ رینوکاشاہانے سے وابستہ ہے، جو ۱۹۹۴ء میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ میں مادھوری دکشت کی بڑی بہن پوجا کےکردار میں نظر آئی تھیں۔ اس فلم نے رینوکا کو گھر گھر میں مقبولیت دلائی، لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ فلمی دنیا کے معروف ہدایت کار ڈیوڈ دھون کو پہچان نہیں سکیں۔ اس بات پر مادھوری دکشت نے حیرت کا اظہار کیا تو رینوکا اس قدر گھبرا گئیں کہ ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور وہ رونے لگیں۔ یہ دلچسپ قصہ حال ہی میں کوئز شو ’کون ہو نار کروڑپتی‘ میں سامنے آیا، جہاں رینوکا شاہانے پہنچی تھیں۔مادھوری اور رینوکا دونوں اداکاراؤں نے فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ سے وابستہ یادیں تازہ کیں اور اسی دوران رینوکا نے ڈیوڈ دھون سے پہلی ملاقات کا واقعہ سنایا۔ رینوکا کے مطابق، ایک دن ڈیوڈ دھون فلم کے سیٹ پر آئے تھے۔ اس وقت مادھوری دکشت نے انہیں آواز دے کر اپنے پاس بلایا اور بتایا کہ وہ ان کی ملاقات ایک بڑے ہدایت کار سے کروانا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: رام چرن کی فلم’ ’دی انڈیا ہاؤس‘‘ سے سائی مانجریکر کا پہلا لُک جاری

لیکن رینوکا کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ مادھوری کس کی بات کررہی ہیں۔ وہاں۳؍،۴؍ افراد ایک ساتھ بیٹھے ہوئے تھے اور وہ انہی کے درمیان ڈیوڈ دھون کو پہچاننے کی کوشش کرتی رہیں۔ انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ ان لوگوں میں ہندی فلموں کے مشہور ہدایت کار ڈیوڈ دھون بھی موجود ہیں۔مادھوری دکشت کے لیے یہ بات حیران کن تھی۔ انہوں نے رینوکا سے کہا کہ ڈیوڈ دھون بہت بڑے ہدایت کار ہیں اور انہیں انہیں پہچاننا چاہیے۔ مادھوری نے حیرت سے یہ بھی پوچھا کہ فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے باوجود وہ ڈیوڈ دھون کو کیسے نہیں جانتیں؟ مادھوری کی یہ بات سن کر رینوکا گھبرا گئیں۔ وہ اس صورت حال کو سنبھال نہیں سکیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ رونے لگیں۔ رینوکا کو اس طرح روتے دیکھ کر ڈیوڈ دھون ہنسنے لگے۔ انہوں نے ماحول کو ہلکا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے اور وہ خود کو اتنا بڑا ہدایت کار نہیں سمجھتے۔ ان کے اس نرم اور دوستانہ رویے سے صورت حال کچھ بہتر ہوئی۔ بعد میں مادھوری نے رینوکاکو اپنے پاس بلا کر بتایا کہ وہ دراصل ان کی ملاقات ڈیوڈ دھون سے کروانا چاہتی تھیں۔یہ واقعہ رینوکا کی سادگی اور فلمی دنیا کے بڑے ناموں سے ان کی ناواقفیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ڈیوڈ دھون اس وقت تک کئی کامیاب فلمیں دے کر اپنی الگ پہچان بنا چکے تھے، لیکن رینوکا کے لیے ان کا چہرہ اجنبی تھا۔ اس چھوٹے سے واقعے نے شوٹنگ کے دنوں کی ایک ایسی یاد کو تازہ کردیا جس میں شہرت، حیرت اور معصومیت تینوں رنگ دکھائی دیتے ہیں۔ سورج بڑجاتیا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ ۱۹۹۴ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس میں سلمان خان نے پریم اور مادھوری دکشت نے نشا کا کردار ادا کیا تھا، جب کہ رینوکا شاہانے پوجا کے روپ میں نظر آئی تھیں۔ فلم میں ان کا کردار ایک سادہ مزاج، محبت کرنے والی اور خاندان کے رشتوں کو اہمیت دینے والی لڑکی کا تھا، جو شادی کے بعد اپنے سسرال والوں کے دل میں بھی جگہ بنا لیتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK