Updated: June 25, 2025, 7:01 PM IST
| Mumbai
اے آئی سی ڈبلیو اے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ منسوخ کرنے اور ان کا سوشل میڈیا معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ ’’سردار جی ۳‘‘ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے پر دلجیت دوسانجھ کے خلاف یہ تنازع کھڑا ہوا ہے۔ یہ فلم ۲۷؍ جون ۲۰۲۵ء کو بیرون ممالک میں ریلیز ہوگی۔
دلجیت دوسانجھ کو اپنی فلم ’’سردار جی ۳‘‘ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے پر تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب آل انڈیا سائن ورکرز اسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے وزیر اعظم نریندرمودی کو ایک خط لکھ کر ان سے دلجیت دوسانجھ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں نہ صرف یہ کہ دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے بلکہ ان کے سوشل میڈیا کو معطل کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
مودی کو لکھے گئے خط میں یہ مطالبات کئے گئے ہیں:
دلجیت دوسانجھ کےتمام سوشل میڈیا کو معطل کیا جائے
یوٹیوب، اسپوٹی فائی، جیو ساون اور او ٹی ٹی سے دلجیت دوسانجھ کے تمام نغمے ہٹا دیئے جائیں
کسی بھی سرکاری پروگرام، تقریب یا مہم میں دلجیت دوسانجھ کو مدعو نہ کیا جائے
دلجیت دوسانجھ کی فلم ’’سردار جی ۳‘‘ کی فنڈنگ پر مکمل تفتیش کی جائے اور ملک بھر میں فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کی جائے
اے آئی سی ڈبلیو اے نے سینٹرل بورڈ آف فلم کلیریفکیشن (سی بی ایف سی) کے چیئرمین سے درخواست کی ہے کہ وہ دلجیت دوسانجھ کے خلاف سخت کارروائی کریں اور مسقبل میں ان کی تمام فلموں کو سرٹیفکیٹ دینے سے منع کر دیں۔ اسوسی ایشن نے پنجابی گلوکار پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مستقبل میں ان کے ساتھ کام کرنے والے تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مادھون اور فاطمہ ثناء شیخ کی ’’آپ جیسا کوئی‘‘ کا ٹریلر جاری، ۱۱؍ جولائی کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی
اس درمیان دلجیت دوسانجھ نے تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ سیاسی تنازع کے پھیلنے سے پہلے ہی یہ پروجیکٹ مکمل ہوچکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب یہ فلم بنی تھی تب سب ٹھیک تھا۔ ہم نے فروری میں شوٹ کیا تھا اور اس وقت سب ٹھیک تھا۔ اس کے بعد بہت ساری چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔ تو پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا کہ یہ فلم اب تو ہندوستان میں نہیں لگے گی اور اسے بیرون ممالک میں ریلیز کرتے ہیں۔ تو پروڈیوسرز کا بہت پیسہ لگا ہوا ہے اور جب یہ فلم بن رہی تھی تب ایسا کچھ تھا نہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب حالات ہمارے قابو میں نہیں ہیں۔ اسی لئے اگر پروڈیوسرز اس فلم کو بیرون ممالک میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کر رہے ہیں تو میں ان کا تعاون کروں گا۔‘‘ یاد رہے کہ امر ہنڈال کی ہدایتکاری میں بنی یہ فلم ۲۷؍ جون ۲۰۲۵ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ تاہم، یہ فلم ہندوستانی سنیما گھروں کی زینت نہیں بنے گی۔