Updated: August 20, 2025, 9:01 PM IST
| Mumbai
شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی ویب سیریز ’’بی او بی‘‘ میں بوبی دیول کے انٹری سیکوئنس کیلئے ان کی فلم ’’گپت‘‘ ۱۹۹۷ء کا نغمہ ’’دنیا حسینوں کا میلہ‘‘ استعمال کیا جائے گا۔ شاہ رخ خان نے ویب سیریز میں ’’دنیا حسینوں کا میلہ‘‘ ۱۹۹۷ء استعمال کرنے کیلئے راجیو رائے سے نغمے کے حقوق حاصل کئے۔ یاد رہے کہ ۱۷؍ اگست کو ’’بی او بی‘‘ کا فرسٹ لک پوسٹر ریلیز کیا گیا تھا۔
مرڈر مسٹری فلموں کیلئے مشہور فلمساز راجیو رائے۔ تصویر: ایکس
شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان ویب سیریز ’’بی او بی‘‘ سے اپنے کریئر کی شروعات کریں گے جس کے پرومو میں ۱۹۹۰ء کی دہائی کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ شاہ رخ خان نے ویب سیریز میں بوبی دیول کا ایک انٹری سیکوئنس بھی مختص کیا ہے جس کیلئے ان کی فلم ’’گپت‘‘ (۱۹۹۷ء) کا نغمہ ’’دنیا حسینوں کا میلہ‘‘ استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ کا مداح ان سے ملاقات کیلئے زومیٹوکا ڈیلیوری بوائے بنا، پرداخلہ نہیں ملا
نیٹ فلکس کی اس سیریز میں بوبی دیول کے علاوہ سحر بمبا، لکشیا اور مونا سنگھ بھی نظر آئیں گے۔ شاہ رخ خان نے محسوس کیا کہ یہ ڈانس نمبر، جسے ’’گپت‘‘ میں بوبی دیول کے انٹری سیکوئنس کیلئے استعمال کیا گیا تھا، ویب سیریز میں ان کے تعارف کیلئے یادوں کی جھلک اور اثر انگیزی کا بہترین امتراج ثابت ہوگا۔ اسی لئے انہوں نے مرڈر مسٹری فلموں کیلئے مشہور فلمساز راجیو رائے کو فون کر کے ان سے نغمے کے حقوق دینے کی درخواست کی۔ راجیو رائے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پہلے شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی نے ان سے رابطہ کیا تھا۔ بعد ازیں انہوں نے شاہ رخ خان سے بھی متعدد مرتبہ بات کی جنہوں نے ان سے نغمے ’’دنیا حسینوں کا میلہ‘‘ کے حقوق دینے کی درخواست کی۔ راجیو رائے نے کہا کہ ’’شاہ رخ خان نہایت شائستہ اور بااخلاق شخصیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اپنے بیٹے کیلئے یہ مانگا تھا تو میں کس طرح منع کرسکتا تھا؟ میں نے بطور تحفہ شاہ رخ خان کو نغمے کے حقوق دے دیئے۔ اس میں پیسوں کا کوئی لین دین نہیں ہوا۔‘‘