Updated: August 19, 2026, 10:03 PM IST
| Bogota
کولمبیا کی پاپ اسٹار شکیرا نے زلزلے سے متاثرہ اپنے آبائی ملک کے صوبے چوکُو کا دورہ کرتے ہوئے تباہ شدہ اسکولوں اور ایک یونیورسٹی کی تعمیر نو میں مدد کا اعلان کیا ہے، شکیرا نے بچوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکول سے دور رہنے والا ہر دن ان کے مستقبل کا ایک دن ضائع کرتا ہے، ان کی فاؤنڈیشن اور دیگر ادارے مل کر ۱۰؍ اسکولوں کی تعمیر نو میں معاونت کریں گے۔
شکیرا۔ تصویر: آئی این این
ایسوسی ایٹڈ پریس کی اطلاع کے مطابق کولمبیا کی پاپ آئیکن شکیرا نے پیر کو اپنے آبائی ملک کے زلزلے سے متاثرہ علاقے کا اچانک دورہ کیا اور اسکولوں اور ایک یونیورسٹی کی دوبارہ تعمیر میں مدد کرنے کا وعدہ کیا۔ گلوکارہ نے کولمبیا کے صوبے چوکُو کے دارالحکومت کیبڈو میں زلزلے سے متاثرہ اسکولوں کا دورہ کیا، جہاں تقریباً ۴۰؍ اسکول منہدم ہوگئے جبکہ سیکڑوں دیگر تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شکیرا نے ایک بیان میں کہا، ’’مجھے سب سے زیادہ تشویش اس بات کی ہے کہ ہنگامی صورتحال ختم ہونے کے بعد اسکول دوبارہ تعمیر نہیں کئے گئے۔ ہر وہ دن جب بچے اسکول نہیں جاتے، ان کے مستقبل کا ایک دن ضائع ہوجاتا ہے۔‘‘ ہاورڈ بفیٹ، جو اس سے قبل کولمبیا میں اسکولوں کی تعمیر کے منصوبوں میں شکیرا کے ساتھ کام کرچکے ہیں، بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔ ان کی فاؤنڈیشن، فاؤنڈیشن پیئس ڈیسکلزوس کے ساتھ مل کر ۱۰؍ اسکولوں کی دوبارہ تعمیر کرے گی۔ بفیٹ نے کہا، ’’جب وہ مجھے بلاتی ہیں تو میں آجاتا ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’حیوان‘‘ ملیالم فلم ’’اوپم‘‘ کا ریمیک نہیں ہے: پریہ درشن کی وضاحت
شکیرا نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ چوکُو میں شدید نقصان سے دوچار ایک ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کی دوبارہ تعمیر کیلئے اپنی ’’ذاتی کوششوں‘‘ پر توجہ دیں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ اور لائیو نیشن کی جانب سے ۵؍ لاکھ ڈالر جبکہ لاطینی امریکہ اور کیریبین کے ڈیولپمنٹ بینک CAF کی جانب سے ۲؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار ڈالر فراہم کیے جائیں گے، تاکہ اسکولوں کی تعمیر نو اور بچوں کو دوبارہ کلاس رومز میں لانے میں مدد مل سکے۔
کولمبیا کے غریب ترین علاقوں میں شمار ہونے والا چوکُو زلزلے کا مرکز تھا۔ علاقائی حکومت کی پیر کو جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق کم از کم ۳؍ ہزار ۱۰۰؍ گھر تباہ ہوئے ہیں۔ حکومت کے مطابق ۱۹۴؍ افراد لاپتہ ہیں، تاہم شہری سطح پر چلائے جانے والے ڈیٹا بیسز میں لاپتہ افراد کی تعداد ۴؍ ہزار ۱۰۰؍ سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ ہزاروں اسکول اور دیگر تعلیمی مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: رنویر الہابادیا کا دعویٰ، فلم انڈسٹری سے زیادہ پیسہ کانٹینٹ کریئیشن میں ہے
موسیقی کے علاوہ شکیرا اپنی ’’بیرفُٹ فاؤنڈیشن‘‘ کے ذریعے بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی بھرپور کام کرتی ہیں۔ یہ کولمبیا کی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جسے انہوں نے ۱۹۹۷ء میں غریب اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے قائم کیا تھا۔ یہ تنظیم خصوصی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے بچوں کیلئے اسکول پر مبنی پروگرامز، غذائیت اور نفسیاتی معاونت فراہم کرتی ہے۔ شکیرا کی فاؤنڈیشن گزشتہ ۲۲؍ برس سے چوکُو میں کام کر رہی ہے، جہاں وہ دو اسکول چلاتی ہے اور ان میں سیکڑوں طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ شکیرا نے مزید کہا، ’’میں واقعی اسے دوبارہ تعمیر ہوتے دیکھنا چاہتی ہوں۔‘‘ جون میں وینزویلا میں آنے والے دو زلزلوں کے بعد بھی شکیرا نے ملک میں تعلیمی بحالی کی کوششوں کیلئے فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ کی جانب سے ۵؍ لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔