شنکر مہادیون آر کے نارائن کے افسانوی قصبے مالگوڈی کے طرز پر ممبئی میں اپنا ریستوراں قائم کریں گے۔ وہ چمبور، لورر پریل اور بوریولی میں اپنے ریستوراں کی تین شاخوں کا افتتاح کریں گے۔
EPAPER
Updated: August 19, 2025, 9:01 PM IST | Mumbai
شنکر مہادیون آر کے نارائن کے افسانوی قصبے مالگوڈی کے طرز پر ممبئی میں اپنا ریستوراں قائم کریں گے۔ وہ چمبور، لورر پریل اور بوریولی میں اپنے ریستوراں کی تین شاخوں کا افتتاح کریں گے۔
اپنی خوش الحان آواز کیلئے مشہور شنکر مہادیون اب مداحوں کو اپنے لذیذ پکوانوں سے متاثر کرنے کیلئے تیار ہیں۔ گلوکار اور موسیقار نے ممبئی میں آر کے نارائن کے افسانوی قصبے مالگوڈی کی طرز پر ریستوراں قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی مختلف شاخیں چمبور، بوریولی اور لورر پریل میں موجود ہیں۔ فرح خان نے اپنے یوٹیوب چینل کیلئے واشی، نوی ممبئی میں شنکر مہادیون کے گھر کا دورہ کیا تھا اور ان کی اہلیہ سنگیتا شنکر مہادیون اور ان کے دونوں بیٹوں شیوم اور سدھارتھ سے بھی ملاقات کی تھی۔ شنکر مہادیون نےاپنے مہمانوں کیلئے تھیچا اور پوٹلی پروان بناکر اپنے مہمانوں کو اپنے کھانا پکانے کی مہارت سے آگاہ کی۔
یہ بھی پڑھئے: پرائم ویڈیو کی ’’راکھ‘‘ میں علی فضل پولیس کا کردار ادا کریں گے
شنکر مہادیون نے بتایا تھا کہ وہ اگست میں ممبئی میں اپنا ریستوراں کھولنے والے ہیں۔ اپنے ریستوراں چین کے مینو، مالگوڈی، کے تمام پکوان وہ خود ہی بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ چمبور، بوریولی اور لورر پریل میں اپنے ریستوراں کی تین شاخوں کا افتتاح کریں گے۔ شنکر مہادیون نے کہا کہ ’’ہم ریستوراں کے مینو میں مل بگل ڈوسا بھی پیش کریں گے جو ۱۰۰؍ سال پرانا پکوان ہے۔‘‘ فرح خان نے تجسس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ شنکر مہادیون کے جنوبی ہند کے ریستوراں کے کھلنے کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہیں۔‘‘ شنکر مہادیون نے فرح خان کے باورچی دلیپ کیلئے ایک نغمہ بھی ترتیب دیا تھا جسے انہوں نے ’’پگار بڑھاؤ‘‘ نام دیا تھا۔ شنکر مہادیون نے مزید کہا تھا کہ انہوں نے اپنے گھر میں ایک ریکارڈنگ اسٹوڈیو بھی قائم کیا ہے اور اپنی چھ منزلہ عمارت کو ایک تخلیقی ہب میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کام پر جانے کیلئے روزانہ سفر سے گریز کرنے کیلئے یہ اسٹوڈیو قائم کیا ہے۔ انہوں نے اسٹوڈیو کی دیوار کو اپنے اعزازات سے سجایا ہے جن میں پدم شری اور گریمی ایوارڈ شامل ہیں۔