Updated: June 23, 2025, 5:04 PM IST
| Mumbai
’’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ اور ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کے بعد عامر خان کی فلم ’’ستارے زمیں پر‘‘نے باکس آفس پر بہترین کاروبار کیا ہے۔ اس فلم کی ہدایتکاری آر ایس پرسنا انجام دیں گے جبکہ یہ ۲۰۱۸ء کی اسپانوی فلم ’’کیمپیونس‘‘کا ری میک ہے۔ ’’ستارے زمیں پر‘‘، عامر خان کی ۲۰۰۷ء کی فلم ’’تارے زمیں پر‘‘ کا سیکوئل ہے۔
عامر خان کی اسپورٹس ڈراما فلم ’’ستارے زمیں پر‘‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن ۱۰ء ۷۰؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ زبانی تشہیر کے بعد اس فلم کے کاروبار میں ۸۵ء ۹۸؍ فیصد ترقی دیکھی گئی ہے۔ اس فلم نے اپنی ریلیز کے دوسرے دن ۱۹ء ۹۰؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیاہے۔تاہم، اتوار کو ’’ستارے زمیں پر‘‘ نے ۲۹؍ تا ۳۰؍کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے جس کے بعد اس کی مجموعی کمائی ۵۹؍ تا۶۰؍کروڑ روپے ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اداکار وجئے دیورکونڈا کے خلاف ایس سی اور ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
جمعہ سے اتوار کے درمیان فلم کے کاروبار میں ۲۰۰؍ فیصدکا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جس کے بعد باکس آفس پر’’ستارے زمیں پر‘‘ کا بزنس ’’لال سنگھ چڈھا‘‘سے زیادہ ہے جس نے ۲۰۲۲ء میں ۵۸ء ۷۳؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔ عالمی باکس آفس پر’’ستارے زمیں پر‘‘ ۱۰۰؍ کروڑ کلب میں داخل ہونے کے قریب ہے۔ مداحوں نے اس فلم کو پسند کیا ہے اوراس کے باکس آفس پر مزید بہتر کاروبار کرنے کے امکانات ہیں۔ یاد رہے کہ ’’ستارے زمیں پر‘‘ ، ’’دنگل‘‘کے بعد باکس آفس پر عامر خان کی دوسری بڑی فلم ثابت ہورہی ہے جو ۲۰۱۶ء میں ریلیز ہوئی تھی۔