• Sun, 25 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ: اسکاٹ لینڈ دوسری بار خوش قسمت ثابت

Updated: January 25, 2026, 5:08 PM IST | Dubai

ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءمیں اسکاٹ لینڈ کی باضابطہ انٹری ہو چکی ہے۔ ورلڈ کپ سے بنگلہ دیش کے باہر ہونے کے فیصلے کے بعد آئی سی سی نے رینکنگ کی بنیاد پر اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا ہے۔

Scotland. Team.Photo:INN
اسکاٹ لینڈ ٹیم۔ تصویر:آئی این این

ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءمیں اسکاٹ لینڈ کی باضابطہ انٹری ہو چکی ہے۔ ورلڈ کپ سے بنگلہ دیش کے باہر ہونے کے فیصلے کے بعد آئی سی سی نے رینکنگ کی بنیاد پر اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی جگہ گروپ سی میں شامل ہوا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی دوسری ٹیم کے نہ کھیلنے کی صورت میں اسکاٹ لینڈ کو ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں شامل کیا گیا ہو۔ اس سے قبل بھی ایسی صورتحال کا فائدہ اسکاٹ لینڈ ایک بار اٹھا چکا ہے۔
۲۰۰۹ء میں ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کا دوسرا ایڈیشن انگلینڈ میں منعقد ہوا تھا، جس میں ۱۲؍ ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ افریقہ خطے سے جنوبی افریقہ کے علاوہ زمبابوے نے کوالیفائی کیا تھا، لیکن انگلینڈ کی جانب سے عائد پابندی کے باعث زمبابوے کو ورلڈ کپ سے دستبردار ہونا پڑا۔ اس وقت زمبابوے کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو موقع دیا گیا تھا۔ اسکاٹ لینڈ کو ایک کمزور ٹیم مانا جاتا ہے، لیکن ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں نمائندگی کے لحاظ سے ٹیم میں تسلسل رہا ہے۔ اسکاٹ لینڈ۲۰۰۷ء، ۲۰۰۹ء، ۲۰۱۶ء، ۲۰۲۱ء، ۲۰۲۲ء اور ۲۰۲۴ء کے ایڈیشنز میں حصہ لے چکا ہے  جبکہ۲۰۱۰ء، ۲۰۱۲ء اور ۲۰۱۴ء  کے ایڈیشنز میں ٹیم کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔
 ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۶ء اسکاٹ لینڈ کے لیے ساتواں ورلڈ کپ ہوگا۔ گزشتہ ۶؍ ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ نے کئی مرتبہ بڑی ٹیموں کو شکست دے کر سب کو حیران کیا ہے۔ اس ٹیم نے حالیہ کچھ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی  جبکہ ٹی۲۰؍ورلڈ کپ ۲۰۲۱ء میں بنگلہ دیش کو ہرایا تھا۔  ٹی۲۰؍ورلڈ کپ ۲۰۲۶ ءکے گروپ سی میں اسکاٹ لینڈ کے علاوہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور اٹلی شامل ہیں۔ ماضی میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے چکی اسکاٹ لینڈ اس بار کم از کم نیپال اور اٹلی کے خلاف بڑی فتح درج کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔

یہ بھی پڑھئے:دنیا کے سست ترین ٹریفک والے ٹاپ ۱۰؍ شہروں میں چار ہندوستانی

اسکاٹ لینڈ کے لیے سنہری موقع  
کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  کی جانب سے ورلڈ کپ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ یہ فیصلہ بنگلہ دیش کے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کے بعد کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اب اسکاٹ لینڈ گروپ سی میں بنگلہ دیش کی جگہ لے گا۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی چیف ایگزیکٹیو ٹروڈی لنڈ بلیڈ نے تصدیق کی کہ انہیں آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے خط موصول ہوا جسے فوری طور پر قبول کر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے ایک سنسنی خیز موقع ہے کہ وہ لاکھوں مداحوں کے سامنے عالمی سطح پر اپنی مہارت دکھائیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ یہ موقع غیر معمولی اور چیلنجنگ حالات کی وجہ سے ملا ہے، لیکن ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:بالی ووڈ: اب ’لڑکی ہونا‘ کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہے

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے چیئرمین ولف والش نے بتایا کہ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے انہیں خود فون کر کے اسکاٹ لینڈ کی شمولیت کی تصدیق کی۔ انہوں نے اس موقع پر آئی سی سی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم عالمی میلے میں رنگ بھرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK