Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسجد میں پہلی بار احساس ہوا کہ یہاں سب برابر ہیں: تمل اداکار جئے کا انکشاف

Updated: May 23, 2026, 6:02 PM IST | Chennai

جئے نے ایک حالیہ انٹرویو میں اسلام قبول کرنے کے اپنے فیصلے پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہیں مساجد میں وہ احترام اور برابری محسوس ہوئی جو انہیں کہیں اور نہیں ملی۔ اداکار نے کہا کہ انہوں نے ۲۰۱۱ء میں اسلام کی پیروی شروع کی تھی اور یہ فیصلہ ان کے کریئر کے زوال یا ذاتی بحران سے جڑا نہیں تھا۔ جئے کے مطابق، مختلف مذاہب پر عمل کرنے کے بعد وہ روحانی سکون کی تلاش میں تھے، لیکن بعض مندروں میں پیش آنے والے تجربات نے انہیں مایوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں پہلی بار انہوں نے محسوس کیا کہ ’’یہاں سب برابر ہیں۔‘‘

Photo : X
تصویر: ایکس

جئے، جنہیں کبھی تمل سنیما کی اگلی بڑی امید سمجھا جاتا تھا، نے حالیہ دنوں میں اپنے کریئر کے بجائے ذاتی اور روحانی زندگی سے متعلق انکشافات کی وجہ سے دوبارہ توجہ حاصل کی ہے۔ اداکار نے ایک نئے انٹرویو میں اسلام قبول کرنے کے اپنے فیصلے پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مساجد میں ایسی برابری، سکون اور احترام ملا جس نے ان کی زندگی کا نظریہ بدل دیا۔ جئے نے ۲۰۰۲ء میں ’’بھگوتی‘‘ کے ذریعے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا، جس میں انہوں نے تمل ناڈو کے موجودہ وزیر اعلیٰ وجے کے چھوٹے بھائی کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ’’چنئی ۶۰۰۰۲۸‘‘، ’’سبرامنیاپورم‘‘، ’’گوا‘‘ اور اناگیم اپوتم‘‘ جیسی فلموں میں نمایاں اداکاری کرتے نظر آئے۔

یہ بھی پڑھئے : ورون دھون کی ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ کا ٹریلر جاری

اگرچہ ان کے ابتدائی کریئر کو کافی امید افزا سمجھا گیا، لیکن بعد کے برسوں میں ان کی فلموں کی ناکامی اور غیر مستقل انتخاب کے باعث ان کا گراف نیچے چلا گیا۔ اسی دوران ان کے مذہب تبدیل کرنے سے متعلق افواہیں بھی سامنے آئیں، جنہیں ابتدا میں انہوں نے مسترد کیا، مگر ۲۰۱۹ء میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ کئی برسوں سے اسلام پر عمل کر رہے ہیں۔ اب ایک تازہ انٹرویو میں جئے نے بتایا کہ انہوں نے ۲۰۱۱ء میں اسلام کی پیروی شروع کی تھی اور یہ فیصلہ محض روحانی سکون اور ذاتی تجربات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Galatta Plus (@galattaplusoffl)


انہوں نے کہا، ’’میں نے سبری مالا کے لیے مالا پہنی، پھر جیسس مالا بھی پہنی اور مختلف مذاہب کی عبادات کو اپنانے کی کوشش کی۔ میں سمجھتا تھا کہ سب راستے اچھے ہیں۔ لیکن وقت کے ساتھ بعض مندروں میں کچھ ایسے تجربات ہوئے جنہوں نے مجھے اندر سے مایوس کر دیا۔‘‘ اداکار نے وضاحت کی کہ وہ ایک مرتبہ مسجد گئے جہاں انہیں پہلی بار حقیقی برابری کا احساس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے دیکھا کہ سب لوگ ایک قطار میں نماز پڑھ رہے ہیں۔ سب جانتے تھے کہ میں ایک اداکار ہوں، لیکن مسجد کے اندر کسی نے مجھ سے بات نہیں کی۔ باہر آنے کے بعد بھی سب نے نہایت شائستگی سے گفتگو کی۔ کسی نے تصویر لینے کی کوشش نہیں کی۔ تب میں نے محسوس کیا کہ یہاں سب برابر ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے : جھانوی کپور نے پیٹ کمنزکی گیند پر ایسا زبردست شاٹ مارا کہ ایک فون ٹوٹ گیا

جئے کے مطابق، مسجد کے ماحول نے انہیں روحانی سکون دیا اور انہیں پہلی بار محسوس ہوا کہ شہرت، طاقت یا دولت وہاں کوئی معنی نہیں رکھتی۔انہوں نے کہا کہ ’’وہاں صرف خدا سب سے بڑا ہے۔ کوئی آپ کو دھکا نہیں دیتا، کوئی جلدی نہیں کرواتا۔ آپ جتنا چاہیں عبادت کر سکتے ہیں۔ یہ میرے لیے بالکل نیا تجربہ تھا۔‘‘ جئے نے مزید کہا کہ اسلام کی پیروی شروع کرنے کے بعد ان کی شخصیت اور سوچ میں نمایاں تبدیلی آئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مذہب تبدیل کرنا ان کے کریئر کے اتار چڑھاؤ سے جڑا ہوا نہیں تھا، بلکہ یہ ایک ذاتی روحانی سفر تھا۔
اداکار نے ۲۰۱۹ء میں ایک انٹرویو میں یہ بھی بتایا تھا کہ ان کے اہل خانہ نے ان کے فیصلے کو مثبت انداز میں قبول کیا۔ ان کے مطابق، گھر والوں نے کہا کہ ’’جو شخص پہلے کسی خدا کی عبادت نہیں کرتا تھا، وہ اب کم از کم کسی خدا کی عبادت تو کر رہا ہے۔‘‘ جئے نے اس وقت یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ اگرچہ انہوں نے اسلام قبول کر لیا ہے، لیکن وہ ابھی تک اپنا نام تبدیل کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کر سکے۔ کام کے محاذ پر جئے حال ہی میں ’’سوتنتیرا ونیل‘‘ میں نظر آئے، جس کی ہدایت کاری بابو وجے نے کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK