Updated: July 04, 2026, 3:02 PM IST
| New York
امریکی پاپ سپر اسٹار ٹیلر سوئفٹ اور این ایف ایل کے معروف کھلاڑی ٹریوس کیلسی کی شاندار شادی جہاں دنیا بھر میں جشن کا باعث بنی، وہیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے طنزیہ ردِعمل نے اس خوشی کے موقع کو سیاسی رنگ بھی دے دیا۔ میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد ہونے والی اس نجی مگر پُروقار تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر شادی کے چرچے اور ٹرمپ کی پوسٹ دونوں یکساں طور پر موضوعِ بحث بن گئے۔
ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی خوشگوار موڈ میں ۔ تصویر: ایکس
عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹ بال (این ایف ایل) کے اسٹار کھلاڑی ٹریوس کیلسی نے نیویارک کے مشہور اور تاریخی ہال ’میڈیسن اسکوائر گارڈن‘ میں باقاعدہ شادی کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ہائی پروفائل تقریب کو کافی حد تک نجی رکھنے کی کوشش کی گئی تھی جس میں دونوں ستاروں کے اہلخانہ، قریبی رشتہ داروں اور شوبز و کھیل کی دنیا سے تعلق رکھنے والے چند دوستوں نے شرکت کی۔ شادی کی اس پروقار تقریب میں میزبانی اور شادی کی رسومات کے فرائض ہالی ووڈ کے معروف کامیڈین اور اداکار ایڈم سینڈلر نے انجام دیئے، جو دولہا اور دلہن کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں۔

تصویر: ایکس
شادی کی رسومات مکمل ہوتے ہی میڈیسن اسکوائر گارڈن کے باہر نصب بڑی ڈجیٹل اسکرینوں پر دونوں کے ناموں کی مناسبت سے ’’JUST T&T MARRIED‘‘ کا بورڈ آویزاں کر دیا گیا، جس پر وہاں موجود مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس یادگار موقع پر نیویارک کی مشہور ترین عمارت ’ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ‘ کو بھی نیلے رنگ کی روشنیوں سے منور کر کے جوڑے کو منفرد انداز میں مبارکباد پیش کی گئی۔ ٹیلر سوئفٹ نے گذشتہ برس انسٹاگرام پر متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پارٹنر ٹریوس کیلس سے منگنی کا اعلان کیا تھا، اس پوسٹ کے ساتھ شیئر کئے گئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’آپ کے انگریزی ٹیچر اور جِم ٹیچر کی شادی ہو رہی ہے۔‘
ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی پر ٹرمپ کا طنزیہ ردِعمل
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے جب انہوں نے مبینہ طور پر ٹیلر سوئفٹ ٹریوس کیلسی کی شادی کے موقع پر طنزیہ انداز اختیار کیا۔ ۳؍ جولائی کو ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے نیویارک کے میڈیس اسکوئر گارڈن میں ایک شاندار اور ستاروں سے سجی تقریب میں شادی کی۔ اس خوشی کی خبر دنیا تک پہنچانے کیلئے شہر میں بڑے بڑے بل بورڈز روشن کئے گئے، جن پر عبارت درج تھی: "JUST T&T MARRIED" (یعنی ’’ٹی اینڈ ٹی کی ابھی ابھی شادی ہوئی ہے‘‘) جہاں دنیا بھر کے مداح اس خبر پر خوشی کا اظہار کر رہے تھے، وہیں ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی اپنے مخصوص انداز میں توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ٹیلر سوئفٹ اور ٹرمپ کے درمیان ماضی سے اختلافات رہے ہیں، کیونکہ دونوں ایک دوسرے پر کھل کر تنقید کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: کنگنا رناوت جنتا کی آوازکی حیثیت سے ’’ لاک اپ ۲‘‘میں واپسی کریں گی
ٹرمپ نے کیسے ردِعمل دیا؟
جوڑے کی شادی کے اعلان کے فوراً بعد وہائٹ ہاؤس کے آفیشیل ایکس اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی گئی، جس میں اسی مقام کے قریب نصب جامنی اور گلابی رنگ کے بل بورڈ پر یہ الفاظ نمایاں تھے:
’’Trump is your president‘‘(ٹرمپ آپ کے صدر ہیں ) اگرچہ اس تصویر میں ٹیلر سوئفٹ یا ٹریوس کیلسی کا براہِ راست ذکر نہیں تھا، لیکن میڈیسن اسکوائر گارڈن کی موجودگی سے اشارہ واضح سمجھا گیا کہ یہ پوسٹ اسی شادی کے اعلان کے تناظر میں کی گئی ہے۔ یہ پوسٹ اس وقت سامنے آئی جب ٹرمپ جنوبی ڈکوٹا میں واقع ماؤنٹ رشمور کے سفر پر جا رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر ردِعمل
سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس پوسٹ پر مختلف انداز میں ردِعمل دیا۔ بعض افراد نے تصویر میں ترمیم کرکے ٹرمپ کو جیفری اپسٹین کے ساتھ مبینہ تعلقات کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ ایک اور صارف نے بل بورڈ پر اشتعال انگیز اور توہین آمیز عبارت لکھ کر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھئے: وجے کی فلم ’’’جنا نائیگن‘‘‘ کو سی بی ایف سی کا ’’اے‘‘ سرٹیفکیٹ
ٹرمپ اور ٹیلر سوئفٹ کے تعلقات
ڈونالڈ ٹرمپ ماضی میں کئی مرتبہ ٹیلر سوئفٹ پر تنقید کر چکے ہیں۔ ۲۰۲۴ءمیں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہاں تک لکھا تھا:’’I HATE TAYLOR SWIFT!‘‘(مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے!)تاہم، ۲۰۲۵ء میں جب ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی منگنی کا اعلان ہوا تو ٹرمپ نے نسبتاً نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے ایک صحافی کے سوال پر کہا:’’میں ان دونوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ:’’میرے خیال میں ٹریوس کیلسی ایک بہترین کھلاڑی اور اچھے انسان ہیں، جبکہ ٹیلر سوئفٹ بھی ایک شاندار شخصیت ہیں، اس لئےمیں ان دونوں کیلئے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔ ‘‘