ٹام آلٹر ایک مشہور ہندستانی اداکار، تھیٹر آرٹسٹ، مصنف اور ٹی وی پریزنٹر تھے، جو اپنی منفرد شخصیت اور شاندار اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں۔
ٹام آلٹر۔ تصویر:آئی این این
ٹام آلٹر ایک مشہور ہندستانی اداکار، تھیٹر آرٹسٹ، مصنف اور ٹی وی پریزنٹر تھے، جو اپنی منفرد شخصیت اور شاندار اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں۔ٹام آلٹر کو بھلے ہی کوئی ان کے نام سے نہ جانتا ہو لیکن بالی ووڈ مداحوں کے ذہن میں ٹام آلٹر کی پہنچان ایسے اداکار کے طور پرہے جوبالی ووڈ فلموں میں زیادہ تر انگریز کا کردار ادا کرتا تھا۔
ان کی پیدائش ۲۲؍جون ۱۹۵۰ءکواتراکھنڈ کے مسوری میں ہوئی۔ٹام ۱۸؍ برس کی عمر میںتعلیم کی غرض سےامریکی یونیورسٹی چلے گئےلیکن ان کا دل نہیں لگا اور وہ پڑھائی درمیان میںہی چھوڑ کر وہاں سے لوٹ آئے۔ اس کے بعد انہوں نے کئی نوکریاں کیں۔ انہوں نےہریانہ کےسینٹ تھامس اسکول میں ٹیچر کی بھی ۶؍مہینےتک نوکری کی۔سپراسٹار راجیش کھنہ کی ۱۹۶۹ءمیںفلم ارادھنا نے ٹام آلٹر کو اتنامتاثرکیا کہ اب بس وہ راجیش کھنہ بنناچاہتےتھے۔اسی ہفتے انہوںنےاس فلم کو ۳؍مرتبہ دیکھا۔۲؍سال تک انکے ذہن میں راجیش کھنہ اور شرمیلا ٹیگو چلتی رہیں۔انہوں نے ۲۰۰۹ء میںایک انٹرویوکے دوران کہا تھا کہ ’’میں راجیش کھنہ کا بہت بڑا فین رہا اور ۱۹۷۰ءکی دہائی میں ان کے جیسا ہیروبنناچاہتاتھا، وہ میرے ہیرو تھے۔ان کا رومانی انداز دل کو چھولیتا تھا۔ہیرو بننے کا خواب لے کر ٹام آلٹر نےپونےمیںفلم اینڈٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں داخلہ لےلیا۔ ٹام نے ۱۹۷۴ءمیں ایف ٹی آئی آئی سےگریجویشن کے دوران گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اسی دوران انہوں نے نصیر الدین شاہ اور بنجامن گیلانی کے ساتھ ایک کمپنی موٹلے قائم کی اور ڈرامے کی دنیا میں قدم رکھا۔ ڈرامےمیںانہوں نے مرزا غالب پر اسی نام کےپلے اور مولانا عبدالکلام آزاد پر مبنی پلے میں شاندار کردارا دا کئے جس کے لئے انہیں ہمیشہ یا د رکھا جائے گا۔
ٹام الٹر کومشہور ٹی وی شو جنون میں ان کے کردار کیشوکلسی کے لئے جانا جاتا ہے۔ ۱۹۹۰ءمیںیہ شو مسلسل ۵؍سال تک چلا۔ اس طرح ڈرامہ ،فلم اور ٹی وی شومیں وہ چھائےرہے۔ اردوکے ڈائیلاگ متاثر کن لب ولہجہ کے ساتھ اداکرتے تھے اور ان کا تلفظ بھی بہترین تھا ،ادب وشاعری سے بھی دلچسپی رکھتے تھے۔ ٹام آلٹرنےبالی ووڈ میں اپنےکریئرکی شروعات ۱۹۷۶ءمیں فلم چرس سے کی۔ ۱۹۷۷ء میںانہوں نے کیرول ایوانس سے شادی کی۔ ان کا ایک بیٹا جیمی اور ایک بیٹی افشاںہے۔فلم چرس کے بعدانہوں نے شطرنج کے کھلاڑی، دیش پریمی،کرانتی، گاندھی، رام تیری گنگا میلی، کرما،سلیم لنگڑے پہ مت رو،پرندہ،عاشقی، جنون، ویر زارا، منگل پانڈے سمیت ۳۰۰؍ سے زائد فلمو ں میں اپنی کارکردگی کے ہنر دکھائے۔
ٹام الٹر ایک مصنف بھی تھے اور انہوں نے لانگیسٹ ریس، ری رن ایٹ ریالٹو اور بیسٹ ان دی ورلڈ نامی کتابیں لکھی ہیں۔ انہیں کرکٹ میں خاصی دلچسپی تھی اور اس لئے اسپورٹس صحافی کے طورپر بھی خدمت انجام دی اور کئی رسالوںمیں تبصرے لکھتے رہے۔فلمی صنعت کی ٹیم کے لیے بھی کرکٹ کھیلتے رہے۔ستمبر ۲۰۱۷ءکے آغاز میں انہیں جلدکےکینسرکا پتہ چلا اور ۲۹؍ستمبرکی شب میں انہوں نے موت کو گلے لگا لیا ۔