امریکی میڈیا اداروں کے مطابق ہالی ووڈ سپر اسٹار نے ٹرمپ کی جانب سے ’’کینیڈی سینٹر آنریس‘‘ کا لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ ٹھکرا دیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 15, 2025, 5:36 PM IST | Los Angeles
امریکی میڈیا اداروں کے مطابق ہالی ووڈ سپر اسٹار نے ٹرمپ کی جانب سے ’’کینیڈی سینٹر آنریس‘‘ کا لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ ٹھکرا دیا ہے۔
ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز نے مبینہ طور پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت ’’کینیڈی سینٹر آنریس‘‘ کے پہلے وصول کنندگان میں سے ایک ہونے کی پیشکش ٹھکرا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ۶۳؍ سالہ ٹام نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا، جس کے بارے میں واشنگٹن پوسٹ نے بتایا ہے کہ اسے امریکی صدر نے ذاتی طور پر تیار کیا تھا۔ کینیڈی سینٹر کے موجودہ اور سابق ملازمین کے ایک گروپ نے بدھ، ۱۳؍ اگست کو بتایا کہ ٹرمپ کی جانب سے ۴۸؍ ویں کینیڈی سینٹر ایوارڈز کے سالانہ اعزازات کی نقاب کشائی کے فوراً بعد ایک فہرست پیش کی گئی جس میں ان فنکاروں کے نام تھے، جو اس جشن میں شریک ہونے والے تھے اور جنہیں اعزاز سے نوازا جانے والا تھا۔ فہرست کے مطابق ٹام کروز کو لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ تفویض کیا جانے والا تھا۔ تاہم، خبریں ہیں کہ ٹام کروز نے یہ پیشکش ٹھکرادی جس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ وہ سیاست سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ اور اپنے فن میں سیاست کی آمیزش نہیں چاہتے۔
یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا: عامر خان کے ہاتھوں انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن کا افتتاح
واضح رہے کہ کینیڈی سینٹر کو سنبھالنے کے بعد ٹرمپ کوشش کررہے ہیں کہ اس تقریب کو آسکر سے زیادہ پُرکشش بنایا جائے۔ وہ چاہتے ہیں کہ کینیڈی سینٹر کی جانب سے ملنے والا ایوارڈ ہالی ووڈ کیلئے سب سے بڑا اعزاز ہو جس کیلئے امریکی انتظامیہ انتھک محنت کررہی ہے۔ ٹرمپ آسکر سے نالاں ہیں اور اس پر کئی مرتبہ تنقید کرچکے ہیں۔ وہ کینیڈی کو ایک باوقار ایوارڈ بنانے کیلئے ہالی ووڈ کی نامور شخصیات کو اکٹھا کررہے ہیں۔ یہ تقریب ۷؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو منعقد ہوگی۔ واضح رہے کہ امریکی فلم انڈسٹری میں ٹام کی خدمات کیلئے انہیں نومبر ۲۰۲۵ء میں اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز کے سابقہ اعلان کے مطابق اعزازی آسکر دیا جائے گا۔