• Sun, 23 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹریوس اسکاٹ ممبئی کنسرٹ: ۲۸؍ لاکھ سے زائد کے زیورات اور موبائل فون چوری

Updated: November 23, 2025, 7:08 PM IST | Mumbai

مہالکشمی ریس کورس (ممبئی) میں امریکی ریپر ٹریوس اسکاٹ کے ’سرکس میکسمس‘ کنسرٹ کے دوران بڑے پیمانے پر چوری کی وارداتیں ہوئیں۔ ۳۶؍ شائقین نے اپنی سونے کی چین، ہیرے کے لاکٹ اور موبائل فون چوری ہونے کی شکایات درج کرائیں، جن کی مجموعی مالیت ۲۸؍ لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ تاڑدیو پولیس نے اس ضمن میں ۷؍ ایف آئی آر درج کی ہیں جن میں ۲۴؍ موبائل فونز اور ۱۲؍ قیمتی زیورات کی چوری شامل ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مہالکشمی ریس کورس میں امریکی ریپر ٹریوس اسکاٹ کے ’سرکس میکسمس‘ کنسرٹ کے دوران ہنگامہ خیز صورتحال پیدا ہوگئی، جب یہ ایونٹ بڑے پیمانے پر چوری کا ہاٹ اسپاٹ ثابت ہوا۔ ۳۶؍ شائقین نے شکایات درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے موبائل فونز، سونے کے زیورات اور ہیرے کے لاکٹ چوری ہو گئے، جن کی مجموعی مالیت ۲۸؍ لاکھ روپے سے زائد ہے۔ تاڑدیو پولیس نے مجموعی طور پر سات ایف آئی آر درج کی ہیں جن میں ۲۴؍ موبائل فونز اور سونے کی ۱۲؍ چین اور ہیرے کے لاکٹوں کی چوری شامل ہے۔ یہ ممبئی کے کسی کنسرٹ میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے بڑی چوریوں میں سے ایک ہے۔ پولیس افسران کے مطابق یہ وارداتیں پنڈال کے اندر شدید بھیڑ بھاڑ کے دوران ہوئیں، جب لوگ پنڈال سے باہر نکل رہے تھے تو اُنہیں احساس ہوا کہ ان کے قیمتی سامان غائب ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے شبہ ہے کہ ایک منظم جیب تراش گروہ نے اونچی موسیقی، کم روشنی اور ہجوم کی افرا تفری کا فائدہ اٹھا کر اس کارروائی کو انجام دیا۔ سینئر انسپکٹر سوالارام سالگاؤنکر کے مطابق تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور جلد ملزمان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کرن جوہر کا کارتک آرین کی ’’ناگ زیلا‘‘ کو فرنچائز میں بدلنے کا فیصلہ

زیادہ تر شکایات نوجوان حاضرین کی طرف سے موصول ہوئیں۔ کالبا دیوی کے ۱۸؍ سالہ پریانش دیویچا کی ۱۵؍ گرام سونے کی چین (۲ء۱؍ لاکھ روپے مالیت) چوری ہوئی۔ ملاڈ کے ۱۸؍ سالہ ناتھن کولی کی بھی ایسی ہی چین چھین لی گئی۔ بنگلورو کے ۲۳؍ سالہ پرناو شانموگن کی ۱۳؍ گرام کی چین بھری بھیڑ میں غائب ہوگئی۔ سینڈہرسٹ روڈ کے ۱۸؍ سالہ ہیت پوروال اور جوگیشوری کے ۱۹؍ سالہ سدرشن بھٹ نے بھی اپنی قیمتی چینوں کی چوری کی اطلاع دی۔ سورت کے ۲۱؍ سالہ یوراج گجر کی تقریباً ۳؍ لاکھ روپے مالیت کی چین بھی غائب کر دی گئی۔ اسی طرح کاندیولی، گوریگاؤں، پنویل، پوائی اور کیرالہ کے نوجوانوں نے بھی ۱۰؍ سے ۲۳؍ گرام تک کی چین چوری ہونے کی شکایات درج کرائیں۔
ایونٹ کے دوران موبائل فون چوری بھی وسیع پیمانے پر ہوئی۔ ۲۲؍ سالہ دیویا کوٹھاری نے بتایا کہ انہیں بھیڑ کے باعث فون چوری ہونے کا احساس بعد میں ہوا۔ پردیومنا مانے، محمد شیدان خان اور دیگر نے بھی اپنے آئی فونز پنڈال کے اندر چوری ہونے کی اطلاع دی۔ ایک ۲۵؍ سالہ ایونٹ اسٹاف ممبر کا فون اس کی پچھلی جیب سے نکال لیا گیا۔ گوریگاؤں کی ۱۸؍ سالہ لڑکی نے اپنے کندھے کے بیگ سے آئی فون غائب پایا۔ پولیس کے مطابق چوری شدہ فونز میں ۱۶؍ آئی فون شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ممبئی: گلوبل پیس آنرز ایوارڈ ۲۵ء، شاہ رخ خان کا متاثرین کو خراج عقیدت

چوری کی بیشتر وارداتیں شام ساڑھے ۷؍ بے سے رات ساڑھے ۱۰؍ بجے کے درمیان ہوئیں، جب ہجوم سب سے زیادہ تھا۔ میدان میں سی سی ٹی وی کوریج محدود ہونے کے باوجود پولیس داخلی اور خارجی راستوں اور اطراف کے کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ۱۹؍ نومبر کو منعقدہ اس پروگرام میں ٹریوس اسکاٹ کے لائیو پرفارمنس کیلئے غیر معمولی ہجوم امڈ آیا تھا۔ اگرچہ پولیس کو بھی تعینات کیا گیا تھا مگر بھاری ٹرن آؤٹ کے باعث کئی مقامات پر شدید بھیڑ جمع ہوگئی، جس سے چوروں کو موقع ملا۔ پولیس کے مطابق ۷؍ ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں، اور تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK