Updated: March 14, 2026, 10:05 PM IST
| Mumbai
فلمساز آدتیہ دھر نے انکشاف کیا کہ وہ دراصل اپنی ہدایت کاری کا آغاز ایک رومانوی کرائم کامیڈی فلم’’رات باقی‘‘ سے کرنے والے تھے، جس میں فواد خان اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کرنے والے تھے، مگر ۲۰۱۶ء کے اڑی حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگنے سے یہ منصوبہ رک گیا۔
ہندوستانی فلمساز آدتیہ دھر آج ہندی سنیما کے کامیاب ہدایت کاروں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے ۲۰۱۸ء میں فلم’’اُری: دی سرجیکل اسٹرائیک‘‘ سے بطور ہدایت کار اپنی شروعات کی۔ وکی کوشل اور یامی گوتم کی اداکاری سے مزین اس فلم نے دنیا بھر میں تقریباً ۳۴۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کمائے اور ایک بڑی باکس آفس کامیابی ثابت ہوئی۔ تاہم آدتیہ دھر نے بعد میں انٹرویوز میں انکشاف کیا کہ’’اُری‘‘ ان کی پہلی فلم نہیں ہونی تھی۔ وہ دراصل ۲۰۱۶ء میں’’رات باقی‘‘ کے نام سے ایک رومانوی کرائم کامیڈی فلم بنانے جا رہے تھے جس میں پاکستانی اداکار فواد خان اور کترینہ کیف کو مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: عامر خان کی موجودگی ہی فلم کے عمدہ ہونے کی ضمانت ہوتی ہے
یہ فلم ۲۰۱۶ء کے آخر تک شوٹنگ کے لیے تیار تھی، لیکن اسی سال ستمبر میں جموں کشمیر کے اڑی سیکٹر میں ہندوستانی فوجی کیمپ پر دہشت گرد حملہ ہوا جس کے بعد ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اس فیصلے کے باعث فواد خان اس منصوبے کا حصہ نہیں رہ سکے اور فلم کو روک دیا گیا۔آدتیہ دھر نے ۲۰۱۹ء میں ’’اُڑی: دی سرجیکل اسٹرائیک‘‘ کی کامیابی کے بعد اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے رائٹرز کو بتایا، ’’سرجیکل اسٹرائیکس ۲۹؍ ستمبر کو ہوئیں۔ اس سے پہلے میں فواد خان اور کترینہ کیف کے ساتھ ’’رات باقی‘‘ نامی فلم بنانے والا تھا۔ لیکن اڑی حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگ گئی اور فلم رک گئی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’جب سرجیکل اسٹرائیکس ہوئیں تو ہر کوئی یہ سوچ رہا تھا کہ فلم کے ساتھ کیا کیا جائے، لیکن مجھے اس بات میں زیادہ دلچسپی تھی کہ سرجیکل اسٹرائیکس کے دوران اصل میں ہوا کیا تھا۔‘‘ اسی موضوع پر انہوں نے ایک اور انٹرویو میں بتایا کہ جب فلم کی شوٹنگ شروع ہونے والی تھی تو اچانک حالات بدل گئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم فلم کے لیے فلور پر جانے والے تھے کہ اڑی حملہ ہو گیا۔ پاکستانی اداکاروں پر پابندی لگ گئی اور فواد خان واپس نہیں آسکے۔ ہم سوچ رہے تھے کہ فلم کے ساتھ کیا کریں، اور اسی دوران میرا دھیان سرجیکل اسٹرائیک کی کہانی کی طرف چلا گیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: تنازعات میں رہی فلم ’’دی تاج اسٹوری‘‘، او ٹی ٹی پر بھی ناظرین کیلئے ترسی
بعد ازاں آدتیہ دھر نے اسی حقیقی واقعے پر مبنی فلم’’اُڑی: دی سرجیکل اسٹرائیک‘‘ بنائی جو نہ صرف باکس آفس پر کامیاب رہی بلکہ اس نے قومی فلم ایوارڈ بھی جیتے اور وکی کوشل کے کریئر میں ایک بڑی تبدیلی لے آئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آدتیہ دھر نے اپنی پرانی کہانی کو مکمل طور پر ترک نہیں کیا۔ ۲۰۲۵ء میں انہوں نے فلم’’دھوم دھام‘‘ لکھی اور پروڈیوس کی جس میں یامی گوتم اور پرتیک گاندھی نے اداکاری کی۔ اس فلم کی کہانی بڑی حد تک اسی ابتدائی تصور’’رات باقی‘‘ سے متاثر تھی۔ اس بارے میں بالی ووڈ ہنگامہ سے گفتگو کرتے ہوئے آدتیہ دھر نے کہا، ’’یہ سچ ہے کہ یہ اسی کہانی سے متاثر ہے، لیکن ہم نے اسے تھوڑا بدل دیا ہے اور اسے آج کے دور کے مطابق بنایا ہے۔‘‘ فلمساز کی ’’دھرندھر ۲‘‘ ۱۹؍ مارچ کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔