Updated: July 25, 2026, 7:03 PM IST
| Chennai
تمل سپر اسٹار اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے کی سیاسی ایکشن فلم ’’جنا نائیگن‘‘ (Jana Nayagan) نے ریلیز کے صرف دو دن میں دنیا بھر میں ۵ء۱۱۲؍ کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے۔ اگرچہ دوسرے دن کمائی میں تقریباً ۵۰؍ فیصد کمی دیکھی گئی، تاہم فلم نے ۱۰۰؍ کروڑ روپے کا عالمی ہندسہ عبور کر لیا۔
تمل سپر اسٹار اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے کی حالیہ ریلیز سیاسی ایکشن فلم ’’جنا نائیگن‘‘ باکس آفس پر مضبوط آغاز کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ فلم نے ریلیز کے صرف دو دن میں دنیا بھر سے ۵ء۱۱۲؍ کروڑ روپے کی مجموعی کمائی کرکے ۱۰۰؍ کروڑ کلب میں جگہ بنا لی ہے۔ باکس آفس رپورٹس کے مطابق فلم نے بھارت میں پہلے دو دنوں کے دوران ۸۵ء۶۳؍ کروڑ روپے نیٹ جبکہ تقریباً ۷۵؍ کروڑ روپے گراس کمائے۔ بیرون ملک مارکیٹس سے فلم نے ۵ء۳۷؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا، جس کے بعد عالمی مجموعی کمائی ۵ء۱۱۲؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ اگرچہ دوسرے دن فلم کی کمائی میں پہلے دن کے مقابلے میں تقریباً ۵ء۵۰؍ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تمل ناڈو میں مضبوط پذیرائی اور بیرون ملک شائقین کی دلچسپی نے فلم کی مجموعی کارکردگی کو مستحکم رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کا مستقبل، نوجوانوں کے دلوں میں دھڑکتا ہے؛ شیکھر سمن کا جذباتی خطاب
رپورٹس کے مطابق فلم کی آمدنی میں سب سے بڑا حصہ تمل ورژن کا رہا، جبکہ تمل ناڈو اب بھی اس کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ تلگو اور ہندی زبانوں میں بھی فلم کی نمائش جاری ہے، تاہم وہاں کمائی نسبتاً محدود رہی۔ یہ فلم وجے کے فلمی کریئر کی اہم ترین ریلیز میں شمار کی جا رہی ہے، کیونکہ سیاست میں مکمل طور پر سرگرم ہونے کے بعد اسے ان کی آخری فلم قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی وجہ سے ریلیز سے قبل فلم کے لیے غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا تھا اور کئی شہروں میں ایڈوانس بکنگ کے دوران متعدد شوز ہاؤس فل ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: سونم! اِٹس ڈن برو: سلمان کی اپیل پر میمز کی بھرمار، سوشل میڈیا پر دلچسپ ردِعمل
اگرچہ ’’جنا نائیگن‘‘ نے دو دن میں ۱۰۰؍ کروڑ روپے کا عالمی ہندسہ عبور کر لیا ہے، لیکن ابتدائی کمائی کے لحاظ سے یہ وجے کی سابقہ بلاک بسٹر فلموں ’لیو‘ (Leo) اور ’دی گریٹسٹ آف آل ٹائم (GOAT) کے اوپننگ ریکارڈز سے پیچھے رہی ہے۔ اس کے باوجود فلم کی مضبوط شروعات نے آئندہ ہفتے کے اختتام پر مزید بہتر کاروبار کی توقعات پیدا کر دی ہیں۔