Inquilab Logo Happiest Places to Work

آمدنی کے معاملے میں بالی ووڈ کی سب سے بڑی ہٹ فلم کون سی ہے؟

Updated: April 24, 2026, 9:39 AM IST | Mumbai

پہلا جواب یہی ہو گا کہ دھرندھر سب سے بڑی ہٹ فلم ہے لیکن اس رپورٹ کے مطابق جو فلم ٹاپ پر ہے وہ پورے ملک کی آل ٹائم فیوریٹ ہے۔

A scene from the classic film Mughal-e-Azam. Photo: INN
شاندار کلاسک فلم مغل اعظم کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

ان دنوں رنویر سنگھ کی فلم دھرندھر کا بہت زیادہ شہرہ ہے۔ اسے ملک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم قرار دیا جارہا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ سب سے بڑی ہٹ فلم کا مطلب صرف زیادہ کمائی نہیں ہوتا۔اصل کھیل وقت کے ساتھ پیسے کی قدر یعنی مہنگائی کو ایڈجسٹ کرنے کا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کی۲۰۰؍کروڑ کی کمائی، پچاس سال پہلے شاید صرف ۴۳؍کروڑ روپے کے برابر ہوتی۔ اسی لئے جب فلموں کی کمائی کو۲۰۲۶ء میں روپے کی قدر اور مہنگائی کے حساب سے ایڈجسٹ کیا گیا، تو حیران کن نتائج سامنے آئے۔ اس فہرست میں وہ فلمیں آگے آجاتی ہیں جن کے بارے میں گمان نہ ہو۔

یہ بھی پڑھئے: ڈیوڈ دھون نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتائی

سب سے پہلے بات کریں عامر خان کی فلم دنگل کی جسے عام طور پر ملک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم سمجھا جاتا ہے۔ اس نے دنیا بھر میں تقریباً۲۰۷۰؍کروڑ کمائے تھے، خاص طور پر چین میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔ لیکن اگر اس رقم کو آج کے حساب سے دیکھا جائے تو یہ تقریباً ۲۸۵۰؍کروڑ بنتے ہیں اور اتنی کمائی کے باوجود یہ فلم سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آتی ہے۔ دوسرے نمبر پر ہے ۱۹۷۵ء کی کلاسک شعلے جو بالی ووڈ کی سب سے مشہور اور سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ اپنی اصل ریلیز پر اس نے تقریباً۳۰؍کروڑ روپے کمائے تھےلیکن آج کے حساب سے اس کی کمائی تقریباً ۳؍ ہزارکروڑ بنتی ہے۔ اس لحاظ سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے دلیپ کمار اور مدھو بالا کی شاہکار’’ مغل اعظم‘‘۔ایک تاریخی فلم جس نے۱۹۶۰ء میں اپنی ریلیز کےوقت ۱۱؍ کروڑ روپے کمائے تھے لیکن جب اسے۲۰۲۶ء کی مہنگائی، روپے کی قدر اور فلم کے بلیک ہونے والے ٹکٹوں کے حساب سے ایڈجسٹ کیا جاتا ہے تو اس کی کمائی تقریباً۳۹۰۰؍کروڑ روپے تک پہنچ جاتی ہے۔ یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جو آج کے دور میں توڑنا تقریباً ناممکن لگتا ہے۔ فلم کی مقبولیت اور آمدنی کا اندازہ لگانے کے لئے یہ کافی ہے کہ اس فلم کے ۱۰؍کروڑ سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: جیمس گن کی Clayface کا ٹیزر جاری، ’’باڈی ہارر‘‘ نے مداحوں کو چونکا دیا

ٹکٹوں کی یہ تعداد بہت بڑی تعداد ہے اور یہ آج بھی کسی بھی بڑی بلاک بسٹرفلم سے زیادہ ہیں۔ ہندوستان ٹائمز نے یہ فہرست بنائی ہے جس کے مطابق پہلے نمبر پر مغل اعظم ۳۹؍ سو کروڑ روپے کے ساتھ موجود ہے جبکہ دوسرے پر شعلے اور تیسرے پر دنگل ہے۔ چوتھے مقام پر ’’باہو بلی‘‘ ہے جس نے ۱۷۸۸؍ کروڑ کمائے تھے جو آج کے لحاظ سے ۲۳؍ سو کروڑ ہوتے ہیں۔ پانچویں نمبر پر ’’مدر انڈیا‘‘ ہے جس نے ۱۹۵۷ء میں ریلیز کے وقت محض ۹؍ کروڑ کی کمائی کی تھی جو آج ۲۲۶۰؍ کروڑ روپے ہوتی ہے۔ چھٹے نمبر پر’’ ہم آپ کے ہیں کون‘‘ ہے جس نے ۱۲۸؍ کروڑ کمائے تھے اور جو آج کے لحاظ سے ۲۲۳۰؍ کروڑ ہوتے ہیں۔ ساتویں نمبر پر’’ دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ ہے۔ اس نے ۱۰۷؍کروڑ روپے کمائے تھے جو آج کے لحاظ سے ۲۱۲۰؍ کروڑ بنتے ہیں۔ آٹھویں نمبر پر ۱۹۵۱ء میں ریلیز ہوئی فلم’’ آوارہ‘‘ ہے جس نے ۶ء۵۰؍ کروڑ روپے کمائے تھے جو آج کے لحاظ سے ۲۰۷۰؍ کروڑ روپے ہوتے ہیں۔ نویں نمبر پر ۲۰۲۴ء میں ریلیز ہونے والی’’ پشپا‘‘ ہے جس نے ۱۷۴۲؍ کروڑ روپے کمائے تھے جو آج کے لحاظ سے ۱۸۰۰؍ کروڑ روپے بنتے ہیں۔ اسی طرح دسویں نمبر پر متھن چکرورتی کی ’’ڈسکو ڈانسر ‘‘ہے جس نے ۱۰۰؍ کروڑ روپے کمائے تھے جو آج کے لحاظ سے ۱۷۷۰؍ کروڑ روپے بنتے ہیں۔ اصل کمائی کی بنیاد پر ٹکٹوں کی قیمت اور مہنگائی کو شامل کیا جائے تومغل اعظم بلاشبہ ملک کی سب سے بڑی باکس آفس ہٹ ہے۔ دھرندھر اپنے دونوں پارٹس کی کمائی(تقریباً ۳۱؍ سو کروڑ ) ملاکر بھی مغل اعظم کے قریب نہیں پہنچ سکی بلکہ اس کی دونوں میں سے ایک بھی فلم ابھی ٹاپ ۱۰؍ میں بھی شامل نہیں ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK