Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سپرمین‘‘ کے ہدایتکار جیمس گن نے گووندہ کی تعریف کی

Updated: July 12, 2025, 6:14 PM IST | Mumbai

گووندہ کے فلم ’’اوتار‘‘ میں کاسٹ کئے جانے کے دعویٰ سے فلم کے ہدایتکار جیمس کیمرون آگاہ نہیں تھے۔ تاہم، ہالی ووڈ کی اگلی فلم ’’سپرمین‘‘ کے ہدایتکار جیمس گن نے گووندہ کے نغمے ’’تومیرا سپرمین‘‘ کی تعریف کی تھی جس میں گووندہ کو ’’سپرمین‘‘ کا اوتار دیا گیا تھا۔

James Gunn. Photo: INN
جیمس گن۔ تصویر: آئی این این

کچھ برسوں قبل گووندہ نے اپنے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ مشہور فلمساز جیمس کیمرون نے انہیں فلم ’’اوتار‘‘ کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے مختلف وجوہات کی بناء پر یہ پیشکش ٹھکرا دی تھی جن میں ان کے جسم کو پینٹ کیا جانا بھی شامل تھا۔ ان کے اس دعویٰ کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد میمز بنا کر گووندہ کا مذاق اڑایا گیا لیکن وہ اپنے دعویٰ پر اڑے رہے۔ ان کے اس دعویٰ کے تعلق سے ان کی بیوی سنیتا اہوجا سے پوچھا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہیں گووندہ کے اس تعلق سے کچھ نہیں معلوم۔ سوشل میڈیا پر متعدد افراد کا ماننا ہے کہ فلمساز جیمس کیمرون گووندہ کے اس دعویٰ کے تعلق سے کچھ نہیں جانتے لیکن فلم ’’گارڈینس آف گیلکسی‘‘، ’’دی سوسائیڈ اسکوئیڈ‘‘، ’’پیس میکر‘‘ اور ’’سپرمین‘‘ کے ہدایتکار جیمس گن نہ صرف یہ کہ انٹرٹینر ون سے آگاہ تھے بلکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایک پرانی فلم میں انہیں گووندہ کا رقص پسند آیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: رونی اسکریو والا ۵ء۱؍ بلین ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ بالی ووڈ کے امیر ترین شخص

ان سب کی شروعات اس وقت ہوئی تھی جب جیمس گن نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ریل شیئر کی تھی جس میں گووندہ نے سپرمین کی پوشاک زیب تن کی تھی اور کیمی کاٹکر کے ساتھ رقص کر رہے تھے جو اسپائیڈر گرل بنی تھیں۔ یہ ۱۹۸۸ء کی فلم ’’دریا دل‘‘ کا نغمہ ’’تو میرا سپرمین‘‘ تھا۔ حال ہی میں وانر بروز انڈیا کے ساتھ ہونے والے اپنے انٹرویو میں جیمس گن کو بالی ووڈ کا وہ ڈانس ویڈیو یاد دلایا گیا جسے انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’مجھے یہ پسند ہے، یہ بہترین تھا۔‘‘ بعد ازیں انہیں مطلع کیا گیا کہ نغمے کے لیڈ ایکٹر گووندہ ہیں۔‘‘ جیمس گن سے یہ پوچھا گیا کہ وہ اپنے ہندوستانی مداحوں کو کیا پیغام دینا چاہیں گے جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’میں اپنے ہندوستانی مداحوں کی داد دیتا ہوں چاہے وہ آن لائن ہو یا آف لائن۔ مجھ سے انتظار نہیں ہورہا ہے کہ مداح یہ فلم دیکھیں کیونکہ یہ واقعی ایسی فلم ہے جو پوری دنیا، ہر شخص اور ہندوستان کے لوگوں کیلئے ہے۔‘‘ ڈیوڈ کورنس ویٹ، جنہوں نے فلم میں ’’سپرمین‘‘ کا کلیدی کردار نبھایا ہے، نے کہا کہ ’’جو بھی ’’سپرمین‘‘کے تعلق سے پرجوش ہے اسے یہ فلم ضرور پسند آئے گی۔ جیمس کو اس کردار سے بہت محبت ہے اور وہ اسے بخوبی جانتے ہیں۔ ’’سپرمین‘‘ ریبوٹس، کجو، کریپٹو۔‘‘ راشیل بروس ناہن، جنہوں نے فلم میں لوئس لین کا کردار ادا کیا ہے، نے کہا کہ ’’یہ ایڈوینچر اور لو اسٹوری پر مبنی فلم ہے۔‘‘ یاد رہے کہ جیمس گن کے یونیورسل اسٹوڈیو کی یہ فلم ۱۱؍ جولائی ۲۰۲۵ء کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK