Inquilab Logo Happiest Places to Work

امبا بروا وائلڈ لائف سینکچری: مہاراشٹر کے جنگلات میں چھپا خزانہ

Updated: June 25, 2026, 2:30 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ علاقہ ست پڑا کے ان جنگلات کا حصہ ہے جو صدیوں سے مختلف اقسام کے جانوروں، پرندوں اور نباتات کا مسکن رہے ہیں۔

The entrance to the Amba Barwa Wildlife Sanctuary. Photo: INN
امبا بروا وائلڈ لائف سینکچری کا داخلی دروازہ۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کی سرزمین اپنے تاریخی قلعوں، ساحلی علاقوں، پہاڑی مقامات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے قائم قدرتی محفوظ علاقوں کےباعث ملک بھر میں ایک منفرد شناخت رکھتی ہے۔ انہی قدرتی خزانوں میں ایک اہم نام امبا بروا وائلڈ لائف سینکچری کابھی ہے، جو ریاست کے شمال مغربی حصے میں واقع ضلع جلگاؤں کے جنگلاتی خطے میں پھیلی ہوئی ہے۔ اگرچہ یہ مقام تاڈوبا، ناگزیرا یا میل گھاٹ جیسی شہرت نہیں رکھتا، لیکن قدرتی حسن، حیاتیاتی تنوع اور سکون اورفطرت پسند دوستوں کے لیے یہ ایک نہایت اہم اور دلکش مقام ہے۔

قیام اور محل وقوع

امبا بروا وائلڈ لائف سینکچری مہاراشٹر کے ضلع جلگاؤں میں واقع ست پڑا پہاڑی سلسلے کے دامن میں پھیلی ہوئی ہے۔ اس محفوظ جنگلاتی علاقےکا قیام جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے مقصد سےکیا گیا تھا۔ یہ سینکچری مدھیہ پردیش کی سرحد کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے ایک اہم حیاتیاتی راہداری کا کردار بھی ادا کرتی ہے، جس کے ذریعے مختلف جانور ایک جنگل سے دوسرے جنگل تک نقل و حرکت کرتے ہیں۔یہ علاقہ ست پڑا کے ان جنگلات کا حصہ ہے جو صدیوں سے مختلف اقسام کے جانوروں، پرندوں اور نباتات کا مسکن رہے ہیں۔ پہاڑیاں، گھنے جنگلات، موسمی ندی نالے اور سرسبز وادیاں اس علاقےکی قدرتی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: دولت آباد کا قلعہ: ملک کا ایک شاندار اور مضبوط قلعہ

قدرتی ماحول اور جنگلات

امبا بروا وائلڈ لائف سینکچری کا بیشتر حصہ خشک پت جھڑ والے جنگلات پر مشتمل ہے۔ یہاں ساگوان (ٹیک)، دھاوڑا، بیجا، تندو، بانس اور دیگر مقامی درخت بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ مانسون کے دوران پورا علاقہ سبز چادر اوڑھ لیتا ہے اور جنگلات کی خوبصورتی اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے۔سردیوں میں یہاں کا موسم خوشگوار رہتا ہے جبکہ گرمیوں میں بعض مقامات نسبتاً گرم ہو جاتے ہیں، تاہم گھنے درختوں کی وجہ سے جنگل کے اندر کا ماحول نسبتاً معتدل محسوس ہوتا ہے۔

جنگلی حیات کا مسکن

امبا بروا وائلڈ لائف سینکچری جنگلی جانوروں کی متعدد اقسام کا گھرہے۔ یہاں تیندوا سب سے نمایاں شکاری جانوروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ جنگلی سور، چیتل، سانبر، نیل گائے، چار سینگوں والا ہرن (چوسنگھا)، سست ریچھ اور مختلف اقسام کے چھوٹے ممالیہ جانور بھی پائے جاتے ہیں۔جنگلاتی افسران کے مطابق یہ علاقہ کئی نایاب جانوروں کی بقا کے لیے بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ شیر یہاں مستقل طور پر موجود نہیں ہوتے، لیکن بعض اوقات آس پاس کے جنگلات سے نقل مکانی کرنے والے بڑے شکاری جانوروں کی موجودگی کی اطلاعات ملتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: داتیوارے قلعہ: ساحلی تجارت کی نگرانی کرنے والا پرتگالی قلعہ

پرندوں کی جنت

یہ سینکچری پرندوں سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔یہاں مور، طوطے، ہدہد، شاہین، عقاب، جنگلی مرغ اور متعدد مقامی و مہاجر پرندے دیکھے جا سکتے ہیں۔ مانسون اور سردیوں کے موسم میں پرندوں کی مختلف اقسام کی موجودگی اس علاقے کو برڈ واچنگ کیلئے ایک بہترین مقام بنا دیتی ہے۔صبح کے وقت جنگل میں گونجتی پرندوں کی آوازیں اور درختوں کے درمیان اڑتے رنگ برنگے پرندے فطرت سے محبت کرنے والوں کو ایک یادگار تجربہ فراہم کرتے ہیں۔یہ نباتاتی اعتبار سے بھی ایک قیمتی خطہ ہے۔یہاں کئی جڑی بوٹیاں اور مقامی نباتات پائی جاتی ہیں جنہیں روایتی طب میں استعمال کیا جاتا ہے۔ جنگلاتی ماہرین اس علاقے کو ست پڑا کے حیاتیاتی تنوع کے اہم مراکز میں شمار کرتے ہیں۔

یہاں کیسے پہنچیں؟

جلگاؤں شہر اس سینکچری تک پہنچنے کا اہم مرکز ہے۔ جلگاؤں ریل اور سڑک دونوں ذرائع سے مہاراشٹر کے بڑے شہروں سے منسلک ہے۔ وہاں سے مقامی ذرائع نقل و حمل کے ذریعے امبا بروا کے جنگلاتی علاقے تک پہنچا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK