روہا کے چنیرا گائوں سےتقریباً ۳؍کلومیٹر دوربرواڈی گائوں میںواقع یہ قلعہ ایک چھوٹی پہاڑی کی طرح نظر آتا ہے،جانے کیلئے پتھر کی سیڑھیاں ہیں۔
قلعہ کا داخلی دروازہ نظر آرہا ہے۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹرکی سرزمین اپنے دامن میں تاریخ کے ان گنت اوراق سمیٹےہوئے ہے،کہیں بلند و بالا قلعے، کہیں خاموش کھنڈر، اور کہیں ایسےمقامات جہاں وقت جیسے ٹھہر سا گیا ہو۔ انہی میں ایک نسبتاً کم معروف مگر تاریخی اہمیت کا حامل قلعہ یعنی برواڑی قلعہ ہےجو اپنی سادگی میں بھی ایک خاص کشش رکھتا ہے۔
محل وقوع
یہ رائے گڑھ ضلع کے روہا تعلقہ میں واقع بِرواڈی گاؤں کا ایک پہاڑی قلعہ ہے۔ بِرواڈی گاؤں، چنیرا گاؤں سے تقریباً۳؍کلومیٹر دور ہےجو روہا-سالاو روڈپر واقع ہے۔ دور سے یہ قلعہ ایک چھوٹی پہاڑی کی طرح نظر آتا ہے۔
تاریخی پس منظر
یہ قلعہ۱۶۴۸ءمیںچھترپتی شیواجی مہاراج نے کلیان پر قبضے کےبعد لنگانا قلعے کے ساتھ مل کر تعمیر کیا تھا۔ اس قلعے کا مقصد رِیودانڈا کریک(آبی گزرگاہ) پر نظر رکھنا اور سِدّی (جنجیرا کے حبشی حکمران) کی سرگرمیوں کو جانچنا تھا۔اس طرح یہ قلعہ مراٹھا جنگِ آزادی میں ایک اہم کردار ادا کرتا تھا۔
قلعے کی ساخت اور آثار
قلعہ ایک تکونی اوراونچائی پر مشتمل ہے جس کی چوٹی مضبوط اینٹ اور گارے کی دیوارسےمحفوظ کی گئی تھی۔ قلعے کے اطراف، جنوب، شمال مشرق اور شمال مغرب کی طرف ہیں۔قلعے کا مرکزی دروازہ، جو اب بھی اچھی حالت میں ہے، شمالی کونے میں واقع ہے۔
قدیم زمانےمیں چار گول برج تھے جن کا قطر تقریباً ۲۰؍ سے ۳۰؍فٹ تھا،آج ان میں سے صرف ایک برج باقی رہ گیا ہے۔ دروازے تک پہنچنے کے لیے پتھر کی سیڑھیاں ہیں اور یہ ایک قریباً گول محراب کی شکل میں ہے۔قلعے کی سطح پر پتھروں سے تراشے گئے کئی پانی کے ذخیرےموجود ہیں۔قلعے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں کوئی نقش و نگار یا کتبے نہیں ہیں جو عام طور پر مہاراشٹر کے دوسرے قلعوں میں پائے جاتے ہیں۔ یہ مہاراشٹر کے دوسرے قلعوں کے مقابلے میں ایک چھوٹا ڈھانچہ ہے۔
ٹریکنگ کا تجربہ
روہا-مروڈ سڑک پر چنیرا گاؤں روہا سے ۱۸؍کلومیٹر اور مروڈ سے۵؍کلومیٹر دور ہے۔ چنیرا سے بِرواڈی گاؤں۵؍کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔بِروادی گاؤں سے قلعے کی چوٹی تک پہنچنے میں تقریباً ۴۵؍منٹ لگتے ہیں۔
قلعہ میں دیکھنے لائق چیزیں
قلعے کی بنیاد پرایک مندر ہے جس میں ایک کشادہ صحن ہے۔ صحن میں چندتوپیں رکھی ہوئی ہیں اور پیچھے شیواجی مہاراج کا ایک خوبصورت ۶؍ فٹ اونچا مجسمہ ہے۔قلعے میں داخل ہوتے وقت آپ کو ایک بڑا پانی کاذخیرہ نظر آئے گا۔راستے میںپانی کے۳؍ ذخیرے اور ایک خفیہ دروازہ بھی موجود ہے جس نے شاید اپنے عروج کے زمانے میں کئی جانیں بچائی ہوں گی۔قلعے کی چوٹی سے نظارہ دلکش ہے، چاروں طرف دھان کے کھیت اور گھنے جنگل کے ٹکڑے نظر آتے ہیں۔
یہاں کیسے پہنچیں؟
ممبئی سےاس قلعہ تک جانے کیلئےآپ کو پہلے مہاڈپہنچنا ہوگا، جو تقریباً۱۶۰؍ تا ۱۷۰؍کلومیٹر دور ہے۔ اس کیلئے آپ کو ممبئی گوا ہائی وے قومی شاہراہ نمبر۶۶؍ پر سفر کرنا ہوگا۔اپنی گاڑی یا بس کے ذریعے آپ آسانی سے مہاڈ پہنچ سکتے ہیں ۔مہاڈسےتقریباً ۱۵؍تا ۲۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر برواڈی گائوں واقع ہے۔یہاں تک پہنچنے کے لیےمقامی آٹو یا جیپ مل جاتی ہے ۔یا اگر اپنی گاڑی ہو تو سیدھا گاؤں تک جا سکتے ہیں ۔یہیں سے اصل سفر شروع ہوتا ہے یعنی پہاڑی کی طرف۔ برواڑی گاؤں سےقلعہ تک پہنچنے کے لیے ایک آسان سا ٹریک ہے جو ۲۰؍تا ۳۰؍منٹ میں مکمل ہوجاتا ہے۔