ناسک شہر سےتقریباً ۱۰۰؍کلومیٹر شمال میں، گرنا اور آرام ندیوں کی خوبصورت وادیوں کے درمیان واقع ہے، سمندرکی سطح سے۳۷۰۰؍فٹ کی بلندی پر ہے۔
اونچائی پرموجودچولہیر قلعہ-تصویر:آئی این این
ریاست مہاراشٹر کا خطہ باگلان اپنے بلند و بالا پہاڑوں اور تاریخی قلعوں کے لیےمشہورہے۔ انہی قلعوں میں سے ایک اہم اور تاریخی نام چولہیر قلعہ کاہے، جسے مقامی زبان میں’چورگڑھ‘ یا ’چلہیری‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ضلع ناسک کی تحصیل ستانا میں واقع یہ قلعہ اپنی منفرد جغرافیائی بناوٹ، مضبوط فنِ تعمیر اور شاندار تاریخ کی وجہ سے کوہ پیماؤںاور تاریخ کے دلدادہ لوگوں کے لیے خاصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس کی ساخت مہاراشٹرکےسب سے اونچے پہاڑی قلعے’سلہیر‘ سے بہت حد تک مشابہت رکھتی ہے۔
محل وقوع
چولہیر قلعہ ناسک شہر سےتقریباً ۱۰۰؍کلومیٹر شمال کی سمت میں، گرنا اور آرام ندیوں کی خوبصورت وادیوں کے درمیان واقع ہے۔ یہ قلعہ سمندرکی سطح سے تقریباً۳؍ہزار ۷۰۰؍فٹ کی بلندی پر ایک وسیع سطح مرتفع پربنا ہوا ہے۔ اس کے چاروں طرف قدرتی طور پر کھڑی چٹانیں موجود ہیں، جو اسے ماضی میں دشمنوں کے حملوں سے محفوظ رکھتی تھیں۔ قلعے کی چڑھائی کا آغاز ایک چھوٹے سے خوبصورت گاؤں’واڑی چولہیر‘ سے ہوتا ہے۔
دیکھنے لائق مقامات
وقت کی ستم ظریفی اور دیکھ بھال کی کمی کی وجہ سے اب یہ قلعہ کافی حدتک کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے، لیکن آج بھی اس کے آثار اس کے ماضی کی عظمت کا پتہ دیتے ہیں۔اس میں کئی چیزیں دیکھنے لائق ہیں جن میں سے چند کا ذکر کیا جارہا ہے۔
تین شاہکار دروازے: قلعے کے راستے میں چٹانوں کو تراش کر بنائے گئے۳؍داخلی دروازے آتے ہیں۔ ان میں سے دوسرا دروازہ اپنے روایتی نقش و نگار کی وجہ سے دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔
پانی کے تاریخی ٹینک: قلعے کے اوپر پتھروں کو کاٹ کر پانی کے چار بڑے ذخائربنائے گئے تھے۔ ان میں سے ایک ٹینک ’موتی ٹانکی‘ کا پانی آج بھی پینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔حفاظتی فصیل اور برج: چوٹی پرپرانی بیرکوں، ماچی (نچلا حصہ) اور ایک مضبوط حفاظتی برج کے آثار اب بھی محفوظ ہیں۔
ٹریکنگ کا تجربہ
موجودہ دور میں چولہیر قلعہ ٹریکرز کے لیے ایک پسندیدہ تفریحی مقام بن چکا ہے۔ واڑی چولہیر گاؤں سے قلعے کی چوٹی تک کا ٹریک آسان سے درمیانے درجے کا ہے، جسے طے کرنے میں تقریباً۱ء۵؍ سے۲؍ گھنٹے لگتے ہیں۔ برسات کے بعد (ستمبر سے فروری) یہاں کا موسم انتہائی دلفریب ہو جاتا ہے، جب چاروں طرف ہریالی کی چادر بچھ جاتی ہے اور چوٹی سے’ست مالا‘ پہاڑی سلسلے کا نظارہ سحر انگیز دکھائی دیتا ہے۔
یہاں کیسے پہنچیں؟
ممبئی سے چولہیرقلعہ تک کاکل فاصلہ تقریباً ۲۹۰؍کلومیٹر ہے، جسےمسافر اپنی سہولت کے مطابق سڑک یا ریل کے ذریعے طے کر سکتےہیں۔ یہاںممبئی سےچولہیر کےبنیادی گاؤں’واڑی چولہیر‘تک پہنچنے کے تمام راستوں کی تفصیل پیش کی گئی ہے۔
بذریعہ سڑک:اگرآپ اپنی گاڑی،بائیک یا پرائیویٹ ٹیکسی کے ذریعےسفر کرنا چاہتے ہیں، تو یہ سب سےبہترین طریقہ ہے۔ سڑک کے راستے سے چولہیر قلعہ پہنچنے میں تقریباً ۶؍گھنٹےلگتے ہیں۔ یہاں جانے کیلئے آپ کو ممبئی سے تھانے،شاہ پور،اگت پوری، ناسک، چندوڑ اور ستانا ہوتے ہوئے واڑی چولہیر پہنچ سکتے ہیں۔اس سفر کے لیے ممبئی-ناسک ہائی وے اور آگے چل کر مشہور سمردھی مہامارگ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔بذریعہ ریل گاڑی:ممبئی کے سینٹرل اسٹیشنوں(سی ایس ایم ٹی،دادور یا تھانے) سے ناسک کے لیے روزانہ کئی ٹرینیں چلتی ہیں۔ ناسک اترنے کے بعد آپ کوستانا کے لیے اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی سرکاری بس یا پرائیویٹ ٹیکسی مل جائے گی۔ ستانا پہنچ کر آپ مقامی آٹو یا جیپ کے ذریعے واڑی چولہیر گاؤں پہنچ سکتے ہیں۔