Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کاک ٹیل ۲‘‘ میں کئی مشروبات کی کمی واضح محسوس ہوتی ہے

Updated: June 20, 2026, 4:30 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس نام کی پہلی فلم کا جذباتی لگائواس فلم میں کہیں غائب ہوگیا ہے، رشمیکا مندانا اور کریتی سینن کی اداکاری ٹھیک ہے لیکن شاہد تاثر قائم کرنے میں ناکام ہیں۔

Rashmika Mandanna, Kriti Sanon and Shahid Kapoor in the film `Cocktail 2`. Photo: INN
فلم ’کاک ٹیل ۲‘، میں رشمیکا مندانا، کریتی سینن اور شاہد کپور۔ تصویر: آئی این این

کاک ٹیل ۲   (Cocktail 2)
اسٹارکاسٹ: سنجے دت، کریتی سینن، شاہد کپور، رشمیکا مندانا
ڈائریکٹر: ہومی ادجانیا
رائٹر: ترون جین، لو رنجن
پروڈیوسر: انکور گرگ، لو رنجن، دنیش وجین، پرمیتا وجین
موسیقار: پریتم چکربرتی
سنیماٹو گرافر: لنیش دیسائی، سنتھنا کرشنن روی چندرن
ایڈیٹر: اکشرا پربھاکر lسیٹ ڈیکوریشن:کوسٹینزا گیلارڈی
کاسٹیوم ڈیزائن: پایل سلوجا، شیتل شرما، انائیتا شراف
میک اپ: شیر بہادر کمار،سپنا مہاترے
پروڈکشن منیجر: گیری ڈھنسا،سبیاساچی پال،تروشانک پاٹھک
 ریٹنگ: **

یہ بھی پڑھئے: میں واپس آئوں گا: ادھوری محبت، ہجرت کا درد اور یادوں کا سفر

جب محبت نئی ہوتی ہے تو اس میں ایک الگ ہی سنسنی اور کشش ہوتی ہے، لیکن پرانی محبت اس پھٹی ہوئی ٹی شرٹ کی مانند ہوتی ہے جسےپہن کر رات کو سوتے وقت ایک عجیب سا سکون اور اپنائیت محسوس ہوتی ہے۔ہدایت کار ہومی ادجانیا کی نئی فلم ’کاک ٹیل۲‘میں شاہدکپورکے کردار کنال کا یہ مکالمہ دراصل پوری فلم کا خلاصہ ہے۔ مگر اس ایک خیال کو بیان کرنے کیلئےفلم ساز نے تقریباً ڈھائی گھنٹے پر محیط ایک عام سی اور کسی حد تک الجھی ہوئی عشقیہ تکون پیش کی ہے۔ فلم میں چمک دمک اور گلیمر کی کمی نہیں، لیکن جذباتی گہرائی کہیں نظر نہیں آتی۔ہومی ادجانیا نے ۲۰۱۲ءمیں’کاک ٹیل‘بنائی تھی جس میں دپیکا پڈوکون، ڈیانا پینٹی اورسیف علی خان مرکزی کرداروں میں تھے۔ دپیکاکااداکردہ کردار ویرونیکا آج بھی شائقین کو یاد ہے، جبکہ ڈیانا پینٹی کو۱۴؍برس بعد بھی لوگ فلم کی میرا کے طور پر پہچانتے ہیں۔ تاہم اس کےسیکوئل ’کاک ٹیل۲‘(یعنی نئی کہانی لیکن وہی انداز) میں نہ تو پہلی فلم جیسی خوشبو ہے اور نہ ہی وہ نشہ۔

فلم کی کہانی

فلم کی کہانی دیا (رشمیکا مندانا) اورکنال (شاہد کپور) کے گرد گھومتی ہے،جو بچپن کے دوست اور محبت کرنے والے ہیں۔ دونوں ۱۶؍برس سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، اس لیے فطری طور پر ان کےرشتے میں کبھی کبھار تازگی اور جوش کی کمی محسوس ہونے لگتی ہے۔ ایسےمیں کنال کی بے وفائی سے متعلق ایک مذاق دیا کے ذہن میں شک کا بیج بو دیتا ہے۔ اسے محسوس ہونے لگتا ہے کہ شاید کنال اسے دھوکا دے رہا ہے۔اسی بدگمانی سے دور ہونے کے لیے دونوں چھٹیاں گزارنےسسلی پہنچتے ہیں، جہاں دیا کی اسکول کی سہیلی ایلی (کریتی سینن)سےملاقات ہو جاتی ہے۔۲؍پرانی سہیلیوں کی ملاقات کے ساتھ کہانی ایک نیا رخ اختیار کرتی ہے۔ اپنے شک کو دور کرنےکے لیے دیا، آزاد مزاج اور بے فکر ایلی سے کہتی ہے کہ وہ کنال کے ساتھ فلرٹ کرے تاکہ اس کی وفاداری کو پرکھا جا سکے۔

دیا کا مقصد صرف یہ جاننا ہے کہ کنال اس کے ساتھ مخلص ہے یا نہیں، لیکن کہانی میں اصل موڑ اس وقت آتا ہے جب ایلی واقعی کنال سےمحبت کرنے لگتی ہے۔ اس کے بعد اس عشقیہ تکون کا انجام کیا ہوتا ہے، یہ جاننے کے لیے فلم دیکھنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہے جوانی تو عشق ہونا ہے: تفریح کے لحاظ سے یہ فلم دیکھی جاسکتی ہے

ہدایت کاری

اس بار بھی کہانی محبت، دوستی، الجھن، حسد اور عدم تحفظ جیسے جذبات کے گرد گھومتی ہے، لیکن ۲۰۱۲ءکی ’کاک ٹیل‘جہاں امتیاز علی کی تحریر تھی، وہاں اس سیکوئل کی کہانی لو رنجن نے لکھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں فلموں میں محبت کو دیکھنے کا زاویہ واضح طور پر مختلف محسوس ہوتا ہے۔پہلی فلم جدید ماحول کے باوجود جذباتی سطح پر کہیں زیادہ گہری تھی اور اس کے کردار ناظرین کےدلوں سے جڑ جاتے تھے، جبکہ اس بارسب کچھ سطحی محسوس ہوتا ہے۔ فلم کے دوسرے حصے میں اسکرین پلےکئی مقامات پر مشہور ہالی ووڈ فلم’مائی بیسٹ فرینڈز ویڈنگ‘کی یاد دلاتا ہے۔البتہ بصری اعتبار سے فلم بے حد دلکش ہے۔ 

اداکاری

اداکاری کےاعتبار سے کریتی سینن یقیناً فلم میں نہایت خوبصورت اور پرکشش دکھائی دیتی ہیں۔رشمیکا مندانا بھی اپنے مخصوص لہجے کے باوجود دیا کے کردار میں مناسب محسوس ہوتی ہیں۔ تاہم شاہد کپور جیسے تجربہ کار اداکار فلم کے آخری منظر کے علاوہ کہیں خاص اثر نہیں چھوڑپاتے۔بلکہ کئی ہلکے پھلکے مناظر میں ان کی اداکاری ضرورت سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔فلم دیکھتے ہوئے اکثر ایسا لگتا ہے کہ پردے پر کردار کم اور کریتی، رشمیکا اور شاہد زیادہ نظر آ رہے ہیں، جو کرداروں کے ساتھ مکمل یکسانیت پیدا نہیں کر پاتے۔

یہ بھی پڑھئے: دی گریٹ گرینڈ سوپر ہیرو: بچوں کی فلم جسے بڑے بھی دیکھ سکتے ہیں

کیوں دیکھیں؟

اگر آپ خوبصورت مقامات، دلکش مناظر، اچھے گانوں اور ہلکے پھلکے رومانوی کامیڈی ڈرامے سے آراستہ ایک گلیمرس فلم دیکھنے کے خواہش مند ہیں تو’کاک ٹیل۲‘ آپ کے لیے ایک مناسب انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔البتہ اگر آپ پہلی ’کاک ٹیل‘جیسی جذباتی گہرائی، یادگار کرداروں اور مضبوط کہانی کی توقع کر رہے ہیں تو یہ فلم آپ کو مکمل طور پر مطمئن نہیں کر پائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK