Inquilab Logo

ایچ پی اینوی موو آل اِن ون کمپیوٹر کو کہیں بھی لے جا سکتے ہیں

Updated: May 27, 2024, 1:09 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

انٹیل ۱۳؍جنریشن آئی ۵؍ پروسیسر پر چلنے والے اس کمپیوٹر میں ۲۳ء۸؍ انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے، ۸۳؍ڈبلیو ایچ کی بیٹری بھی دی گئی ہےجو ۴؍گھنٹے چلتی ہے۔

This image shows how this computer looks from the front. Photo: INN.
اس تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ کمپیوٹر آگے سے کیسا نظر آتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

آپ عام طور پر اپنا لیپ ٹاپ لے کر کہیں بھی جاتے اوروہاں اسے کھول کر دوبارہ کام کرنا شروع کردیتے ہیں۔ اس میں عام طور پر ایک خامی یہ ہوتی ہے کہ اس کے اسکرین کا سائز زیادہ بڑا نہیں ہوتا جس کی وجہ سے لوگ کمپیوٹر کوزیادہ پسند کرتے ہیں۔ لیکن کمپیوٹر کی خامی یہ ہوتی ہے کہ اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا مشکل ہوتا ہے۔ ایچ پی نے اس پریشانی کو دور کرتے ہوئے ایک ایسا کمپیوٹر تیار کیا ہے جو دیکھنے اور استعمال کرنے میں پورا کمپیوٹر ہے لیکن اسے آپ اٹھاکر کہیں بھی لے جاسکتے ہیں اورجہاں آپ کی مرضی ہو وہاں بیٹھ کر کام کرسکتے ہیں۔ ایچ پی کے اس کمپیوٹر کا نام ایچ پی اینوی موو آل اِن ون ڈیسک ٹاپ ہے۔ 
قیمت:ایچ پی اینوی موو کی ہندوستان میں قیمت ایک لاکھ ۲۴؍ ہزار ۹۹۹؍ روپے ہےجس کا ایک ہی متبادل موجود ہے۔ یہ سفید رنگ میں دستیاب ہے۔ اس میں ۱۳؍ویں جنریشن کا انٹیل کور آئی ۵؍ پروسیسر کے ساتھ انٹیل یو ایچ ڈی گرافکس پروسیسر کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس میں ۱۶؍جی بی کی ایل پی ڈی ڈی آر ۵؍ ریم اور ایک ٹی بی(ٹیرا بائٹ)اسٹوریج دیا گیا ہے۔ 
بکس میں کیا ہے: اس کمپیوٹر کے بکس میں آپ کو ایچ پی اینوی موو، ۹۰؍واٹ اڈیپٹر، وائر لیس بلیوٹوتھ کی بورڈ جس میں ٹچ پیڈ بھی شامل ہوگا دیا جاتا ہے۔ 
ڈیزائن: اس کمپیوٹر میں دہرے قسم کا ڈیزائن استعمال کیا گیا ہے جو ٹیکسچر والا پولی کاربونیٹ اور میش کے کپڑے کا مجموعہ ہے۔ آگے کی جانب اسپیکر سسٹم کو میش سے چھپایا گیا ہے جبکہ ایچ پی کے لوگوں کو کروم سے ابھارا گیا ہے۔ جبکہ پیچھے کی جانب ایچ پی کا ایک بڑا سا لوگوکروم سے ابھارا گیا ہے۔ اوپر کی جانب ایک ہینڈل ہے جس کی مدد سے آپ اسے اٹھاکر کہیں بھی لے جاسکتے ہیں۔ ہینڈل میں بھی وہی رنگ استعمال کئے گئے ہیں لیکن اس کے ہنجس چمڑے سے بنائے گئے ہیں جس سے یہ پریمیم نظر آتا ہے۔ اس کے دائیں جانب ڈیسک ٹاپ میں پاور پورٹ، ایچ ڈی ایم آئی ۱ء۴؍بی پورٹ، برائٹ نیس کنٹرول کرنے کے بٹن اور پاور بٹن دیا گیا ہے۔ اس کے دائیں جانب یو ایس بی ٹائپ سی پور(۱۰؍جی بی پی ایس یعنی اس کی مدد سے ۱۰؍ جی بی فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا ٹرانسفر کیا جاسکتاہے)، یو ایس بی ٹائپ اے پورٹ اور آواز بڑھانے یا کم کرنے کیلئے بٹن دیئے گئے ہیں۔ اس کے اوپری جانب ویب کیم کے اوپر پرائیویسی شٹر دیا گیا ہے۔ اس پوری مشین کا وزن ۴ء۱؍کلوگرام ہے جو ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کی مناسبت سے زیادہ معلوم نہیں ہوتالیکن اسے لیپ ٹاپ کی مناسبت سے تھوڑا بھاری قرار دیا جاسکتاہے۔ 
ڈسپلے:اس کے ڈسپلے کی بات کریں تو اس میں ۲۳ء۸؍انچ کا کیو ایچ ڈی ٹچ اسکرین آئی پی ایس پینل دیا گیا ہے جس کا ریزولیوشن ۲۵۶۰؍بائی ۱۴۴۰؍پکسل دیا گیا ہے۔ ایچ پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی برائیٹ نیس ۳۰۰؍نٹس تک جاسکتی ہے۔ 
دیگر لوازمات:اس کے ساتھ میں جو کی بورڈ دیا گیا ہے اس میں بلٹ ان ٹریک پیڈ بھی موجود ہے جو کچھ عجیب سا لگتا ہےکیوں کہ جو لوگ کمپیوٹر خریدتے ہیں وہ کی بورڈ کے ساتھ مائوس کی امید رکھتے ہیں ان کیلئے ٹریک پیڈ مناسب نہیں لگتا۔ اس کے علاوہ اس کمپیوٹر میں ۵؍واٹ کا ڈوئل اسپیکر سسٹم بھی دیا گیا ہے۔ اس کی آواز فلمیں دیکھنے اور موسیقی سننے کیلئے مناسب ہےلیکن اس میں بھاری بیس والی آواز کی امید نہیں کی جاسکتی جو ایکشن فلم دیکھنے اور بھاری بیس والی موسیقی کیلئے ضروری ہوتی ہے۔ 
بیٹری:حالانکہ یہ کمپیوٹر ہے تو پاور کیبل پر چلتا ہے لیکن اس میں ۶؍سیل والا ۸۳؍ڈبلیو ایچ لیتھیم آئن بیٹری بھی دی گئی ہے جو ۴؍گھنٹے چلتی ہے۔ اسے۹۰؍ واٹ فاسٹ چارجرسے چارج کیا جاسکتاہے۔ 
کیمرہ : اس میں ۵؍میگا پکسل کا ویب کیم بھی دیا گیا ہے جو ونڈوز ہیلو کو سپورٹ کرتا ہے اور اس سے تصویر کشی بھی کی جاسکتی ہے۔ ویڈیو کال کے دوران جھلملاہٹ کو کم کرنے کیلئےکچھ حد تک اے آئی کا استعمال کیا گیا ہےلیکن پھر بھی زیادہ شفاف نظر نہیں آتا۔ کیمرے کے ساتھ ڈوئل مائیکروفن بھی دیا گیا ہے۔ 
چپ سیٹ انٹیل ۱۳؍جنریشن کا کور آئی ۵؍پروسیسر
ریم               ۱۶؍ جی بی
اسٹوریج       ایک ٹی بی(ٹیرا بائٹ)
ریزولیوشن   ۱۴۴۰x۲۵۶۰؍پکسل 
بیٹری           ۸۳؍ڈبلیو ایچ
چارجنگ       ۹۰؍ واٹ فاسٹ چارجنگ
ڈسپلے         ۲۳ء۸؍انچ 
کیمرے         ۵؍میگا پکسل کا ویب کیم

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK