تمل ناڈو کے کلپکم میں واقع ۵۰۰ میگاواٹ کے پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر کو اندرا گاندھی سینٹر فار اٹامک ریسرچ نے ڈیزائن کیا ہے اور اسے بھارتیہ نابھیکیہ ودیوت نگم لمیٹڈ نے تعمیر کیا ہے، یہ دونوں ادارے محکمہ ایٹمی توانائی کے تحت کام کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 08, 2026, 10:58 AM IST | Chennai
تمل ناڈو کے کلپکم میں واقع ۵۰۰ میگاواٹ کے پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر کو اندرا گاندھی سینٹر فار اٹامک ریسرچ نے ڈیزائن کیا ہے اور اسے بھارتیہ نابھیکیہ ودیوت نگم لمیٹڈ نے تعمیر کیا ہے، یہ دونوں ادارے محکمہ ایٹمی توانائی کے تحت کام کرتے ہیں۔
ملک کے سب سے جدید جوہری ری ایکٹر، ۵۰۰ میگاواٹ کے پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر نے ۶ اپریل ۲۰۲۶ء کو رات ۸ بج کر ۲۶ منٹ پر اپنی پہلی ”کریٹیکلٹی“ (criticality) حاصل کرلی ہے۔ اسے ملک کے طویل مدتی جوہری توانائی پروگرام میں ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس اہم موقع پر ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین اجیت کمار موہنتی سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔
یہ لمحہ ری ایکٹر کے اندر، ایک کنٹرول شدہ جوہری فِشن چین ری ایکشن (nuclear fission chain reaction) کے آغاز کی علامت ہے، جو مکمل پیمانے پر بجلی کی پیداوار سے قبل کلیدی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ دو دہائیوں سے زائد عرصے میں تیار ہونے والا یہ پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر، ملک کی سہ مرحلہ ایٹمی توانائی کی حکمتِ عملی کے دوسرے مرحلے میں داخلے کی نمائندگی کرتا ہے۔ تمل ناڈو کے کلپکم میں واقع اس ری ایکٹر کو اندرا گاندھی سینٹر فار اٹامک ریسرچ نے ڈیزائن کیا ہے اور اسے بھارتیہ نابھیکیہ ودیوت نگم لمیٹڈ نے تعمیر کیا ہے، یہ دونوں ادارے محکمہ ایٹمی توانائی کے تحت کام کرتے ہیں۔
کریٹیکلٹی حاصل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ری ایکٹر نے کامیابی کے ساتھ ایک پائیدار جوہری چین ری ایکشن شروع کر دیا ہے۔ تاہم، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ بجلی پیدا کر رہا ہے۔ اس مرحلے کے بعد، ری ایکٹر بجلی کی پیداوار میں مرحلہ وار اضافے کے عمل سے گزرے گا، جس کے دوران حفاظت اور کارکردگی کے پیرامیٹرز کی وسیع جانچ اور توثیق کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ایل پی جی کے بعد پی این جی بھی مہنگی، آئی جی ایل نے قیمتوں میں اضافہ کیا
ہندوستان کا سہ مرحلہ جوہری پروگرام
ملک کے سہ مرحلہ جوہری توانائی کے منصوبے میں پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ اسے پہلی بار ماہرِ طبیعیات ہومی جہانگیر بھابھا نے ۱۹۵۴ء میں تجویز کیا تھا۔ یہ حکمتِ عملی ملک کے محدود یورینیم کے وسائل کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے اور اس کے ساتھ تھوریم کے وافر ذخائر سے فائدہ اٹھانے کیلئے بنائی گئی ہے۔
پہلے مرحلے میں، پریشرائزڈ ہیوی واٹر ری ایکٹرز قدرتی یورینیم کو بجلی پیدا کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں اور ضمنی پروڈکٹ کے طور پر پلوٹونیم پیدا کرتے ہیں۔ ہندوستان میں اس وقت ایسے دو درجن سے زائد ری ایکٹرز فعال ہیں جو ملک میں بجلی کی کل پیداوار میں تقریباً ۳ فیصد تعاون کرتے ہیں۔ دوسرے مرحلے کا آغاز اب پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر کے ساتھ ہوا ہے، جو پلوٹونیم پر مبنی فاسٹ بریڈر ری ایکٹرز کا استعمال کرتا ہے تاکہ تھوریم کو یورینیم-۲۳۳ میں تبدیل کرتے ہوئے مزید ایندھن تیار کیا جا سکے۔ تیسرے مرحلے میں یورینیم-۲۳۳ کا استعمال کرتے ہوئے تھوریم پر مبنی ری ایکٹرز پر انحصار کرے گا تاکہ پائیدار طریقے سے جوہری توانائی پیدا کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: خام تیل۱۱۰؍ ڈالر فی بیرل کے پار، ملک پر۱۶؍ ہزارکروڑ کا اضافی بوجھ
ہندوستان کی جوہری صلاحیت میں توسیع
ملک کی موجودہ جوہری بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت تقریباً ۸۷۸۰ میگاواٹ ہے۔ حکومت کے تخمینوں کے مطابق، نئے منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ۳۲-۲۰۳۱ء تک یہ صلاحیت بڑھ کر ۲۲۳۸۰ میگاواٹ تک پہنچ سکتی ہے۔ پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر کا آغاز موجودہ یورینیم پر مبنی ری ایکٹرز اور مستقبل کے تھوریم پر مبنی نظاموں کے درمیان ایک اہم تکنیکی پل کی حیثیت رکھتا ہے، جو ملک کی طویل مدتی توانائی کی حفاظت کی حکمتِ عملی کا ایک کلیدی جزو ہے۔