Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیلوا بیچ: ممبئی کے شور سے دور سکون کی ایک نرم و نازک دنیا

Updated: May 28, 2026, 10:05 AM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

ممبئی سے زیادہ دور نہیں، مگر اپنی فضا، سکون اور قدرتی حسن کےباعث ایک بالکل الگ دنیا محسوس ہوتا ہے،یہ ساحل ۷؍تا۸؍کلومیٹر تک پھیلا ہے۔

Kelva Beach.Photo:INN
کیلوا بیچ۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر کی سرزمین صرف بڑے شہروں، صنعتوں اور بھیڑ بھاڑ کیلئےہی مشہور نہیں بلکہ یہاں قدرت نے ایسے دلکش ساحلی مقامات بھی عطاکیےہیں جہاں پہنچ کر انسان اپنے اندر ایک عجیب سی طمانیت محسوس کرتا ہے۔ انہی خوبصورت مقامات میں ایک نام کیلوے بیچ کا بھی ہے، جو ممبئی سے زیادہ دور نہیں، مگر اپنی فضا، سکون اور قدرتی حسن کےباعث ایک بالکل الگ دنیا محسوس ہوتا ہے۔ یہ ساحل ضلع پالگھر میں واقع ہے اور برسوں سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لیے بھی کشش کا مرکز بنا ہوا ہے۔کیلوے بیچ کا نام آتے ہی ذہن میں ایک ایسا منظر ابھرتا ہے جہاں دور تک پھیلی نرم ریت، سمندر کی لہروں کی مسلسل آواز، ناریل کے درختوں کی قطاریں اور غروبِ آفتاب کا سنہرا منظر دل کو ایک عجیب سی راحت بخشتا ہے۔ممبئی اور اس کے آس پاس کی زندگی جس تیزی اور شور میں لپٹی ہوئی ہے، وہاں کیلوے بیچ کسی خاموش نظم کی مانند محسوس ہوتا ہے۔
ساحل کی فضا اور قدرتی حسن
کیلوے بیچ تقریباً ۷؍سے۸؍کلومیٹر تک پھیلا ہوا ساحل ہے۔یہاں کی سب سے بڑی خوبی اس کی خاموشی اور قدرتی ماحول ہے۔ کئی دوسرے ساحلوں کی طرح یہاں ہر وقت بے تحاشہ بھیڑ نہیں ہوتی، اسی لیے یہ جگہ ان لوگوں کے لیے زیادہ موزوں سمجھی جاتی ہے جو سکون اور فطرت کے قریب کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔
صبح کے وقت جب سورج کی پہلی کرنیںسمندر کے پانی پر پڑتی ہیںتوپورا ساحل سنہری روشنی میں نہا جاتا ہے۔ سمندر کی لہریں خاموشی سے کنارےکو چھوتی ہیں اور ٹھنڈی ہوا انسان کے ذہن سے تھکن کو آہستہ آہستہ دور کرنے لگتی ہے۔ شام کے وقت یہاں کا منظر اور بھی دلکش ہوجاتا ہے۔ سورج جیسے ہی سمندر کی گود میں اترنے لگتا ہے، آسمان سرخی مائل رنگوں سے بھر جاتا ہے۔ یہی وہ وقت ہوتا ہے جب اکثر سیاح خاموشی سے ساحل پر بیٹھ کر قدرت کے اس حسین منظر کو دیکھتے رہتے ہیں۔
یہاں کیا کیا جاسکتا ہے؟
کیلوے بیچ محض سمندر دیکھنے کی جگہ نہیں بلکہ یہاں کئی سرگرمیاں بھی کی جاسکتی ہیں۔ لوگ یہاں پکنک منانے آتے ہیں، خاندانوںکے ساتھ وقت گزارتے ہیں، ساحل پر چہل قدمی کرتے ہیں اور بچے ریت سے گھروندے بناتے دکھائی دیتے ہیں۔
کچھ لوگ گھوڑے کی سواری کا لطف لیتے ہیں، جبکہ کچھ سمندر کے کنارے بیٹھ کر ناریل پانی پینا پسند کرتے ہیں۔ مقامی دکاندار یہاں مہاراشٹر کے روایتی اسنیکس بھی فروخت کرتے ہیں جن میں بھجیا، وڑا پاؤ اور تازہ سمندری غذائیں شامل ہیں۔
 
 
اس کے علاوہ یہاںمختلف قسم کےواٹر اسپورٹس جیسےموٹر بوٹ، جیٹ اسکی، ریموٹ کنٹرول کارز بچوں کے لیے موجود ہیں۔اگر آپ کچھ کھیل جیسےفٹبال، کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیںتو اس کیلئےکھلی جگہ مثالی ہے۔ساتھ ہی مقامی افراد اور سیاح دونوں یہاں ماہی گیری کا لطف بھی لیتےہیں۔اس کے علاوہ یہاں رات گزارنے کے شوقین افراد ساحل پر کیمپ بھی لگا سکتے ہیں۔ 
 
 
یہاں کیسے پہنچیں؟
بذریعہ سڑک:اگر آپ اپنی گاڑی یا کیب سے جانا چاہتے ہیں تو ممبئی سےکیلوے بیچ تک کا سفر کافی خوشگوار رہتا ہے۔ راستہ عموماً ممبئی-احمد آباد ہائی وے(این ایچ ۴۸؍)سےجاتا ہے۔ پالگھر کی طرف مڑنے کے بعد کیلوے کا راستہ مل جاتا ہے۔ بذریعہ ریل گاڑی:سب سے آسان اور کم خرچ راستہ ویسٹرن ریلوے کی ٹرین ہے۔ آپ کو ویسٹرن لائن کی ٹرین پکڑنی ہوگی۔ کیلوے روڈاسٹیشن پر اترنا ہوگا، جو اس ساحل کے قریب ترین ریلوے اسٹیشنوںمیں شمار ہوتا ہے۔اسٹیشن سے ساحل تقریباً۵؍ سے۸؍کلومیٹردور ہے۔ باہر نکلتے ہی آٹو رکشا، شیئرنگ ٹم ٹم یا مقامی گاڑیاں مل جاتی ہیں جو آپ کو تقریباً ۱۵؍سے ۲۰؍منٹ میں ساحل تک پہنچا دیتی ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK