۱۹۶۰ء اور ۱۹۷۰ء کے دور اور انڈرورلڈ کے تعلق سے قصے کہانیاں کافی پسند کی جاتی ہیں اور ان پر فلمیں اور ویب سیریز بنائی جاتی ہیں،یہ اسی کا حصہ ہے۔
EPAPER
Updated: April 26, 2026, 1:02 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
۱۹۶۰ء اور ۱۹۷۰ء کے دور اور انڈرورلڈ کے تعلق سے قصے کہانیاں کافی پسند کی جاتی ہیں اور ان پر فلمیں اور ویب سیریز بنائی جاتی ہیں،یہ اسی کا حصہ ہے۔
مٹکا کنگ (Matka King)
اسٹریمنگ ایپ:امیزون پرائم ویڈیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: وجے ورما، کرتیکا کامرا،سائی تمہنکر، جیمی لیور، بھوپندر جداوت،سدھارتھ جادھو
ڈائریکٹر: ناگراج منجولے
رائٹر: اشیش آرین،ناگراج منجولے، سدھارتھ رائے کپور
پروڈیوسر: اشیش آرین،ناگراج منجولے، سدھارتھ رائے کپور
موسیقار: اجے جینتی
ایڈیٹر: روہت راجندر روکڑے
آرٹ ڈائریکٹر: سنیل سنگھ
ریٹنگ: ***
نئی ہو یا پرانی، ممبئی اور اس کے کردار فلم سازوں کو ہمیشہ اپنی طرف کھینچتےرہے ہیں۔ جب بات انڈرورلڈ، جرم اور جوئے کی ہو تو یہ کشش اور بھی گہری ہو جاتی ہے۔شاید اسی لیےناگراج منجولےجیسے ہدایت کار،جنہوں نے’سیراٹ‘جیسی دل دہلا دینے والی فلم بنائی، جب ویب سیریز کی دنیا میں آئے تو انہوں نے ۶۰۔۷۰ءکی دہائی کے اس ’مٹکا‘نامی جوئے کی دنیا کو زندہ کیا، جہاں غریب اور محنت کش طبقےکو خواب بیچے جاتے تھے، اور جس نے ملک کے معاشی ڈھانچے کو بھی متاثر کیا تھا۔
کہانی
’مٹکا کنگ‘کی کہانی کا مرکزکاٹن تاجر برج بھٹّی (وجے ورما) ہے،جو ممبئی کی ایک چال میں اپنے بھائی لچھو(بھوپندر جڑاوت)اور بیوی برکھا(سائی تمہنکر)کے ساتھ تنگدستی کی زندگی گزار رہا ہے۔
لالجی بھائی چھگانی(گلشن گروور)کے ماتحت کام کرتے ہوئے اس کے اندر کی بے بسی اور عزت کی بھوک اس وقت پھٹ پڑتی ہے جب ضرورت کے وقت اسے ذلیل کر کے نکال دیا جاتا ہے۔ یہی لمحہ بغاوت کی چنگاری بن جاتا ہے، اور برج ایک نیا جوئے کا کھیل’مٹکا‘ شروع کرتا ہے۔اس کے ساتھ ایک بدنام سابق فوجی دگڈو (سدھارتھ جادھو)،اور ایک امیر پارسی بیوہ گل رخ (کرتیکاکامرا) شامل ہوجاتے ہیں۔تینوں مل کر ایک ایسا نظام کھڑا کرتے ہیں جہاں عام آدمی امید اور لالچ کے بیچ الجھتا چلا جاتا ہے۔
مٹکا برج کے لیے دولت کے دروازے کھول دیتا ہے، مگر اسی کے ساتھ اس کی زندگی کے رشتے بکھرنے لگتے ہیں۔ اعتماد ٹوٹ جاتا ہے، اور وہ پولیس اور انڈرورلڈ دونوں کے نشانے پر آ جاتا ہے۔ یوں یہ کہانی صرف ایک سلطنت بنانے کی نہیں بلکہ اس کی قیمت چکانے کی داستان بن جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کاٹان: وجے سیتوپتی کی اداکاری سے سجی سنسنی خیز مرڈرمسٹری
ہدایت کاری
ہدایت کارناگراج منجولےکی یہ سیریز سادہ انداز میں شروع ہوتی ہے، مگر جیسے ہی ’مٹکا‘کا کھیل داخل ہوتا ہے، کہانی میں دلچسپی بڑھ جاتی ہے۔جوئے اور نمبروں کے کھیل میں دلچسپی رکھنے والے ناظرین اس سے زیادہ جڑاؤ محسوس کریں گے۔پہلے۳؍ ایپی سوڈ تیز رفتار سے آگے بڑھتےہیں، لیکن درمیانی حصے میں کہانی کچھ بکھری ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ تاہم، پری کلائمکس اور کلائمکس میں ایک بار پھر کہانی اپنی اصل شدت حاصل کر لیتی ہے۔
اسکرین پلے جو عام طور پر منجولے کی طاقت رہا ہے، یہاں کچھ کمزور دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے سماجی اور معاشی پہلوؤں کو ضرور چھیڑا ہے، مگر ان کی گہرائی میں اترنے سےگریز کیا ہے۔ کچھ سب پلاٹس محض طوالت بڑھانے کا سبب بنتے ہیں۔ اس کے باوجود مکالمے کہیں کہیں چمک اٹھتے ہیں۔’’امیر ہو یا غریب، سب کا ایندھن ایک ہی ہے،امید‘‘ جیسے جملے دیر تک ذہن میں گونجتے رہتے ہیں۔
سیریز تکنیکی اعتبار سے نہایت مضبوط ہے۔ سنیماٹوگرافر سدھاکر ریڈی یکانتی نے ۶۰۔ ۷۰ءکی دہائی کی پرانی ممبئی کو بڑی خوبصورتی سے زندہ کیا ہے،اہے وہ بھیڑ بھاڑ والے بازار ہوں یا تاریک جوئے کے اڈے۔ سیٹ ڈیزائن اور ملبوسات بھی اس دور کی مکمل عکاسی کرتے ہیں۔موسیقی میں امیت تریویدی، پراگ چھابڑا، بی پرسنّا اور اجے جینتی کی محنت دکھائی دیتی ہے،یہ فضا تو بناتی ہے، مگر زیادہ دیریاد نہیں رہتی۔ البتہ کیتن سوڈھا کا بیک گراؤنڈ اسکور خاصا مؤثر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چریّا: خواتین کے حقوق پر جھنجھوڑنے والی ایک اور ویب سیریز
اداکاری
اداکاری کے میدان میں وجے ورماسب پربھاری نظر آتے ہیں۔انہوں نے اپنے کردار کے ہر رنگ داخلی کشمکش، خواہش، اور اخلاقی زوال کو نہایت مہارت سے پیش کیا ہے۔کرتیکا کامرانے گل رخ کے کردار میں خوبصورتی کے ساتھ گہرائی بھی شامل کی ہے۔ سائی تمہانکر برخا کے روپ میں مضبوط اداکاری پیش کرتی ہیںان کی خاموشی بھی بہت کچھ کہہ جاتی ہے۔
گلشن گرووراپنے مخصوص انداز میں کردار کو جاندار بناتے ہیں، جبکہ سدھارتھ جادھو اپنی منفرد اداکاری سے یاد رہ جاتے ہیں۔دیگر اداکار جیسے جیمی لیور،گریش کلکرنی اورسائرس ساہوکار بھی کہانی کو تقویت دیتے ہیں۔
نتیجہ
اگر آپ پرانی ممبئی کےقصوں، انڈرورلڈ کی دنیا اور انسانی لالچ و امید کے درمیان جھولتی کہانیوں کے شوقین ہیں،اور خاص طور پر وجے ورماکی اداکاری دیکھنا چاہتے ہیں، تومٹکا کنگ ایک قابلِ دید انتخاب ہے، جو امیزون پرائم ویڈیوپر دستیاب ہے۔