روی کشن کے مرکزی رول والی اس ویب سیریز میں عجیب و غریب معاملات پیش ہوتے ہیں، وکیلوں کے حالات اس سے زیادہ عجیب ہوتے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 19, 2026, 12:43 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
روی کشن کے مرکزی رول والی اس ویب سیریز میں عجیب و غریب معاملات پیش ہوتے ہیں، وکیلوں کے حالات اس سے زیادہ عجیب ہوتے ہیں۔
معاملہ لیگل ہے۲ (Maamla Legal Hai 2)
اسٹریمنگ ایپ: نیٹ فلکس(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: روی کشن، نائلہ گریوال، ندھی بشٹ، اننت جوشی، انجم بترا، وکرم پرتاپ،امیت وکرم پانڈے
ڈائریکٹر: راہل پانڈے
رائٹر: کنال انیجا، سوربھ کھنہ، سمیر سکسینہ،موہک انیجا،تت ست پانڈے،سید شادان
پروڈیوسر: کنشکا مہتا،سمیر سکسینہ،امیت گولانی، سوربھ کھنہ، بسواپتی سرکار
سنیماٹوگرافر: ملند جوگ
ایڈیٹر: چندرشیکھر پرجاپتی
ریٹنگ: ***
عدالتوں کی دنیا،انوکھے مقدمات، کالے کوٹ میں ملبوس وکیل، ان کے سام، دام، دنڈ، بھید والے حربے، اور ڈرامے کی بھرپور آمیزش سے پر ہوتی ہے۔ ۲۰۲۴ءمیںریلیز ہونے والی ویب سیریز’معاملہ لیگل ہے‘نے انہی عناصر کو ایک لڑی میں پرو کر ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔ اسی کامیابی کے بعد پٹپڑگنج سیشن کورٹ اور اس کے نرالے کرداروں کی کہانی اپنے دوسرے سیزن میں آگے بڑھتی ہے۔اس بار چونکہ کہانی کے مرکزی کردار وشیشور دیال عرف وی ڈی تیاگی(روی کشن)وکالت کا کالا کوٹ اتار کر ضلع جج کی کرسی پر براجمان ہو چکے ہیں، اس لیے سیریز کا جھکاؤ بھی جج صاحب کی ذمہ داریوں، چیلنجز اور ذہنی کشمکش کی طرف زیادہ ہو گیا ہے۔ نتیجتاً وکیلوں کی جدوجہد اور عدالت میں ہونے والی تیز و تند بحثوں کا پہلو اس مرتبہ کچھ کمزور محسوس ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کہرا، ۲: قتل کی واردات کے بیچ کرداروں کی زندگی کے راز کھولتی سیریز
کہانی
کہانی وی ڈی تیاگی کے بطور ضلع جج حلف لینےسے شروع ہوتی ہے۔ اس کے بعد نہ صرف تیاگی بلکہ ناظرین کو بھی اس عہدے کی پیچیدگیوں کا احساس ہونے لگتا ہے۔ ایک جج ہونے کے ناطے وہ اپنے سابق وکیل ساتھیوں سے بے تکلفی سے مسکرا بھی نہیں سکتا، اپنے قریبی دوست کی سالگرہ میں شریک نہیں ہو سکتا، اور عدالت کے نظام کو بہتر بنانے یا مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کی کوشش بھی اس کے لیے آسان نہیں رہتی۔ سیریز ان تمام باریکیوں کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کرتی ہے۔
دوسری طرف تیاگی کے پرانے چیمبر میں لکھمیر منٹو (انجم بترا) اور سجاتا دیدی (ندھی بشٹ) کے درمیان چیمبر کے نام کو لےکر کشمکش جاری ہے۔ہارورڈ سے تعلیم یافتہ اننیا شروف (نایلا گریوال)اب بھی اصولوں کے تحت لوگوں کو انصاف دلانے کی کوشش میں مصروف ہے، اور اس بار اس کا سامنا اپنی پرانی حریف نینا اروڑا (کشا کپیلا) سے بھی ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سائیکو سیاں: نفسیاتی اتارچڑھائو سے بھرپور محبت کی کہانی
ہدایت کاری
اس سیزن میں بھی مقدمات کے حوالے سے سیریز اپنے پہلے حصے کی فضا برقرار رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔ مردوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے لیے قانون نہ ہونا، سماجی دکھاوے والی بیوی کا جائیداد پر حق، ہم جنس محبت، یا شادی کے بعد بیٹے کا ماں اور بیوی کے درمیان توازن جیسے موضوعات کو چھیڑا گیا ہے۔ مگر یہ مقدمات اس بار اتنے مؤثر یا دلچسپ نہیں بن پائے۔
ہدایت کار راہل پانڈے کی یہ سیریز جج کے چیمبر والے حصے یعنی روی کشن کے ٹریک میں تو متاثر کرتی ہے، لیکن وکیلوں کے چیمبر کے معاملات میں کمزور پڑ جاتی ہے۔ منٹو اور سجاتا دیدی کی کہانی کھنچی ہوئی اور دہرائی گئی محسوس ہوتی ہے، جبکہ اننیا اور نینا کی رقابت کی بنیاد بھی پوری طرح واضح نہیں کی گئی، جس سے جذباتی گہرائی میں کمی محسوس ہوتی ہے۔
اداکاری
اس سیزن کی سب سے مضبوط کڑی حسبِ سابق روی کشن کی اداکاری ہے، جو ایک منفرد انداز کے جج کے طور پر بھی اپنی چھاپ چھوڑتے ہیں۔ ان کے علاوہ دیویندو بھٹاچاریہ نے بھی اپنے پراسرار کردار کو خوب نبھایا ہے اور کہانی میں ایک دلچسپ موڑ پیدا کیا ہے۔
دیگر کرداروں کو اس بار زیادہ ابھرنے کا موقع نہیں ملا، اس کے باوجود ندھی بشٹ، نایلا گریوال، اننت جوشی، انجم بترا اور کشا کپیلا اپنے اپنے کرداروں میں مناسب کارکردگی دکھاتے ہیں۔ جبکہ دنیش لال نرہوا نے’ونسپتی جی‘ کے کردار میں خاص اثر چھوڑا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہیلو بچوں: فزکس والا کے سفرکی مشکلات پیش کرنےوالی سیریز
نتیجہ
اگر آپ ہلکی پھلکی تفریح اور عدالت کے پس منظر میں بنے مزاحیہ ڈرامے کے شوقین ہیں، اور خاص طور پر روی کشن کی اداکاری کے مداح ہیں، تو یہ کورٹ روم کامیڈی ویب سیریز نیٹ فلکس پر دیکھی جا سکتی ہے۔