• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نفرت کا جواب محبت سے، تشدد کے بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کریں: شاہ رخ

Updated: November 22, 2026, 8:05 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے عالمی امن اور انسانیت کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ نفرت کو محبت میں تبدیل کرنے کے لیے تشدد کے بجائے بات چیت، خوف کے بجائے اعتماد اور اختلافات کے بجائے ہم آہنگی کو ترجیح دینی چاہیے۔

Shah Rukh Khan.Photo:INN
شاہ رخ خان۔ تصویر:آئی این این

 بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے عالمی امن اور انسانیت کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ نفرت کو محبت میں تبدیل کرنے کے لیے تشدد کے بجائے بات چیت، خوف کے بجائے اعتماد اور اختلافات کے بجائے ہم آہنگی کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا پر منعقدہ ’گلوبل پیس آنرز ۲۰۲۶‘ کی تقریب میں کہی۔ ان کے اس خطاب کو تقریب میں موجود شرکاء اور فلمی دنیا کی اہم شخصیات نے توجہ سے سنا۔یہ تقریب ۲۱ ؍نومبر کو منعقد ہوئی، جس کا اہتمام ۲۶ ؍نومبر ۲۰۰۸ کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ۱۸؍سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا تھا۔ اس تقریب کا مقصد حملوں میں شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنا، متاثرین اور زندہ بچ جانے والوں کی ہمت کو سراہنا اور دنیا بھر میں امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دینا تھا۔ یہ گلوبل پیس آنرز کا تیسرا ایڈیشن تھا، جس کا انعقاد دیویج فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:برطانیہ کا ہزاروں فریجوں کو ہیکر سے بچانے کے لیے خفیہ آپریشن کا آغاز: رپورٹ

شاہ رخ خان نے اپنی تقریر میں زندگی کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انسان اکثر اپنی زندگی میں کئی چیزوں کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔ کبھی اپنے خوابوں کے لیے، کبھی اپنی شناخت کے لیے اور کبھی اپنے پیاروں کے لیے لڑنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات معمولی باتوں پر بھی اختلافات اور جھگڑے شروع ہوجاتے ہیں، لیکن ایک ایسی چیز ہے جس کے لیے کسی لڑائی کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، اور وہ امن، سکون اور انسانیت ہے۔انہوں نے کہا کہ امن کا آغاز انسان کے اپنے دل سے ہوتا ہے اور دنیا میں محبت اور ہم آہنگی قائم کرنے کے لیے سب سے پہلے اپنے اندر سکون پیدا کرنا ضروری ہے۔شاہ رخ نے اپنے چھوٹے بیٹے ابرام کے ساتھ ہونے والی ایک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے نے ان سے سوال کیا تھا کہ نفرت کو محبت میں کیسے تبدیل کیا جاسکتا ہے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ اس کا راستہ بہت آسان ہے، ہمیں تشدد کے بجائے بات چیت، خوف کے بجائے اعتماد اور ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ رہنے کا انتخاب کرنا ہوگا۔ان کے مطابق محبت اسی وقت کامیاب ہوگی جب انسان اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کو سمجھنے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گا۔
شاہ رخ خان نے بین الاقوامی دوروں اور مختلف ممالک میں اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دنیا کے ہر حصے میں لوگوں سے بے پناہ محبت ملی ہے۔ انہوں نے محسوس کیا ہے کہ بیرون ملک بھی ہندوستان کے لیے لوگوں کے دلوں میں بہت احترام موجود ہے۔انہوں نے ہندوستان کو امن، سکون اور انسانیت کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقتوں اور عالمی سطح پر ہونے والے بڑے فیصلوں کے درمیان بھی انسانیت کے چھوٹے چھوٹے اقدامات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہی چھوٹے اقدامات تاریخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس موقع پر شاہ رخ خان نے اپنی مشہور فلم’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘  کے مقبول مکالمے ’بڑے بڑے شہروں میں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بھی انسانی رویوں اور چھوٹی چھوٹی نیکیوں کی اہمیت اجاگر کی۔

یہ بھی پڑھئے:’’میرے خیال میں سورج بڑجاتیا خود بھی پریم جیسے انسان ہیں‘‘

تقریب کا ایک اہم اور جذباتی لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب شاہ رخ خان نے ۲۶ ؍نومبر ۲۰۰۸ کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں میں زندہ بچ جانے والی کم عمر متاثرہ دیویکا روٹاون  سے ملاقات اور گفتگو کی۔دیویکا ان حملوں کی سب سے کم عمر زندہ بچ جانے والی متاثرین میں شامل تھیں۔ انہوں نے اس تقریب میں اس خوفناک رات کے اپنے تجربات بیان کیے اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے مشکل حالات کے باوجود ہمت کا مظاہرہ کیا اور دہشت گرد اجمل قصاب کے خلاف عدالت میں گواہی دی۔اس موقع پر دیویکا روٹاون کو ’گلوبل پیس آنرز ۲۰۲۶‘ سے بھی نوازا گیا۔ ان کی جدوجہد، ہمت اور حوصلے کو تقریب میں موجود افراد نے سراہا۔ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی گفتگو تقریب کے نمایاں لمحات میں شامل رہی۔گلوبل پیس آنرز ۲۰۲۶ءمیں بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں اداکار اکشے کمار نے فلم’ ’کیسری‘‘ کے مشہور گیت ’’تیری مٹی‘‘ پر پرفارم کیا، جس کے بعد انہوں نے ’سنو غور سے دنیا والو‘ کے ذریعے بھی حاضرین کا دل جیتا۔ٹائیگر شروف نے اکتوبر میں پیش آئے فائرنگ کے واقعہ کے بعد پہلی مرتبہ کسی عوامی تقریب میں شرکت کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK