Inquilab Logo Happiest Places to Work

موٹورولا ریزر فولڈ: دوسروں سے سستا اور بہتر فولڈیبل فون

Updated: June 29, 2026, 1:35 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس فولڈیبل فون میں دیگر کمپنیوںکے مقابلے کئی عمدہ خصوصیات دی گئی ہیں، یہ محض۴ء۵۵؍ملی میٹر پتلا ہے،اسکرین اور بیٹری بھی عمدہ دی گئی ہے۔

The picture shows the Motorola Razr Fold open and closed. Photo: INN
تصویر میں موٹورولا ریزر فولڈ کھلا اور بند فون دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

مڑنےوالے اسمارٹ فونز، یعنی فولڈیبل ڈیوائسز،نے گزشتہ چندبرسوں میں خاصی ترقی کی ہے، خصوصاً ہندوستانی بازار میں۔ اب یہ محض فیشن یا طرزِ زندگی کی علامت نہیں رہے بلکہ مکمل پیداواری صلاحیت رکھنے والے اسمارٹ فونز کے طور پر اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ ۲۰۲۶ءمیں اس زمرے کی توجہ بالآخر ان پہلوؤں پر مرکوز ہوئی ہے جنہیںصارفین سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں، جیسے بہتر بیٹری، مستقل اور معیاری کیمرہ، مضبوطی اور طویل مدت تک سافٹ ویئر اپ ڈیٹس۔ انہی خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹرولا نےاپنا پہلا بک اسٹائل فولڈیبل اسمارٹ فون،’موٹرولا ریزر فولڈ‘ متعارف کرایا ہے۔

قیمت:اس نئے اسمارٹ فون کی ابتدائی قیمت ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج والے ماڈل کے لیے ایک لاکھ ۴۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپے رکھی گئی ہے، جبکہ ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج والےاعلیٰ ترین ماڈل کی قیمت ایک لاکھ ۵۹؍ہزار۹۹۹؍روپے ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نےفیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءکاایک خصوصی ایڈیشن بھی پیش کیا ہے، جس کے ساتھ موٹو پین فراہم کیا جا رہا ہے اور اس کی قیمت ایک لاکھ۶۹؍ہزار۹۹۹؍ روپے ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹیکنوپووا۸:قیمت تو زیادہ بڑھادی گئی لیکن خصوصیات نہیں

ڈیزائن:ڈیزائن کے اعتبار سےیہ فون یقیناً بازار میں دستیاب پتلےترین فولڈیبل فونز میں شامل ہے۔کھلنے کے بعد اس کی موٹائی صرف ۴ء۵۵؍ملی میٹر رہ جاتی ہے۔ البتہ وزن کے معاملے میں یہ ہلکا نہیں ہے، کیونکہ اس کا وزن ۲۴۳؍گرام ہے، جبکہ گلیکسی زیڈ فولڈ۷؍کا وزن ۲۱۵؍گرام ہے۔ تاہم اضافی وزن دراصل بڑی بیٹری اور دیگر اندرونی اجزا کی وجہ سے ہے۔

ڈسپلے:موٹرولا نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ریزر فولڈ بہترین بصری تجربہ فراہم کرے۔ یہ فون فولڈیبل اسمارٹ فونز میں دستیاب روشن ترین اسکرینوںمیں سے ایک کے ساتھ آتا ہے۔ اس میں۶ء۵۶؍ انچ کےکور اسکرین اور۸ء۱؍انچ کا بڑی مرکزی اسکرین دیا گیاہے۔ دونوںمیں ایل ٹی پی او او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو ۱۲۰؍ہرٹز ریفریش ریٹ اور ۶۲۰۰؍نٹس تک برائٹنیس دیتاہے۔

سافٹ ویئر:موٹرولا ریزر فولڈ، اینڈرائیڈ ۱۶؍پر مبنی ہیلو یو آئی کے ساتھ پیش کیاگیاہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس فون کو۷؍سال تک اینڈرائیڈ اپ گریڈز اور ۷؍ال تک سیکورٹی اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی، جو اس وقت صرف چند برانڈز،مثلاً سیمسنگ اور گوگل، ہی پیش کرتے ہیں۔یلو یو آئی اپنی سادگی اور غیر ضروری ایپلی کیشنز سے پاک ماحول کی وجہ سے پسند کی جاتی ہے۔

ہارڈویئر:موٹرولا ریزر فولڈ میں جدید کوالکوم اسنیپ ڈریگن۸؍جین ۵؍ پروسیسر دیا گیا ہے، جو موٹرولا کے سگنیچر اسمارٹ فون میں بھی استعمال کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ریئل می ۱۶:نیا ڈیزائن دے کر بہت کچھ چھین لیا گیا ہے

کیمرہ:کیمرے کےمعاملےمیں موٹرولا ریزر فولڈ خاص طور پر متاثر کرتا ہے۔ کمپنی نے اسی طرح کا ریئر کیمرہ سیٹ اپ استعمال کیا ہے جو موٹرولا سگنیچر میں موجود ہے۔ یہ کوئی منفی پہلو نہیں، کیونکہ سگنیچر کے کیمرے نے اپنی قیمت کے لحاظ سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔کیمرہ ایپ میں رنگوں کی ترتیب کے لیے مختلف موڈز دیے گئے ہیں، جن میں نیچرل، ویوڈ اور سگنیچر شامل ہیں۔

بیٹری:موٹرولا ریزر فولڈ میں ۶؍ہزارایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دی گئی ہے، جو ہندوستان میں دستیاب فولڈیبل فونز میں سب سےبڑی بیٹریوں میں شمار ہوتی ہے۔ سلیکان کاربن بیٹری استعمال کی ہے تاکہ باریک ڈیزائن برقرار رکھتے ہوئے زیادہ بیٹری صلاحیت فراہم کی جا سکے۔۱۸؍ گھنٹے اور تیس منٹ تک یہ بیٹری چل سکتی ہےجبکہ اندرونی بڑی اسکرین پر یہ۱۲؍گھنٹے تک چلتی ہے۔۹۰؍واٹ کا چارجر دیا گیا ہے جس سےایک گھنٹہ میں چارج ہوجاتا ہے۔

چند اہم باتیں

 اسکرین سائز

کور:۶ء۵۶؍انچ، مین :۸ء۱؍انچ

ڈسپلے

ایل ٹی پی او ، او ایل ای ڈی

سافٹ ویئر

اینڈرائڈ ۱۶؍پر مبنی ہیلو یو آئی

پروسیسر

کوالکوم اسنیپ ڈریگون ۸؍جین ۵

ریم

۱۶؍جی بی 

اسٹوریج

 ۲۵۶؍،۵۱۲؍جی بی 

بنیادی کیمرہ

۵۰؍، ۵۰؍،۵۰؍میگاپکسل

سیلفی کیمرہ

۳۲؍،۲۰؍میگا پکسل

بیٹری

۶؍ہزار ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK