سائبر کرائم کو صرف سنسنی پیدا کرنے کیلئے نہیں بلکہ جذباتی کہانی پیش کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے، اس پر ارشد وارثی اور ویر ہیرانی کی اداکاری بھی عمدہ ہے۔
EPAPER
Updated: July 19, 2026, 11:30 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
سائبر کرائم کو صرف سنسنی پیدا کرنے کیلئے نہیں بلکہ جذباتی کہانی پیش کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے، اس پر ارشد وارثی اور ویر ہیرانی کی اداکاری بھی عمدہ ہے۔
پریتم اینڈ پیڈرو
(Pritam and Pedro)
اسٹریمنگ ایپ: جیو ہاٹ اسٹار(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: ارشد وارثی، ویر ہیرانی، وکرانت میسی، مونا سنگھ، ستیہ دیپ مشرا، شروتی مراٹھے، نچیکیت پرناپترے، راجندر جادھو
ڈائریکٹر: اویناش ارون
رائٹر: راجکمار ہیرانی، سویش تریویدی، ابھیجات جوشی، سوانند کرکرے، پرنجل سکسینہ
پروڈیوسر: راجکمار ہیرانی، ساحل کھوسلہ، سنجیو کشن چندانی
ایڈیٹر: راجکمار ہیرانی
موسیقار: شانتنو موئترا، روپیش مشرا
آرٹ ڈائریکٹر: ویویک کیرکر
ریٹنگ: ***
آج کے دور میں بینکنگ سے لے کر آن لائن خریداری، گیمنگ، دوستی اور رشتے تلاش کرنے تک تقریباً ہر کام اب انٹرنیٹ کے ذریعےانجام دیا جا رہا ہے۔ لیکن اسی رفتار سے یہاں بھی جرائم بڑھتے جارہے ہیں جسے حل کرنے کیلئےاسی کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔ فلم ساز راج کمار ہیرانی کی پہلی ویب سیریز ’پریتم اینڈ پیڈرو‘ انہی سائبرخطرات سے ناظرین کو ہلکے پھلکے اور تفریحی انداز میں آگاہ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس سیریز کے ذریعے راج کمار ہیرانی بطور پروڈیوسر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر قدم رکھ رہے ہیں، جبکہ ان کے بیٹے ویر ہیرانی بھی اسی سیریز سے اداکاری کی دنیا میں اپنا آغاز کر رہے ہیں۔ ایسے میں اس کی پزیرائی بھی خوب کی جارہی ہے۔
کہانی
امیت دوبے کی کتابوں ’ہڈن فائلز‘اور’ریٹرن آف دی ٹروجن ہارس‘ سے متاثر اس سیریز کی کہانی گوا میں پیش آتی ہے۔ پیڈرو گونزالویس (ارشد وارثی) ایک پرانے خیالات رکھنے والا پولیس افسر ہے، جس کا کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی سے تقریباً کوئی تعلق نہیں۔ جب بطور سزا اس کا تبادلہ سائبر سیل میں کر دیا جاتا ہے تو اس کی زندگی یکسر بدل جاتی ہے۔ اسی دوران اس کی ملاقات سائبر ٹیکنالوجی کے غیر معمولی ماہر نوجوان پریتم (ویر ہیرانی) سے ہوتی ہے۔
جلدہی ان دونوں کے سامنے ایک بڑے سائبر فراڈ اور ایک بااثر سیاست دان کے بچے کے اغوا کا پیچیدہ کیس آتا ہے۔ اب تجربہ کار مگر روایتی سوچ رکھنے والا پیڈرو اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت رکھنے والا پریتم ایک ساتھ مل کر اس معمہ کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان دونوں کی مشترکہ جدوجہد کیا رنگ لاتی ہے، یہی اس سیریز کی اصل کہانی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اب ہوگا حساب: بیرون ملک جانے کے خواب پر ایک اثردار کہانی
ہدایت کاری
راج کمار ہیرانی، ابھیجات جوشی اور سُیَش ترویدی کی تحریر کردہ اس سیریز کا مقصد تفریح کے ساتھ ساتھ سائبر جرائم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اسی لیے کہانی میں بلیو وہیل گیم، ہیکنگ، جعلی تصاویرکے ذریعے بلیک میلنگ، ایک او ٹی پی بتانے کی غلطی سے ہونےوالے کروڑوں کے فراڈ اور دیگر سائبر جرائم کو شامل کیا گیا ہے۔ تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ اتنے اہم موضوع کے باوجود اسکرپٹ ان مسائل کی گہرائی تک نہیں پہنچ پاتی۔ کئی مواقع پر محسوس ہوتاہے کہ سائبر کرائم جیسے پیچیدہ موضوع پر مزید تحقیق کی ضرورت تھی۔ معلومات فراہم تو کی گئی ہیں، مگر انہیں زیادہ مؤثر اور حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کیا جا سکتا تھا۔ سیریز کو آسان اور عام ناظرین کے لیے دلچسپ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن اسی وجہ سے یہ ایک سنسنی خیز کرائم تھرلر بننے سے محروم رہ جاتی ہے۔ راج کمار ہیرانی اپنی بہترین مزاحیہ ٹائمنگ کے لیے مشہور ہیں، لیکن اس مرتبہ کئی مزاحیہ مناظر غیر ضروری محسوس ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک بچے کے اغوا جیسے حساس معاملے کے دوران پولیس اہلکاروں کا سموسے کھاتے ہوئے مذاق کرنا یا غیر سنجیدہ جملے ادا کرنا منظر کی سنجیدگی کو کمزور بنا دیتا ہے۔ ’پاتال لوک‘ اور’تھری آف اَس‘جیسی معیاری تخلیقات کے ہدایت کار اویناش ارون نے مجموعی طور پر سیریز کی رفتار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔ کئی مقامات پر ان کی ہدایت کاری میں راج کمارہیرانی کے انداز کی جھلک بھی نظر آتی ہے، جس سے سیریز دلچسپ بنی رہتی ہے، اگرچہ اسکرپٹ کی کمزوریاں پوری طرح چھپ نہیں پاتیں۔
یہ بھی پڑھئے: برائون: کرائم تھریلر اور کرشمہ کپور کی سنجیدہ اداکاری کا مجموعہ
اداکاری
سیریز کی سب سے بڑی طاقت اس کی مرکزی جوڑی یعنی پریتم اور پیڈرو ہے۔ ارشد وارثی ایک مرتبہ پھر اپنی فطری اداکاری اور شاندارمزاحیہ انداز سے متاثر کرتے ہیں۔ وہ تقریباً ہر منظر میں جان ڈال دیتےہیں اور ان کا کردار ناظرین سے فوری تعلق قائم کر لیتا ہے۔ دوسری جانب ویرہیرانی اپنی پہلی ہی سیریز میں اچھی کوشش کرتےنظرآتے ہیں۔ اگرچہ ان کی اداکاری میں نیا پن اور کچھ خامیاں محسوس ہوتی ہیں، لیکن ان میں صلاحیت واضح دکھائی دیتی ہے۔ انہیں مستقبل میں اپنی ڈائیلاگ ڈلیوری اور تاثرات پر مزید محنت کرنے کی ضرورت ہوگی۔ منفی کردار میں وکرانت میسی اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلاتے ہیں، جبکہ دیگر معاون اداکاروں کو اسکرپٹ میں زیادہ مواقع نہیں ملتے۔
نتیجہ
اگر آپ سائبر جرائم، آن لائن فراڈ، ہیکنگ اور ڈیجیٹل سکیورٹی جیسےموضوعات کے بارے میں بنیادی آگاہی حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی ہلکی پھلکی تفریح بھی پسند کرتے ہیں تو جیو ہاٹ اسٹار پر دستیاب ’پریتم اینڈ پیڈرو‘ ایک بار ضرور دیکھی جا سکتی ہے۔