ہندی فلم انڈسٹری میں ایسے کئی ستارے آئے ہیں جنہیں فلمی خاندان کا پس منظر حاصل تھا، لیکن ہر کسی کو کامیابی نہیں ملی۔
سوناکشی سنہا۔ تصویر:آئی این این
ہندی فلم انڈسٹری میں ایسے کئی ستارے آئے ہیں جنہیں فلمی خاندان کا پس منظر حاصل تھا، لیکن ہر کسی کو کامیابی نہیں ملی۔ کچھ فنکار اپنےخاندانی نام کی بدولت فلموں میں داخل تو ہو جاتے ہیں، مگر ناظرین کے دلوں میں جگہ بنانے کے لیے اپنی صلاحیت کا ثبوت دینا پڑتاہے۔ سوناکشی سنہا ان اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہوں نے ایک مشہور فلمی گھرانے سے تعلق رکھنے کے باوجود اپنی محنت اور مستقل مزاجی سے اپنی الگ شناخت بنائی۔
سوناکشی سنہا۲؍جون ۱۹۸۷ءکوممبئی میں پیدا ہوئیں۔ وہ معروف اداکار اور سیاست دان شتروگھن سنہا اور سابق اداکارہ پونم سنہا کی صاحبزادی ہیں۔ان کے دو بڑے جڑواں بھائی، لو سنہا اور کش سنہا بھی فلمی دنیا سے وابستہ رہے ہیں۔بچپن سے ہی سوناکشی کا ماحول فلمی تھا، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ابتدا میں ان کی دلچسپی اداکاری کے بجائے فیشن اور ڈیزائننگ میں زیادہ تھی۔ انہوں نے شریمتی ناتھی بائی دامودر ٹھاکرے ویمنز یونیورسٹی(ایس این ڈی ٹی)سے فیشن ڈیزائننگ کی تعلیم حاصل کی۔سوناکشی نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور کاسٹیوم ڈیزائنر کیا۔ انہوں نے ۲۰۰۵ءمیںریلیز ہونے والی فلم ’میرا دل لے کے دیکھو‘ کے لیے ملبوسات کے شعبے میں کام کیا تھا۔اداکاری کی دنیا میں ان کی باضابطہ آمد۲۰۱۰ءمیں ہوئی، جب انہیں سلمان خان کے مقابل فلم ’دبنگ‘میں راجو نامی ایک سادہ لوح دیہاتی لڑکی کا کردار ملا۔اس فلم نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی اور سوناکشی راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ ان کی معصوم اداکاری اور روایتی انداز کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ اس فلم کے لیے انہیں بہترین نئی اداکارہ کےمتعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔
دبنگ کی کامیابی کے بعد سوناکشی سنہا کا شمار بالی ووڈ کی مصروف ترین اداکاراؤں میں ہونے لگا۔انہوں نے یکے بعد دیگرے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، جن میں رائوڈی راٹھور، سن آف سردار، دبنگ۲؍، لٹیرا، ہولی ڈے:اے سولجر اِز نیور آف ڈیوٹی اور ایکشن جیکسن جیسی فلمیںشامل ہیں۔ان میں سے خاص طور پر لٹیراکو سوناکشی کے کریئر کا اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔ فلم میں انہوں نے ایک سنجیدہ اور جذباتی کردار ادا کیا، جس نے ناقدین کو حیران کر دیا۔ اس فلم کے بعد یہ تاثر مضبوط ہواکہ سوناکشی صرف تجارتی فلموں کی ہیروئن نہیں بلکہ سنجیدہ کردار بھی بخوبی نبھا سکتی ہیں۔
وقت کے ساتھ سوناکشی نےاپنی فلموں کے انتخاب میں تبدیلی لاناشروع کی۔ انہوں نے ایسے کرداروں کو ترجیح دی جن میں کہانی کا محور خاتون کردار ہو۔ان کی قابل ذکر فلموں میں اکیرا، نور، خاندانی شفاخانہ شامل ہیں۔اگرچہ یہ فلمیں بڑی تجارتی کامیابیاں حاصل نہ کر سکیں، لیکن ان سے سوناکشی کے فنکارانہ دائرہ کار میں اضافہ ہوا۔
فلمی دنیا میں اتار چڑھاؤ کے بعد سوناکشی سنہا نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی جانب بھی رخ کیا۔۲۰۲۳ءمیںریلیز ہونے والی ویب سیریز دہاڑمیں انہوں نے ایک پولیس افسر کا کردار ادا کیا۔ اس سیریز میں ان کی پرفارمنس کو کافی پسند کیا گیا۔بعد ازاں ہیرامنڈی میں ان کے کردار نے بھی توجہ حاصل کی۔ اس سیریز کے ذریعے انہوں نے ایک بار پھر اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔آج بھی وہ اپنی فلموں کے ذریعہ مصروف کار ہیں۔