• Sat, 07 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ودھ۲: عمدہ کہانی میں سنجے مشرا اور نینا گپتا کی شاندار اداکاری

Updated: February 07, 2026, 11:42 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ہدایتکار جسپال سنگھ سندھو نے ایک عمدہ کرائم تھریلر تشکیل دیا ہے جس میں ایک کے بعد ایک نیا موڑ کہانی کو مزید دلچسپ بناتا ہے، دیگر اداکار بھی عمدہ ہیں۔

Sanjay Mishra and Neena Gupta can be seen in a scene from the film `Vadh 2`. Photo: INN
فلم’ودھ۲‘کےایک منظر میں سنجے مشرا اور نینا گپتا کودیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

ودھ ۲ (Vadh 2)
اسٹارکاسٹ: سنجے مشرا، نینا گپتا، کمور مشرا، امیت سنگھ، اکشے ڈوگرا، شلپا شکلا، یوگیتا بہانی، ندیم خان، دیپک رائے
ڈائریکٹر: جسپال سنگھ سندھو
رائٹر: جسپال سنگھ سندھو، نیہا شیتولے
پروڈیوسر: لَو رنجن، انکور گرگ، روہینی بھنڈاری
موسیقار: ادوایت نیملیکر
ایڈیٹر: بھرت راوت
کاسٹنگ ڈائریکٹر: سندیپ پاٹل
پروڈکشن ڈیزائنر: سدھانت ملہوترا
کاسٹیوم ڈیزائن: درشن جلان
ریٹنگ:****
کہا جاتا ہے کہ پرفیکٹ کرائم جیسی کوئی چیز نہیں ہوتی ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ مجرم کتنا ہی چالاک ہے، وہ ہمیشہ کوئی نہ کوئی سراغ چھوڑ ہی دیتا ہے۔ لیکن اگر جرم کرنے کے بعد مجرم خود سراغ پیش کر دے؟ سوال یہ ہے کہ وہ ایسا کیوں کرے گا؟تقریباً ۴؍ سال قبل ریلیز ہونے والی ’ودھ‘ کے سیکوئل ’ودھ۲؍‘ کی کہانی اس رازسےپردہ اٹھاتی ہے۔ پچھلی فلم نے نہ صرف شائقین کو مسحور کیا بلکہ سینئر اداکار سنجے مشرا اور نینا گپتا کی جوڑی نے بھی دل جیت لیے تھے۔ اب، ہدایت کار جسپال سنگھ سندھو کا سیکوئل فلم کو پارٹ ون سے زیادہ بلندی پر لے جاتا ہے، جس میں محبت، جرم اور انتقام کی کہانی پیش کی گئی ہے جو ناظرین کو انصاف اور ناانصافی کے درمیان توازن پر غور کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ 
فلم کی کہانی
فلم کی کہانی ایماندار پولیس اہلکار شمبھو ناتھ مشرا (سنجے مشرا) اور اس کی بیوی منجو(نینا گپتا)پر مرکوز ہے، جو۲؍قتل کے الزام میں ۲۸؍ سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ اپنے بیٹے کی تعلیم کے لیے قرض لینےوالے شمبھو ناتھ کو اب اپنے بیٹے کی بے حسی کا سامنا ہے، جس نے بیرون ملک شادی کر کے اپنے والد کو بھلا دیا ہے۔ حالات نے شمبھو ناتھ کو مجبور کیا کہ وہ جیل سے سبزیاں چرائے اور اپنے قرض کی ادائیگی کے لیے بیچے۔ ان مشکلات کے درمیان، منجو اور شمبھو ناتھ ایک جذباتی بندھن بناتےہیں جو ان کی علیحدگی کے باوجود مضبوط رہتا ہے۔ ایک نئے افسر، پرکاش سنگھ (کمود مشرا) کو جیل منتقل کیا جاتا ہے، جو ذات پات کی تفریق پر مبنی ذہنیت رکھتا ہے۔ جب وہ دیکھتا ہے کہ مقامی ایم ایل اے کا بھائی کیشو (اکشے ڈوگرا) کھلے عام غنڈہ گردی میں ملوث ہے اور قانون کی دھجیاں اڑا رہا ہے تو اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے لگتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بارڈر ۲:یوم جمہوریہ پرحب الوطنی کے جذبہ کو ابھارنے کی کوشش

کیشو نہ صرف جیل وارڈن، رجنی (شلپا شکلا) کو ہراساں کرتا ہے، بلکہ ایک نئی قیدی، نینا(یوگیتا بہاری) پر بھی بری نظر ڈالتا ہے۔ ایک رات، پرکاش سنگھ اور کیشو کے درمیان گرما گرم بحث ہوجاتی جو تشددمیں بدل جاتی ہے۔ اسی رات، کیشو پراسرار طور پر جیل سے غائب ہو جاتا ہے۔ اس سنسنی خیز معاملے کی تفتیش ایماندار اور خود اعتماد پولیس افسر اتیت سنگھ (امیت کے سنگھ) کو سونپی گئی ہے۔ جوں جوں تفتیش آگے بڑھتی ہے، کہانی سنگین ہوتی جاتی ہے۔ 
ہدایت کاری
پہلے حصے کی جوڑی کے پہلے ہی کافی تعداد میں لوگ مداح بن چکے ہیں۔ ہدایت کار جسپال سنگھ سندھو ’ودھ۲‘میں ایک نئی کہانی اور نئے کرداروں کے ساتھ آگے بڑھتےہیں۔ دو بوڑھے لوگوں کی یہ محبت کی کہانی ایک اچھی طرح سے تیار کی گئی کہانی ہے، جو اپنے کرداروں، ماحول اور جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرے سے ناظرین کوپریشان کرتی ہے۔ فلم اخلاقی زوال، قانون نافذ کرنے والے کمزور اداروں، فرقہ پرستی اور انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں کو ایک تیز رفتارمیں پیش کرتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی طاقت یہ ہے کہ ناظرین تہہ در تہہ جرم کی گہرائی میں اترتے ہیں۔ دوسرا ہاف خاصا مضبوط ہے، جس میں ایک کے بعد ایک موڑ کہانی کو ایک نئی سمت دیتے ہیں۔ 
اداکاری 
اداکاروں کی پرفارمنس فلم کا دل ہے۔ سنجے مشرا اور نینا گپتا جیسے تجربہ کار اداکار اپنی عمدہ پرفارمنس کے ساتھ پوری فلم کو آگے بڑھاتے ہیں۔ وہ اپنے کرداروں کے ذریعے اپنی محبت کی کہانی کو قابل اعتبار بناتےہیں، لیکن ان کے ساتھی اداکار بھی تعریف کے مستحق ہیں۔ کمود مشرا اپنے کردار میں سب کو قائل کرلیتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: مردانی۳:سوجھ بوجھ کے ساتھ بنائی گئی عمدہ اداکاری پر مبنی فلم

شلپا شکلا ایک چھوٹے سےکردار کو یادگار بنا دیتی ہیں۔ تھالی میں بینگن جیسا کردار اداکرنے والے ندیم خان یاد رہ جاتے ہیں۔ اکشے ڈوگرا طاقتور گینگسٹر کے کردار کو خوفناک بنا دیتے ہیں۔ امیت سنگھ نے ایماندار پولیس افسر اتیت سنگھ کا شاندار کردار ادا کیا ہے۔ نینا کے کردار میں یوگیتا بہاری بھی متاثر کن ہیں۔ 
کیوں دیکھیں؟
اگر آپ ایک اچھا کرائم تھرلر چاہتے ہیں، تو یہ فلم سنجے مشرا اور نینا گپتا کی زبردست پرفارمنس کے لیے دیکھنے کے قابل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK