Inquilab Logo Happiest Places to Work

شائومی ۱۷؍ٹی: ایک عمدہ فون کی بیشتر خصوصیات کا حامل

Updated: July 06, 2026, 12:29 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس کی باڈی میٹل کی نہیں پلاسٹک کی ہے، ڈسپلے ۶ء۵۹؍انچ کا ہے، کیمرے۵۰؍میگاپکسل کے دو اور ۱۲؍میگا پکسل کا وائڈ اینگل کیمرہ ہے۔

Different colors of Xiaomi 17T. Photo: INN
شائومی ۱۷؍ٹی کے مختلف رنگ۔ تصویر: آئی این این

حالیہ برسوں میں فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی دنیا کو اگر ایک جملے میں بیان کرنا ہو تو شاید’سوچے سمجھے سمجھوتے‘اس کے لیے سب سے موزوں اصطلاح ہوگی۔ بیشتر کمپنیوں نے اپنے مہنگے فلیگ شپ فونز کی چند نمایاں خصوصیات کو نسبتاً کم قیمت والے ماڈلز میں شامل کیا، لیکن قیمت کو قابو میں رکھنے کے لیے کچھ شعبوں میں سمجھوتہ بھی کیا۔ طویل عرصے تک شیاؤمی کی ’ٹی‘سیریز اس فلسفے کی بہترین مثال سمجھی جاتی رہی۔ جہاں جہاں یہ سیریز دستیاب رہی، وہاں اس نے کم قیمت میں تقریباً فلیگ شپ جیساتجربہ فراہم کرکے صارفین میں اپنی مضبوط ساکھ قائم کی۔ ہندوستانی صارفین گزشتہ ۴؍برس سے زیادہ عرصے تک اس فارمولے سے محروم رہے، لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے۔ 
قیمت: گزشتہ ماہ ہندوستان میں متعارف کرائے گئے شیاؤمی ۱۷؍ٹی کی ابتدائی قیمت ۵۹؍ہزار ۹۹۹؍روپے رکھی گئی ہے۔ اس کےبنیادی ماڈل میں ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔ کمپنی نے اس فون کو خاص طور پر ان صارفین کے لیے تیار کیا ہے جو اعلیٰ درجے کی فوٹوگرافی کے شوقین ہیں لیکن الٹرا پریمیم قیمت ادا نہیں کرنا چاہتے۔ 
ڈیزائن: فون کے پچھلے حصے میں اوپری بائیں جانب مربع شکل کاکیمرا ماڈیول دیا گیا ہے، جو بنیادی شیاؤمی ۱۷؍کے ماڈیول جیسا ہی ہے۔ تینوں کیمروں کو نہایت خوبصورتی سے ترتیب دیا گیا ہے۔ اگرچہ کیمرا یونٹ باڈی سے کچھ ابھرا ہوا ہے، لیکن اس کا توازن بہترین ہے اور میز پر رکھنے پر فون ہلتا نہیں۔ خاص طور پر قابلِ تعریف بات یہ ہے کہ آج کے دور میں جہاں کیمرا جزیرے مسلسل بڑے ہوتے جا رہے ہیں، شیاؤمی نے اس کے حجم کو مناسب حد تک محدود رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: موٹورولا ریزر فولڈ: دوسروں سے سستا اور بہتر فولڈیبل فون

ڈسپلے: فون کے سامنے۶ء۵۹؍انچ کا۱ء۵؍کےامولیڈ ڈسپلےموجودہے، جو ان صارفین کے لیے خوش آئند ہے جو بہت زیادہ بڑے اور وزنی فون پسند نہیں کرتے۔ اس اسکرین کا سائز ایک متوازن تجربہ فراہم کرتا ہے، جہاں بڑی اسکرین کا لطف بھی ملتا ہے اور فون غیر ضروری طور پر بھاری محسوس بھی نہیں ہوتا۔ ڈسپلے مجموعی طور پر نہایت متاثر کن دکھائی دیتا ہے۔ رنگ شوخ اور جاندار ہیں، لیکن ضرورت سے زیادہ مصنوعی محسوس نہیں ہوتے، جبکہ کنٹراسٹ بھی کافی گہرا اور دلکش ہے۔ 
ہارڈویئر: شیاؤمی ۱۷؍ٹی میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۸۵۰۰؍ الٹرا پروسیسر استعمال کیا گیا ہے۔ اگرچہ یہ کسی اعلیٰ ترین فلیگ شپ چپ سیٹ جیسا جوش پیدا نہیں کرتا، لیکن روزمرہ کے استعمال میں اس کی کارکردگی نہایت اطمینان بخش ہے۔ 
کیمرہ: شیاؤمی ۱۷؍ٹی خریدنے کی سب سے بڑی وجہ اس کا کیمراسسٹم ہے۔ لائیکا کے ساتھ کمپنی کی شراکت داری اب بھی مارکیٹ میں سب سے منفرد امیج پروسیسنگ فراہم کر رہی ہے۔ یہ وہ مصنوعی اور حد سے زیادہ شارپ تصاویر پیش نہیں کرتا جنہیں کئی کمپنیاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔ 
شیاؤمی ۱۷؍ٹی سے لی گئی تصاویر زیادہ قدرتی محسوس ہوتی ہیں، جن میں رنگوں کی درستگی اوربناوٹ کی تفصیلات نہایت عمدہ انداز میں محفوظ رہتی ہیں۔ سب سے متاثر کن بات یہ ہے کہ تصاویر کی تفصیلات کسی پروفیشنل کیمرے کی پیداوار کا احساس دلاتی ہیں۔ 
بیٹری: اگرچہ شیاؤمی۱۷؍ٹی میں بعض حریف فونز کی طرح غیر معمولی بڑی بیٹری موجود نہیں، لیکن اس کی توانائی کا انتظام نہایت مؤثرانداز میں کیا گیا ہے۔ عام استعمال کی صورت میں فون ڈیڑھ دن تک آرام سے ساتھ دیتا ہے، جبکہ بھاری استعمال، جیسے سوشل میڈیا، ویب براؤزنگ، موسیقی کی اسٹریمنگ اور نیویگیشن کے باوجود پورا دن گزارنے کے بعد بھی کافی بیٹری باقی رہتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹیکنوپووا۸:قیمت تو زیادہ بڑھادی گئی لیکن خصوصیات نہیں

چند اہم باتیں 
اسکرین سائز
۶ء۵۹؍انچ امولیڈ، ۱ء۵؍کے
ڈسپلے
کورننگ گوریلا گلاس ۷؍ آئی
سافٹ ویئر
اینڈرائڈ ۱۶؍ پر مبنی ہائپر او ایس ۳؍
پروسیسر
میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۸۵۰۰؍ الٹرا
ریم
۱۲؍جی بی 
اسٹوریج
 ۵۱۲؍جی بی 
بنیادی کیمرہ
۵۰؍، ۵۰؍، ۱۲؍میگاپکسل
سیلفی کیمرہ
۳۲؍میگا پکسل
بیٹری
۶؍ہزار۵۰۰؍ ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK