• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریپبلکن پارٹی کا بیڑہ غرق ہوتے ہی ٹرمپ کا دماغ بھی ٹھکانے پر آرہا ہے

Updated: November 12, 2026, 2:58 PM IST | Pervez Hafeez | Mumbai

نائب صدر جے ڈی وینس نے بتادیا کہ یہ صورتحال بدلی جاسکتی ہے اور ناراض ووٹروں کی التفات دوبارہ حاصل ہوسکتی ہے اگر ایران جنگ بندکردی جائے اور اسرائیل کے ساتھ رشتوں پر ایک بار سنجیدگی سے نظر ثانی کی جائے۔

Democrats have now secured a majority in the U.S. Congress and Senate. Photo: INN
امریکی کانگریس اورسینیٹ میںاب ڈیموکریٹس کو اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ تصویر: آئی این این

 پہلے نائب صدر جے ڈی وینس نے اور دو دن بعد خود صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شرمناک شکست کے تین بنیادی اسباب بیان کئے: پیٹرول اور ضروری اشیا کی آسمان چھوتی قیمتیں، ایران جنگ اور اسرائیل کے ساتھ امریکہ کے تعلقات۔ نتائج کے اعلان کے دوسرے دن ہی وینس نے یہ دعویٰ بھی کیاکہ جن لوگوں نے ۲۰۲۴ء کے صدارتی انتخاب میں ٹرمپ کو ووٹ دیا تھاانہوں نے اس بار ڈیموکریٹ امیدواروں کی حمایت کردی۔وینس نے یہ بھی بتادیا کہ یہ صورتحال بدلی جاسکتی ہے اور ناراض ووٹروں کی التفات دوبارہ حاصل ہوسکتی ہے اگر ایران جنگ بندکردی جائے اور اسرائیل کے ساتھ رشتوں پر ایک بار سنجیدگی سے نظر ثانی کی جائے۔ وینس پر یہ الزام لگانا درست نہیں ہوگا کہ اپنی پارٹی کی ناکامی کے بعد وہ اسرائیل کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وینس نے کئی ماہ قبل نیتن یاہو کو کہ دیا تھا کہ ان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دنیا میں آج اسرائیل کا کوئی دوست نہیں بچا ہے۔ لاس اینجلز میں ایک حالیہ کانفرنس میں وینس نے یہ دعویٰ کیا کہ امریکہ کی مڈل ایسٹ پالیسی ریاست اسرائیل کے حکم کی تابع نہیں ہوگی بلکہ امریکہ اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر ہی اپنی پالیسی طے کرے گا۔

مڈٹرم الیکشن میں ریپبلکن پارٹی کا بیڑہ غرق ہوتے ہی ٹرمپ کا دماغ بھی ٹھکانے پر آرہا ہے۔انہوں نے نائب صدر کے بیان کی تردید نہیں کی۔ ٹرمپ نے ہار کی ذمہ داری اپنے سر لینے سے انکار کرتے ہوئے  دعویٰ کیا کہ ان کی عوامی مقبولیت میں کمی نہیں آئی ہے۔بقول ٹرمپ مڈٹرم الیکشن میں حکمراں پارٹی کی ہار کی وجہ یہ تھی کہ عوام جنگ اور پیٹرول کی قیمتوں میں ہوئے اضافوں سے خفا تھے۔ اس کے بعد ٹرمپ نے جو کہا اس کی توقع ان جیسے اسرائیل نواز امریکی صدر سے نہیں کی جاسکتی تھی۔ٹرمپ کے مطابق ریپبلکن پارٹی کی بھاری شکست کی اہم وجہ یہ بھی تھی کہ امریکی عوام میں اسرائیل کے خلاف حیرت انگیز طور پر ’شدید ناپسندیدگی‘بے پناہ بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: حال پر پاکستان کی اورمستقبل پر ہندوستان کی نظر

وسط مدتی انتخاب میں ڈیموکریٹس کی بہتر کارکردگی کی پیشین گوئی تو کی جارہی تھی لیکن کسی بھی سیاسی پنڈت نے ریپبلکن پارٹی کی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ایسی ذلت آمیز شکست کا تصور نہیں کیا تھا۔پچھلے۸۰؍ برسوں میں پہلے صرف دو بار ایسا ہوا تھا کہ کسی ایک مڈ ٹرم الیکشن میں کسی بھی پارٹی نے کانگریس کے دونوں ایوانوں (ایوان نمائندگان اور سینیٹ) کا کنٹرول حاصل کیا ہو۔حالانکہ سی بی ایس ٹی وی کے  60 Minutes پروگرام میں صدر نے ان نتائج کے ۳؍ اسباب بتائے لیکن اگر غور سے دیکھا جائے تو تینوں اسباب کا ماخذدراصل ایک ہی ہے۔ امریکہ کے عوام پچھلے آٹھ ماہ سے توانائی کے بحران اور مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق پیٹرول اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہوئے اضافے کی وجہ سے اوسط امریکی گھر کے بجٹ پر اضافی ۲؍ ہزار ڈالرماہانہ کا بوجھ بڑھا ہے۔ اس ناگہانی آفت کی وجہ سے بہت سے لوگوں کا گھر چلانا مشکل ہورہا ہے۔ سوال:بڑھتی قیمتوں اور توانائی کی قلت کی وجہ کیاہے؟ جواب: ایران کی جنگ۔ سوال: اس جنگ میں امریکہ کو گھسیٹنے والا کون تھا؟ جواب: اسرائیل

امریکہ کی کل آبادی میں یہودیوں کا تناسب محض ۲؍ فیصد ہے لیکن یہودیوں اور اسرائیل کا امریکہ کی سیاست اور معیشت دونوں پر ہمیشہ سے بے پناہ اثرو رسوخ رہا ہے۔ امریکہ کاصدارتی انتخاب ہو یا وسط مدتی الیکشن یہودی لابیوں کی مداخلت کے بغیر ان کا تصور ہی نامکمل سمجھاجاتا ہے۔دونوں سیاسی پارٹیاں طاقتور یہودی لابیوں کی حمایت، سرپرستی اور مالی امداد کیلئے جھولیاں پھیلاتی ہیں۔ان یہودی لابیوں میں سب سے اہم اور طاقتور ہے امریکن اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی(اے آئی پی اے سی)جس کا کام ہے ان امیدواروں کی سرپرستی کرنا جو اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کی حمایت اور دفاع کرنے کا عہد کرتے ہوں۔یہ کمیٹی دونوں پارٹیو ں کے امیدواروں پر پیسے لٹاتی ہے۔تاہم پچھلے دو برسوں سے امیدواروں کی نامزدگی کے مقابلوں میں جنہیں primariesکہتے ہیں ایسے متعدد بھاری بھرکم امیدوارجن کے لئے ایپیک نے خزانوں کے منہ کھول دئے تھے جب ہارگئے تو یہودی لابی کو بدلے ہوئے زمینی حقائق کی آگہی ہوئی۔ یہودی لابی کی کھلی پشت پناہی اور مالی امداد پہلے کسی امیدوار کی جیت کی ضمانت ہوتی تھی لیکن اب وہ اس کی شکست کا سبب بننے لگی۔مصری نژاد عبدل السید کوجومشی گن سے امریکہ کے پہلے مسلم سینیٹر منتخب ہوئے ہیں ، پہلے نامزدگی کی ریس میں اور بعد میں مڈٹرم الیکشن میں ہرانے کے لئے ایپیک نے۴۲؍ ملین ڈالر خرچ کرڈالے۔ اسی لئے السید نے جیت کے بعد کی گئی تقریر میں  ایپیک کا اس لئے شکریہ ادا کیا کیونکہ اس نے انہیں یہودی لابی کو دوبار ہرانے کا موقع فراہم کیا۔

در اصل غزہ میں تین سال تک جاری قتل عام کی وجہ سے امریکی رائے عامہ اسرائیل مخالف رخ اختیار کرنے لگی ہے۔پیو ریسرچ کے مطابق اس وقت ۶۰؍فیصد امریکی شہری اسرائیل کے متعلق منفی رائے رکھتے ہیں۔ پہلے یہودی لابی کے کسی حمایت یافتہ امیدوار کی فتح یقینی سمجھی جاتی تھی۔ اب امیدواروں نے یہ اعلان کرنا شروع کردیا ہے کہ نہ تو یہودی لابی سے ان کا کوئی ناطہ ہے اور نہ ہی انہوں نے اس سے چندہ لیا ہے۔ ایپیک کو جب اندازہ ہونے لگاکہ اس کی مالی امداد اور حمایت کا الٹا اثر ہورہا ہے تو اس نے مڈٹرم الیکشن کے دس بارہ دن قبل یہ اعلان کردیا کہ وہ امیدواروں کی براہ راست سرپرستی اور مالی امداد کا سلسلہ بند کررہی ہے ۔  امیدوار تو پہلے ہی یہودی لابی سے دوری بنانے میں عافیت سمجھنے لگے تھے۔ دیر سے ہی سہی ٹرمپ نے بھی نوشتہ دیوار پڑھ لیا۔ اس لئے مڈ ٹرم الیکشن کے دن انہوں نے اسرائیل کو دی جانے والی چار بلین ڈالر کی سالانہ امداد کو سال رواں کے آخر تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔ غزہ میں ہوئی نسل کشی کی وجہ سے عام امریکیوں اور سیاستدانوں میں فلسطینیوں کے لئے ہمدردی اور حمایت بڑھی ہے اوراسرائیل کو اربوں ڈالر کی امداد بند کرنے کے مطالبے میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ٹرمپ کے متعلق بنجامن نیتن یاہو نے متعدد بار یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ ’وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے اب تک کے عظیم ترین دوست ‘ہیں۔آج وہ ’عظیم ترین دوست ‘ جب مالی اورفوجی امدادی پیکیج پر روک لگانے کا پلان بنارہا ہے تو اسے اسرائیل کی شکست نہیں تو اور کیا کہیں گے۔

  پچھلے تین برسوں میں اسرئیلی افواج کے ہاتھوں ہوئی غزہ کی تاراجی اور ہزاروں معصوم بچوں سمیت ایک لاکھ فلسطینیوں کے قتل عام سے ساری دنیا میں اسرائیل کے خلاف بیزاری اور برہمی بڑھی ہے۔امریکہ کے انصاف پسند عوام بھی جن میں یہودی بھی شامل ہیں ،آئی ڈی ایف کی سفاکیت کی وجہ سے اسرائیل سے نفرت کرنے لگے ہیں۔اگر مڈ ٹرم الیکشن کے نتائج کے بعد امریکی صدرکو اسرائیل کیلئے امریکی عوام کی ’ شدید ناپسندیدگی ‘کا ادراک ہوگیا ہے تویہ اچھی بات ہے۔کیاٹرمپ جیسے خود سر صدر سے یہ امید کی جاسکتی ہے کہ وہ امریکہ کی فارین پالیسی کو نئے سرے سے ترتیب دیتے وقت امریکی عوام کے احساسات اور خیالات کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں گے۔ اس کا آغاز وہ ایران جنگ کے خاتمے کے اعلان سے کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK