پیغام دیا کہ : ’’دینی مجالس کا اصل فائدہ عملی کوتاہیوں کو بدلنا، اپنے آپ میں تبدیلی لانا، دین و شریعت کے احکام کی پَیروی کرنا ہے‘‘
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 4:02 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
پیغام دیا کہ : ’’دینی مجالس کا اصل فائدہ عملی کوتاہیوں کو بدلنا، اپنے آپ میں تبدیلی لانا، دین و شریعت کے احکام کی پَیروی کرنا ہے‘‘
’’پورے ہندوستان میں سب سے بدنام شہر مالیگاؤں ہے۔ یہ سچائی مَیں یہاں بیان کئے بغیر گزر جاؤں تو گنہگار رہوں اِس لئے ڈنکے کی چوٹ پر مَیں یہ بات کہہ رہا ہوں۔بعد نمازِ عشاء درسِ قرآن کی مجلس میں شریک ہوں اور دوسری جانب دیر رات تک سڑکوں پر بیٹھ کر تضیع اوقات بھی کریں یہ تو درست ہے ہی نہیں۔‘‘ اِن خیالات کا اظہار مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے مالیگاؤں میں دورانِ خطاب کیا۔
یہاں کے محلّہ قلعہ میں واقع جھوپڑے کی مسجد کے مصلیان اور خانوادہ محمد ایوب عبدالعزیز مرحوم کی جانب سے تکمیلِ درس قرآن کریم کی مناسبت سے خصوصی جلسہ منعقد کیا گیا۔اس کی صدارت مولانا محمد ادریس عقیل ملّی نے کی جبکہ مقرر خصوصی مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی تھے۔
یہ بھی پڑھئے: گوکل یونین انتخابات: چیئرمین کے عہدہ پر مہایوتی کا قبضہ
انہوں نے کہا کہ ’’ دینی مجالس کا اصل فائدہ تصویر کشی نہیں بلکہ عملی کوتاہیوں کو بدلنا ہے۔اپنے آپ میں تبدیلی لانا ۔ دین و شریعت کے احکام کی پَیروی کرنا ہے۔وہ طریقہ جو آنحضرت ؐنے بتایا۔‘‘ مزید کہا کہ ’’یادِ الٰہی پر سختی سے کاربند ہوجائیں۔ شادی کی تقریب ہو یا کاروبار کا مقام ہمہ وقت اللہ رب العزت کی کبریائی بیان کرتے رہیں۔اللہ تعالیٰ کی یاد کو اپنی زندگی کا سب سے اہم معمول بنائیں ۔ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔‘‘
واضح رہے کہ جھوپڑے کی مسجد میں درس قرآن کریم کا سلسلہ مولانا سراج احمد ندوی نے شروع کیا تھا۔ مولانا کو درس قرآن کی ترغیب و تحریک مولانا ادریس عقیل ملّی سے حاصل ہوئی۔ وہ انہی کے شاگرد رشید بھی ہیں۔موقع کی مناسبت سے جھوپڑے کی مسجد کے متولیان ومصلیان کی جانب سے مولانا سراج احمد ندوی کی خدمت میں تحفے پیش کئے گئے۔اُن کی خدمات کا اعتراف بھی ہوا۔