• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوکل یونین انتخابات: چیئرمین کے عہدہ پر مہایوتی کا قبضہ

Updated: November 12, 2026, 3:53 PM IST | Agency | Kolhapur

این سی پی اجیت لیڈر راجیش پاٹل نے ۲۹؍ میں سے۱۶؍ووٹ لے کر جیت حاصل کی ۔ اپوزیشن اتحاد الیکشن کے طریقہ سے خوش نہیں، اسے صریح دھاندلی قرار دیا۔

Rajesh Patil’s supporters celebrate by carrying him on their shoulders following the announcement of the chairman election results. Photo: INN
چیئر مین کے انتخاب کا نتیجہ ظاہر ہونے کے بعد راجیش پاٹل کے حامی انہیں کاندھوں پر اٹھاکر جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

کولہاپور میں واقع گوکل کو آپریٹیو ڈیری یونین کے چیئرمین کے عہدہ کیلئے منگل کوانتخاب ہوا۔ جس میں حکمراں اتحاد مہایوتی کے امیدوار اور این سی پی اجیت کے لیڈرسابق رکن اسمبلی راجیش پاٹل نے۲۹؍ میں سے۱۶؍ ووٹ حاصل کرکے انتخاب جیت لیا۔ ان کے حریف راجَرشی شاہو شیتکری سموچار اگھاڑی کے امیدوار ششی کانت چُئیکر کو۱۳؍ ووٹ ملے۔اس انتخاب پر اب ایک نیا تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ قبل ازیں چار ڈائریکٹروں کی نامزدگی پر اعتراض کیا گیا تھا اب چیئرمین الیکشن میں انہی ممبران کے کے شامل ہونے پر اپوزیشن کی پارٹیوں نے انتخاب میں صریح دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔چیئرمین الیکشن کے نتائج کےخلاف اپوزیشن کی جانب سے کولہاپور میں احتجاج بھی کیا جارہا ہے۔

نومنتخب چیئرمین راجیش پاٹل نے کیا کہا؟

چیئرمین انتخاب میں کامیابی کے بعد راجیش پاٹل نے  بھی چار نامزد ڈائریکٹروں کی تقرری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کورم کے حوالے سے پیدا ہونے والا تعطل ختم کرنے میں مدد ملی۔کہا کہ وہ اپنے یک سالہ مدت کار میں۲۵؍منتخب ڈائریکٹرز، حکومت کی جانب سے نامزد چار ڈائریکٹروں اور دو شریک نامزد ڈائریکٹروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے دودھ پیدا کرنے والے کسانوں، کوآپریٹو ادارے اور ملازمین کے مفادات کے تحفظ کی بات کہی۔ پاٹل نے کہا کہ ان کی توجہ گزشتہ ایک سال کے دوران کوآپریٹیو ادارے کو ہونے والے نقصان کی تلافی کرنے پر رہے گی۔ انہوں نے اپوزیشن سے بھی اپیل کی کہ وہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ادارے کے مفاد میں مل کر کام کرے۔راجیش پاٹل نے بتایا کہ کوآپریٹو ادارے کا سالانہ جنرل اجلاس اگلے ماہ منعقد ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: کرینہ کپور کو قرآنی آیات والا لاکٹ پہننے پر نوٹس

اس ضمن میں دھننجے مہاڈک نے کہا کہ پہلے سال کے لیے این سی پی لیڈر کو چیئرمین بنانے کا فیصلہ باہمی اتفاقِ رائے سے کیا گیا ہے۔ اگلے سال کے انتظامات پر تبادلۂ خیال کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ  ۱۲؍ ڈائریکٹروں کے اجلاس سے دور رہنے کی وجہ سے تعطل کی صورت حال پیدا ہوگئی تھی۔ اس کے نتیجے میں ضروری کورم پورا نہ ہونے کی صورت میں ادارے میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کیے جانے کا خدشہ تھا۔مہاڈک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کی مدد سے چار اضافی ڈائریکٹروں کی تقرری کرکے اس مسئلے کو حل کیا گیا۔ریاست کے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن حسن مشرف نے راجیش پاٹل کو کامیابی پر مبارک باد دی۔ 

ششی کانت چُئیکر نے یہ دعویٰ کیا

چیئرمین انتخاب میں شکست کھانے والے ششی کانت چُئیکر نے دعویٰ کیا کہ انہیں۲۵؍ منتخب ڈائریکٹروں میں سے۱۳؍ کی حمایت حاصل تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راجیش پاٹل نے جمہوری طریقے سے نہیں بلکہ دباؤ اور طاقت کے استعمال کے ذریعے چیئرمین کا انتخاب جیتا ہے۔ جبکہ ستیج پاٹل نے پیر کے روز ہی یہ الزام لگایا تھا کہ چار نامزد ڈائریکٹروں کو ووٹنگ کا حق دینے کا فیصلہ چندرکانت پاٹل اور حسن مشرف کی سازش تھی۔ اس پر ریاستی وزیر چندرکانت پاٹل نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد گزشتہ۱۵؍ دنوں سے مہایوتی اتحاد اور اس کے لیڈران پر لگائے جا رہے الزامات ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کانگریس لیڈرستیج پاٹل کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ ’بنٹی پاٹل‘  مہاراشٹر کا وزیر اعلیٰ بننا چاہتے ہیں، لیکن ان میں اس عہدہ کے لیے ضروری پختگی نہیں ہے۔

تنازع کیا ہے؟
گوکل کو آپریٹیو یونین ڈیری کے انتخابات کے معاملے میں گزشتہ کچھ عرصے سے مہاراشٹر کی سیاست میں تنازع جاری تھا۔ اپوزیشن نے بی جے پی کی قیادت والی مہاراشٹر حکومت پر الزام لگایا تھا کہ اس نے ۴؍ اضافی ڈائریکٹروں کو ووٹ دینے کا حق دے کر کوآپریٹیو جمہوریت کو کمزور کیا ہے۔گزشتہ ماہ کولہاپور ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو ملک پروڈیوسرز یونین کے انتخابات میں کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل ستیج پاٹل کے حمایت یافتہ پینل کے ۱۳؍ڈائریکٹر کامیاب ہوئے جبکہ مہایوتی کے ۱۲؍ڈائریکٹر جیتے تھے۔ اس کے بعد حکومت نے چار نامزد ڈائریکٹروں کو ووٹنگ کا حق دے دیا تھا۔
معاملہ عدالت پہنچا لیکن....
گوکل ڈیری کا سالانہ کاروبار۴؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چیئرمین کا انتخاب حکمراں اتحاد اور اپوزیشن کے درمیان وقار کی جنگ بن گیا ۔بامبے ہائی کورٹ نے پیر کو حکومت کے اس آرڈیننس پر روک لگانے سے انکار کر دیا ، جس کے تحت چار نامزد ڈائریکٹروں کو ووٹنگ کا حق دیا گیا تھا۔ تاہم، اورنگ آباد بنچ نے کہا تھا کہ چاروں نامزد ڈائریکٹر انتخاب میں حصہ لے سکتے ہیں، لیکن انکے ووٹ الگ بیلٹ باکس میں رکھے جائیں۔ اسی درمیان اپوزیشن لیڈروں اور ڈیری کسانوں نے کولہاپور میں زبردست احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ یہ ’کوآپریٹو جمہوریت پر براہِ راست حملہ‘ کرنے کا الزام لگایا تھا۔

 گوکل یونین نتائج پر کس نے کیا کہا؟
کیا اب بھی کسی ثبوت کی ضرورت باقی رہ گئی ہے کہ خود کو’دنیا کی سب سے بڑی پارٹی‘ کہنے والی پارٹی ، ووٹوں کی چوری کرکے دودھ کوآپریٹو سوسائٹی کے انتخابات میں ناجائز طریقے سے داخل ہورہی ہے، حالانکہ ووٹروں نے اسے مسترد کر دیا تھا؟کیا اب بھی کسی اور ثبوت کی ضرورت ہے کہ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات (اور غالباً اس سے پہلے کے بعض ریاستی انتخابات اور یقیناً لوک سبھا الیکشن۲۰۲۴ء کے بعد ہونیوالے انتخابات) میں کس طرح دھاندلی کی گئی؟کیا اب بھی کسی ثبوت کی ضرورت ہے کہ غدار گیانیش اس غیر قانونی حکومت کے اقتدار میں برقرار رہنے کیلئے آخر اتنے اہم کیوں ہیں؟‘‘
-آدتیہ ٹھاکرے، شیوسینا یوبی ٹی 

جس پارٹی کے پاس ’’دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت‘‘ کی رکنیت کا تمغہ ہے، جب وہ کولہاپور میں بیلٹ پیپر کے ذریعے ایک کوآپریٹیو ادارے کا انتخاب نہیں جیت سکی، تو اس نے انتخاب کے قواعد ہی بدل ڈالے۔انہوں نے کھلے عام گوکل ڈیری کے چیئرمین کا عہدہ چھین لیا۔ ماضی میں بند کمروں کے پیچھے انہوں نے کیا کچھ کیا ہوگا، اس کا عام لوگ تصور بھی نہیں کر سکتے۔مہاراشٹر سب کچھ دیکھ رہا ہے اور ہم اس کے خلاف لڑائی لڑیں گے۔
-ستیج(بنٹی) پاٹل، کانگریس 

 مہایوتی کو شکست ہو چکی ہے، تو پھر انتخابات میں کیا ہوا؟ گوکل ملک یونین کے شیئر ہولڈرز نے کسے منتخب کیا؟ جن لوگوں کو منتخب کیا گیا ، انہیں چیئرمین کی کرسی پر نہیں بٹھایا گیا، بلکہ حکومت کی جانب سے نامزد کیے گئے لوگوں کو چیئرمین بنا دیا گیا۔اسکا مطلب ہے کہ حکومت نے جمہوریت کے خلاف کام کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ عدلیہ اس معاملے میں منصفانہ فیصلہ دے گی۔
-امبا داس دانوے، شیوسینا یوبی ٹی 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK