• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میرا تعلق کئی زبانوں سے ہے، جن میں سے ایک اردو بھی ہے، جس سے مجھے عشق ہے‘‘

Updated: November 16, 2026, 2:50 PM IST | Bapu Patvardhan | Mumbai

اللہ تعالی نے انسان، حیوان، درندے، پرندے اور جانور پیدا کئے۔ ان سبھوں میں صرف انسان کو دو پیش قیمت نعمتیں عطا کیں اور اسے سب سے اعلیٰ اور اکبر بنا دیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اللہ تعالی نے انسان، حیوان، درندے، پرندے اور جانور پیدا کئے۔ ان سبھوں میں صرف انسان کو دو پیش قیمت نعمتیں عطا کیں اور اسے سب سے اعلیٰ اور اکبر بنا دیا۔ یہ دو نعمتیں ہیں: (۱) سوچنے کی قوت اور (۲) زبان۔ اپنے ذہن میں ابھرنے والے خیالات اور پیغامات زبان کے ذریعے ہم بہ آسانی دوسروں تک پہنچا سکتے ہیں، یہ بات اور ہے کہ کبھی کبھی خاموشی بھی بہت کچھ کہہ دیتی ہے بقول شاعر:

ہم کریں بات دلیلوں سے تو رد ہوتی ہے

ان کے ہونٹوں کی خموشی بھی سند ہوتی ہے

دنیا میں کئی زبانیں ہیں۔ ہر ایک زبان کی اپنی خاصیت ہوتی ہے۔ ہر کسی کو اپنی مادری زبان پر فخر ہوتا ہے جو فطری بھی ہے اور ضروری بھی مگر اس کا یہ مطلب قطعی نہیں کہ ہم دوسری زبانوں کی طرف دھیان نہ دیں۔ زبان باہمی رابطے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اگر آپ سننے والے کی زبان میں گفتگو کریں تو معاملہ آسان ہو جاتا ہے۔ مجھے سیلز مین کی حیثیت سے ہندوستان بھر میں سفر کرنا پڑا۔ مقصد کمپنی کے لئے زیادہ سے زیادہ آرڈر حاصل کرنا تھا۔ میں جس علاقے میں جاتا وہاں کی علاقائی زبان کے چند الفاظ معلوم کر لیتا اور انہیں برمحل استعمال کرتا۔ اس سے سننے والے میں اور مجھ میں قربت پیدا ہوتی تھی اور آرڈر ملنے کے امکانات دوگنے ہو جاتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: لیٹ لطیف

زبانوں کے ملاپ سے پورا ماحول ہی خوشگوار ہو جاتا ہے۔ جب کوئی غیر اردو داں اپنی تقریر میں وقتاً فوقتاً شعر کا استعمال کرتا ہے تو وہ بطور سند بھی کام آتا ہے اور تقریر موثر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ صرف ایک بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ دوسری زبان آپ کی زبان پر حاوی نہ ہونے پائے۔ کشتی پانی کی مدد سے آگے بڑھتی ہے، اگر پانی کشتی میں چلا گیا تو؟ انجام آپ جانتے ہیں۔

کچھ سال پہلے مراٹھی کے چند شعراء نے مل کر ایک انجمن بنا لی تھی جس کا نام تھا روی کرن منڈل۔ یہ نئے شاعروں کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم ثابت ہوا۔ اتوار کے دن ہم وہاں جمع ہو جاتے اور اپنا نیا کلام پیش کرتے۔ ان میں سر فہرست تھے مادھو جیولین یعنی مادھو راؤ پٹوردھن۔ موصوف نے فارسی پر قدرت حاصل کی تھی مگر ان کا جنون اتنا انتہا پر تھا کہ ان کی مراٹھی نظم میں مراٹھی اور فارسی کا تناسب بالترتیب ۲۰؍ اور ۸۰؍ ہوتا تھا۔ یہ بات دوسرے معروف شاعر اچاریہ اترے سے ہضم نہیں ہوئی۔ انہوں نے ان کی شاعری پر تبصرہ کرتے ہوئے انہی کی ایک نظم کا نمونہ پیش کیا:

तू छोकरी नहीं सुंदरी

मिश्किल बाल चिचुंदरी

काळा कडा मी फत्तरी

तू काश्मिरातील गुलदरी

واضح رہے کہ اترے صاحب کا ارادہ قطعی تنقید کرنا نہیں تھا۔ دراصل وہ ان کی شاعری کی بہت قدر کرتے تھے۔ انہیں صرف یہ بتانا تھا کہ آپ کی شاعری یعنی مراٹھی نظم میں فارسی الفاظ حد سے زیادہ ہوتے ہیں۔

دوسری زبانوں کے الفاظ اپنی زبان میں شامل کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ ایک زمانہ تھا جب پوری دنیا پر انگریزوں کی حکومت تھی۔ انہوں نے ہر ملک، ہر علاقے اور ہر خطے سے علاقائی زبانوں سے چند الفاظ انگریزی میں بلا جھجھک شامل کئے، تبھی تو انگریزی زبان اتنی پھلی پھولی!

یہ بھی پڑھئے: پانچ دس نہیں، اقبال ؔکی بہت سی نظمیں معرکۃ الآراء ہیں

زبانوں میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں اور ہونی بھی چاہئیں کیونکہ یہ ترقی کی علامت ہے۔ مراٹھی کی بات کریں تو دو سو سال پرانی مراٹھی اور دَورِ  حاضر کی مراٹھی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ جو بات مراٹھی کی ہے وہ اردو کیلئے بھی صادق آتی ہے۔ میر تقی میر، بہادر شاہ ظفر اور غالب کے دور کی اُردو اور آج کے زمانے کی اُردو میں کتنا فرق ہے! دوسری زبانوں کے الفاظ قبول کرنے سے پرہیز کرنا حماقت ہے۔ اگر انگریزی لفظ سگنل کا مراٹھی میں متبادل نہیں ہے تو سگنل کہنے میں کیا تکلف یا تکلیف ہے؟ مان لیا کہ دیہاتی اسے سنگل کہے گا مگر وہ اسکے معنی تو جانتا ہے۔ اس کے برعکس اگر آپ:

अग्निरथ गमनागमन भय निर्भयता निदर्शक लोहताममिश्रित सदीप पट्टीका

کہنے پر اصرار کریں گے تو اتنا کہنے سے پہلے گاڑی اگلے اسٹیشن تک پہنچ گئی ہوگی۔

کچھ عرصہ قبل ہمیں انجمن اسلام اسکول ممبئی کی کریمی لائبریری جانے کا موقع ملا جہاں دو تین سو سال پرانے اخبارات، رسائل اور کتابیں محفوظ ہیں۔ ان میں فارسی مہابھارت، رامائن، اردو میں شیو پران، گنیش پران، ہنومان چالیسہ، تلسی رامائن، قرآن مجید کا مراٹھی نسخہ، گجراتی نسخہ، ایسی ایسی کتابیں دیکھ کر تعجب ہوا۔ ہماری حیرانی کی انتہا نہ رہی جب ہم نے سنا کہ مہابھارت کا ایک فارسی نسخہ ایسا ہے جس کا دیباچہ ابوالفضل نے لکھا ہے۔ تو صاحب زبان زبان ہوتی ہے، اس کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ زبانوں کے ملاپ کی بہترین مثال ہماری ہندی فلمیں ہیں جن کے نغمے اور مکالمے اُردو کا جامہ پہن کر آتے ہیں (شاید اسی لئے اتنے مقبول ہیں)۔ غرض یہ کہ لڑکی واقعی خوبصورت ہے تو وہ کسی بھی لباس میں خوبصورت ہی نظر آئے گی، وہ چاہے شلوار قمیض پہنے، جینز پہنے، سوٹ پہنے یا نو گز کی ساڑی۔

یہ بھی پڑھئے: کسی اَدب کا اپنی سماعی روایت سے رشتہ منقطع ہوجائے، یہ کوئی چھوٹا سانحہ نہیں ہے

ذاتی زندگی میں زبانوں کا ملاپ مَیں کچھ اس طرح کرتا ہوں: میری مادری زبان مراٹھی ہے، عبادت سنسکرت میں کرتا ہوں، اعلیٰ تعلیم انگریزی میں حاصل کی، سودا سلف کے وقت گجراتی بولتا ہوں، ریل گاڑی میں سفر کرتے وقت اگر دل نہ خواستہ جھگڑے کی نوبت آن پڑی تو ہندی زبان کا سہارا لیتا ہوں، اردو کی شیرینی مجھے خود سے دور نہیں رکھ سکتی، ہاں مگر بیوی کے سامنے ہر شاطر شوہر کی طرح خاموش رہنے میں عافیت محسوس کرتا ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK