Inquilab Logo Happiest Places to Work

فتاوے: امام سے پہلے سلام پھیرنا مکروہ تحریمی, تاخیر بھی ناپسندیدہ امر ہے

Updated: June 26, 2026, 4:19 PM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) نماز میں سلام پھیرنے کا حکم۔ (۲) نکاح اور عدت۔ (۳) قسطوں پر گاڑی لینا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

امام صاحب قعدہ میں دعائے ماثورہ کے بعد سلام پھیر دیتے ہیں مگر زید کی رفتار کم رہتی ہے اس لئے وہ مکمل دعا نہیں پڑھ پاتا، اگر پڑھتا ہے تو امام صاحب کے سلام پھیرنے کے بعد دعا ختم ہوتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ امام صاحب کے ساتھ ہی سلام پھیرنا ضروری ہے یا کچھ تاخیر کی گنجائش ہے۔ اگر ہے تو کتنی دیر؟ ولید احمد ، جوگیشوری

باسمہ تعالیٰ۔ھوالموفق: مدرک یعنی وہ مقتدی جو شروع سے آخر تک امام کی اقتدا کررہا ہے اس کے لئے احسن طریقہ یہ ہے کہ امام کے ساتھ ہی سلام پھیردے ۔ امام سے پہلے سلام پھیرنا اس کے حق میں مکروہ تحریمی ہے۔ امام کے ساتھ سلام میں تاخیر بھی ناپسندیدہ امر ہے تاہم اگر دعائیں وغیرہ پڑھنے میں تاخیر کی وجہ سے سلام میں قدرے تاخیر ہوجائے تو نماز ہوجائےگی بشرطیکہ اس دوران کوئی منافی ِ صلاۃ عمل نہ کرے۔ مسبوق جو ایک دو رکعت کے بعد جماعت میں شریک ہوا ہے وہ البتہ امام کے ساتھ سلام نہ پھیرے گا بلکہ امام کے سلام پھیرتے ہی اٹھ کر اپنی چھوٹی ہوئی رکعتیں پوری کرکے حسب دستور قعدۂ اخیرہ کے بعد سلام پھیردے۔ مدرک کے لئے بھی بہتر یہی ہے کہ امام کے سلام تک تشہد سے فارغ ہوچکا ہوتو امام کے ساتھ ہی وہ بھی سلام پھیردے کیونکہ اس پر تشہد کا پڑھنا واجب ہے، دعائیں وغیرہ مستحبات میں شامل ہیں۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم

یہ بھی پڑھئے: فتاوے: مہرفاطمی کی ادائیگی، صدقات کی اقسام، ایام ِ اضحیہ کے بعد کوئی قربانی نہیں

نکاح اور عدت 

مسئلہ یہ دریافت کرنا ہے کہ دو بھائیوں کا نکاح ایک ساتھ میں ہوا ہے۔ بڑی لڑکی کا نکاح چھوٹے بھائی کو کر دیا اور چھوٹی لڑکی کا نکاح بڑے بھائی  سے کر دیا۔ اب اس کو طلاق دے کر دوبارہ نکاح کس طرح ہوگا؟کوئی عدت تو نہیں ہوگی؟ اس کی وضاحت فرمائیں۔ عبداللہ، ممبئی

باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق:  صورت مسئولہ میں غلطی سے نام بدل گئے ہیں بڑی لڑکی کا نکاح بڑے لڑکے سے اور چھوٹی کا نکاح چھوٹے بھائی سے ہونا تھا مگر بڑی کا چھوٹے بھائی سے اور چھوٹی کا بڑے بھائی سے نکاح کردیا تو  اس صورت میں اگر خلوت سے پہلے پتہ چل گیاتو آسان صورت ہے کہ دونوں بھائی اپنی اپنی بیویوں کو طلاق دیدیں اس کے بعد بڑی کا نکاح بڑے لڑکے سے اور چھوٹی کا نکاح چھوٹے بھائی سے کردیا جائے۔ خلوت نہ ہونے کی صورت میں عدت بھی واجب نہ ہوگی لہٰذا بلا تاخیر درستگی کے ساتھ نکاح ہوسکتا ہے۔ البتہ جن کے ساتھ غلطی سے نکاح ہوگیا ہے ان کے ذمے نصف مہر کی ادائیگی واجب ہوگی۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم

یہ بھی پڑھئے: فتاوے: ایام تشریق کی قضا نماز، گوشت کی تقسیم کا مسئلہ، قربانی میں شرکت

قسطوں پر گاڑی لینا 

  مفتی صاحب، قسطوں اورلون پر گاڑیاں لینا ایک ہی چیز ہے یا الگ الگ۔   اور قسطوں پر اور لون پر گاڑیاں لینا کیسا ہے؟ شیخ الطاف،نالاسوپارہ

باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: عرف میں لون اسے کہا جاتاہے کہ جو شخص کوئی چیز خریدنا چاہتاہے وہ بینک وغیرہ کسی سودی ادارے سے قرض لے کر قیمت کی ادائیگی کردیتاہے پھر بعد میں بینک مع سود  اس سے وصول کرتا ہے۔ بلاشبہ یہ ایک سودی معاملہ ہے اور اس کی حرمت سے آپ واقف ہیں۔  بغیر اشد مجبوری کے مسلمان کے لئے ایسے معاملات کی اجازت نہیں البتہ کوئی فرد یا رفاہی ادارہ قرض دےکر بعد میں بغیر سود کے وصول کرے تو ایسے قرض میں حرج نہیں ۔

قسطوں میں خریداری کی صورت یہ ہے کہ بایع (بیچنے والے) اور مشتری (خریدار) کے درمیان قیمت طے ہوجائے اور یہ بھی کہ خریدار اسے اتنے دنوں میں قسط وار ادا کرےگا۔ فی نفسہ اس میں حرج نہیں بشرطیکہ اس میں بھی کہیں سود چھپا ہوا نہ ہو۔ سودی اور غیر سودی قسط میں بنیادی فرق یہ ہے کہ کسی قسط میں تاخیر سے خریدار پر کوئی سود یا جرمانہ عائد نہ کیا جائے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتمn

عرف میں لون اسے کہا جاتاہے کہ جو شخص کوئی چیز خریدنا چاہتاہے وہ بینک وغیرہ کسی سودی ادارے سے قرض لے کر قیمت کی ادائیگی کردیتاہے پھر بعد میں بینک مع سود  اس سے وصول کرتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK