• Sat, 10 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فتاوے: اذان میں غلطی کرنا، ایک اذان سے دو جمعہ، متعینہ رقم پہ گاڑی دینا، موزوں پہ مسح

Updated: January 09, 2026, 4:50 PM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) اذان میں غلطی کرنا (۲) ایک اذان سے دو جمعہ (۳) متعینہ رقم پہ گاڑی دینا (۴) موزوں پہ مسح۔

The call to prayer is a Sunnah and an important Islamic slogan. Picture: INN
اذان سنت مؤکدہ اور ایک اہم اسلامی شعار ہے۔ تصویر: آئی این این
اذان میں غلطی کرنا
ایک شخص اذان دے رہا ہے، اس  نے حیّ علی الفلاح کے بعد لاالہ الااللہ کہا  تو کیا اذان مانی جائے گی؟ قطب الدین، اترپردیش
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: شرعی اصول یہ ہے کہ اذان کے کلمات جس ترتیب سے منقول اور روایات سے ثابت ہیں اذان میں ان کی مکمل رعایت کی جائے۔ اگر اذان کے دوران کسی جملے کی ادائیگی میں غلطی ہوگئی  یا ترتیب بدل گئی تو  اس صورت میں حکم یہ ہے کہ غلطی کا اسی وقت احساس ہوگیا تو جہاں غلطی ہوئی ہے وہاں سے اعادہ کرلے۔ اس وقت احساس نہیں ہوا بعد میں علم ہوا تو اگر موقع ہوتو دوبارہ اذان کہہ لی جائے لیکن جماعت کے بعد پتہ چلا تو اب دُہرانے کی ضرورت نہیں۔ لہٰذا  صورت مسئولہ  میں حی علی الفلاح کے بعد  اللہ اکبر کی جگہ لا الہ الاالله کہہ گیا مگر اسی وقت احساس ہوگیا تو جو کلمہ چھوٹ گیا ہے اسے دہراکراذان مکمل کرلے یعنی اللہ اکبر، اللہ اکبر کہہ کر اس کے بعد لاالہ الااللہ کہہ کے اذان مکمل کرلے۔ اس وقت احساس نہ ہوا،بعد میں پتہ چلا تو جماعت سے قبل ممکن ہو تو اذان کا اعادہ کرلے لیکن جماعت کے بعد اعادہ کی کوئی  ضرورت نہ ہوگی۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
 
 
ایک اذان سے دو جمعہ 
کیا ایک اذان سے دو جمعہ کی نماز ادا کر سکتے ہیں؟
عبد الکبیر ،راجستھان 
باسمہ تعالیٰ۔ھوالموفق:  اذان سنت مؤکدہ اور ایک اہم اسلامی شعار ہے۔ فرض نماز جماعت کے ساتھ ادا کی جائے تو نماز کا وقت شروع ہونے کے بعد اذان دینا اسلامی شعاراور سنت مؤکدہ قریب بہ واجب ہے نیز جماعت کھڑی ہوتے وقت اقامت بھی مسنون ہے۔ اذان و اقامت کا ترک مکروہ ہے۔ اگرکوئی شخص فرض نماز انفرادی طور سے ادا کرے تب بھی اقامت کہنا مستحب ہے۔ اذان اگرآس پاس کسی مسجد میں ہوئی اور سنی گئی  تو منفرد کے لئے وہ کافی ہوگی لیکن کہیں اذان نہ ہو یا سننے میں نہ آئی ہو تو بہتر ہے کہ منفرد خود اذان بھی کہہ لے۔ اذان واقامت کے جو احکام ہیں وہ ہر وقت  کیلئے  ہیں لہٰذا ایک اذان دو نمازوں کے کافی نہیں ہوگی۔ ایک اذان سے دو جمعہ کے متعلق سوال واضح نہیں ہے۔ اگر اس کا یہ مطلب ہے کہ اذان کے بعد جمعہ پڑھنے کے بعد اطراف میں کہیں دوسرا جمعہ پڑھا جائے تو کیا وہ اذان کافی ہوگی یا الگ سے اذان کی ضرورت ہے، تو اس کا جواب ہے کہ بہتر تو یہ ہے کہ وہاں کے لئے بھی اذان کہہ لی جائے لیکن اگر مسجد کی اذان سننے میں آئے تو مسجد کی مذکورہ اذان بھی کافی ہوگی ۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
 
 
متعینہ رقم پہ گاڑی دینا 
ایک شخص نے گاڑی خرید کر دوسرے شخص کو چلانے کے لئے دی،  مہینے کی فیس متعین کرکے مثلاً پانچ ہزار یا دس ہزار مہینہ جمع کرنے کی شرط مقرر کی گئی ہے  تو کیا یہ درست ہے؟ فیاض احمد، ممبئی
 باسمہ تعالیٰ۔ھوالموفق: جس نے گاڑی خریدی وہ گاڑی کا مالک ہوگیا۔ اس لئے اس کو  ہر مالکانہ تصرف کا استحقاق حاصل ہے چاہے فروخت کرے چاہے کسی کو ھبہ یا عاریت کے طور پر دے دے یا کرایہ طے کرکے اجرت پر کسی کو چلانے کے لئے  دے دے، شرعاً یہ جائز اور اس کا شرعی حق ہے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
موزوں پہ مسح 
مسئلہ یہ ہے کہ چمڑے کے موزے پہن رکھے ہیں، ان کے اندر کپڑے والی جراب بھی پہن رکھی ہے تو اس حالت میں مسح ہو جائے گا یا نہیں؟ 
مقیم الدین، کانپور
 باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: موزہ جس پر وضو کے وقت پیروں پر مسح کی اجازت ہے وہ  اتنا ٹھوس ہو کہ اوپر پانی ڈالاجائے تو چھن کر کھال تک نہ پہنچے اور اسے پہن کر بندہ چل سکے وغیرہ، یہ شرائط عموماً چمڑے کے موزوں میں مکمل موجود ہوتی ہیں لیکن نائیلون وغیرہ کے موزے ان شرائط پر پورے نہیں اترتے اسلئے تنہا ان پر مسح کی گنجائش نہیں ہوتی۔ صورت مسئولہ میں   چمڑے کے موزوں کے نیچے کپڑے کے موزے پہنے ہیں تو  اس صورت میں شرائط موجود ہونے کی وجہ سے مسح ہوجائیگا۔ واللہ ا علم وعلمہ اتم

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK