شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) خواب کی تعبیر۔ (۲) ایسے ھبہ میں وراثت کا حکم۔ (۳) بچے اور صف بندی۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 11:46 AM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai
شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) خواب کی تعبیر۔ (۲) ایسے ھبہ میں وراثت کا حکم۔ (۳) بچے اور صف بندی۔
خواب کی تعبیر
فجر کی اذان سے پہلے خواب دیکھا کہ زید کی پھوپھی اس کی گلی کے موڑ پر بیٹھی ہے۔ گردن نیچے ہے اور رورہی ہے۔ نہ اپنے گھر جاتی ہے، نہ بھتیجے کے ساتھ جاتی ہے۔ برائے مہربانی تعبیر سے آگاہ فرمائیں، نوازش ہوگی۔
محمد فرمان، اترپردیش
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق:ہر خواب کی کوئی تعبیر ہو یہ ضروری نہیں۔ اکثر خواب اضغاث احلام کے قبیل سے ہوتے ہیں۔ انسان دن میں جو دیکھتا سوچتا اور جن حالات سے گزرتا ہے وہ خواب کی شکل میں نظر آتے ہیں نیز خواب کے وقت موسم اور خواب دیکھنے والے کی مختلف کیفیات بھی تعبیر میں اثر انداز ہوتی ہیں۔ رشتہ دار اور احباب خواب میں نظر آئیں تو وہ زندہ ہیں یا مردہ اس کا بھی اثر پڑتا ہے۔ زندہ رشتہ دار خوش نظر آئیں تو اچھے تعلقات اور خیر خواہی کی نشانی ہے۔ مردہ خوش نظر آئے تو آخرت کی بہتری پر دلالت ہے۔ پریشان حال ہو تو پسماندگان اس کے ایصال کی کوشش کریں۔ خواب کی تعبیر بتانے والے علماء نے لکھا ہے کہ مردہ خواب میں روتا نظر آئے تو اس کیلئے صدقہ اور ایصال ثواب کیا جائے۔ پھوپھی روتی نظر آئی تو زندہ ہو یا مردہ یہ اشارہ ہوسکتا ہے کہ اس کے حقوق میں کوتاہی تو نہیں ہوئی؟ مثلاً ماں باپ کے ترکہ میں سے اس کا حق شاید نہ ملا ہو لہٰذا اس خواب میں اس جانب بھی توجہ ضروری ہے، خاص کر جس ماحول میں انہیں شرعی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
ایسے ھبہ میں وراثت کا حکم
تین بیٹوں نے والدہ کو سونا گفٹ کیا۔ ایک نے والدہ کی زندگی میں ضرورت کی وجہ سے والدہ سے لے کر اور بیچ کر ضرورت پوری کی ۔ دوسرے نے انتقال کے بعد یہ کہہ کر لیا کہ مَیںنے دیا تھا، اب واپس لے رہا ہوں۔ تیسرے کا سوال: مَیںبھی لے لوں یا اس میں وراثت چلے گی۔
عبد اللہ، ممبئی
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: حکم شرعی کا دار ومدار ملکیت پر موقوف ہے۔ سونا جو لڑکوں نے ماں کو دیا تھا ماں اس کی مالک تھی یا صرف استعمال کیلئے دیا تھا جبکہ مالک دینے والے ہی تھے، اس کا پتہ ان کی اس گفتگو سے ہوسکتا ہے جو ان کے درمیان ہوئی تھی۔ اگر مالک بناکر دیاتھا تو تینوں کا دیا ہوا سونا ماں کی ملک مانا جائیگا اور تمام ورثاء اسکے حقدار ہوں گے لیکن دو نے اپنا سونا لے لیا ہے اس لئے باقی میں ان کا حق نہیں رہا۔ تیسرے نے ماں کو مالک بناکر دیا تھا تو اسکے دیئے ہوئے سونے میں مذکورہ دونوں کے علاوہ باقی ورثاء حقدار ہوں گے۔ لڑکوں نے ماں کو مالک نہیں بنایا تھا تو ہر ایک اپنے دیئے ہوئے سونے کا مالک قرار پائے گا البتہ ایک نے ماں کی زندگی ہی میں اپنا سونا واپس لے لیا اور ماں نے اس پر کوئی اشکال نہیں کیا تھا تو اس سے یہ سمجھا جاسکتا ہے کہ شاید وہ بھی یہ سمجھتی تھی کہ وہ سونے کی مالک نہیں۔ بہرحال وارثوں کے حق کا مسئلہ ہے اس لئے تحقیق کرلی جائے اسی میں عافیت ہے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
یہ بھی پڑھئے: فتاوے: سنت کی رکعت میں سورۃ، سلام کا جواب، طلاق کا سوال، قرآن پاک اور فدیہ
بچے اور صف بندی
مفتی صاحب اگر چھ یا سات سال کا بچہ باجماعت نماز کیلئے پہلی صف میں کھڑا ہو جائے تو کیا اس کو پچھلی صفوں میں بھیج دینگے یا پھر کھڑے رہنے دیں گے؟ شریعت سے کیا حکم ہے؟ بحوالہ جواب عنایت فرمائیں۔ محب الحق، بھوپال
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: اس ضمن میں علماء نے لکھا ہے کہ مردوں کی صف کے پیچھے بچوں کی الگ صف بنائی جائے۔ لڑکے اتنے نہ ہوں تو ایک جانب صف بنالیں باقی جگہ میں مرد کھڑے ہو جائیں مگر یہ تر تیب صحیح ڈھنگ سے تبھی ممکن ہے جب اذان ہوتے ہی سب مسجد میں پہنچیں اور جماعت کھڑی ہونے کے وقت صف بندی کیلئے مستعد ہوں جیسا کہ قرون اولیٰ کا ماحول تھا لیکن جو موجودہ صورت حال ہے اس میں ایسی صف بندی دشوار ہے پھر بھی دوچار بچے ہوں تو انہیں کسی کونے میں ساتھ کھڑا کردیا جائے لیکن اگر وہ کھڑے ہوچکے ہوں تو دوران نماز انہیں کھینچ کر باہر نہ کیا جائے۔ اس میں فتنے کا بھی اندیشہ ہے جبکہ بڑوں کی نماز میں ان کے اس طرح کھڑے ہوجانے سے کسی نوع کی کراہت بھی نہیں ہے۔ ایک لڑکا، مردوں کے ساتھ کہیں بھی کھڑا ہوسکتا ہے بشرطیکہ سمجھدار اور مسجد کے احترام کا خیال رکھنے والا ہو، ایسا ناسمجھ بچہ جو احترام مسجد ملحوظ نہ رکھ سکے اسے مسجد لانے کے بجائے گھر ہی میں نماز سکھائی جائے اور جب سمجھ دار ہو جائے تو مسجد کا پابند بنایا جائے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم