• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

قرآن کریم انسانی حقوق کا اعلیٰ ترین ضامن ہے، بہتر ہو کہ ہم سمجھیں!

Updated: November 13, 2026, 11:32 AM IST | Allama Ali Salabi | Mumbai

زندگی کا حق، حریت و آزادی کا حق، مساوات کا حق، عدل و انصاف کا حق، اقلیتوں کا حق اور ایسے ہی کتنے حقو ق کی اس کتاب مبین میں ضمانت دی گئی ہے، دورانِ تلاوت یہ بھی ذہن نشین کرتے رہنا چاہئے۔

While reciting, also keep in mind that through this sacred book, you are becoming acquainted with the etiquettes of life. Image: INN
تلاوت کرتے وقت یہ بھی ملحوظ رہے کہ اس مقدس کتاب کے ذریعے آپ آدابِ زندگی سے بھی روشناس ہورہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

قرآن کریم الفرقان الحمید کے بلند پایہ مقاصد میں سے ایک مقصد انسانی حقوق کا تعین بھی ہے۔ اسلام میں انسانی حقوق کسی حاکم یا بادشاہ کی عطا کردہ بخشش کا نام نہیں ہے، یا وہ کوئی ایسا حکم نامہ نہیں ہے جو کسی علاقائی حکومت یا کسی بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے صادر ہوا ہو۔ یہ تو وہ حقوق ہیں جو اپنے حقیقی سرچشمے یعنی خدائی حکم کے تابع ہیں، جن میں نہ حذف و تنسیخ کی گنجائش ہے، نہ وہ معطل کئے جا سکتے ہیں، نہ تو ان کے خلاف جانے کی اجازت ہے نہ ہی ان سے دستبردار ہونا جائز ہے۔

ان حقوق کی تفصیل اس طرح ہے:

زندگی کا حق

انسان کی زندگی مقدس ہے، کسی کے لئے یہ جائز نہیں کہ اس پر دست درازی کرے۔ اللہ فرماتا ہے، ترجمہ: ’’جس نے کسی انسان کو خون کے بدلے یا زمین میں فساد پھیلانے کے سوا کسی اور وجہ سے قتل کیا اس نے گویا تمام انسانوں کا قتل کر دیا اور جس نے کسی انسان کو زندگی بخشی اس نے گویا تمام انسانوں کو زندگی بخش دی۔‘‘ [المائدہ: ۳۲]

حیات انسانی کا یہ تقدس صرف شریعت کی دلیل پر اور ان اقدامات کے ذریعے ہی سلب کیا جا سکتا ہےجو شریعت نے متعین کئے ہیں۔ انسان کا مادی اور روحانی وجود ایک چراگاہ ہے جس کی حفاظت شریعت اس زندگی میں بھی کرتی ہے اور موت کے بعد بھی کرتی ہے۔ اس کا یہ حق ہے کہ انسان اپنے جسم کو برتنے میں نرمی اور عزت سے کام لے۔(الغزالی، ۲۰۰۵، ص ۱۷۴)

یہ بھی پڑھئے: قرآن مجید کو اللہ نے ایمان و عمل کی تعلیم اور قلب وروح کے تزکیہ کیلئے اتارا ہے

حریت و آزادی کا حق

انسان کی آزادی بھی بالکل اس کی زندگی کی طرح مقدس ہے۔ یہ فطرت کی وہ اولین صفت ہے جسے لے کر انسان پیدا ہوتا ہے۔ فرد کی آزادی کو حمایت و تحفظ دینے کیلئے مناسب ضمانتیں فراہم کرنا لازم ہے۔ یہ جائز نہیں ہے کہ شریعت کی حجت کی روشنی میں اور اس کے ذریعے متعین کردہ اقدامات کے علاوہ کسی اور ذریعے سے اس کی آزادی کو مقید کر دیا جائے یا اس پر روک لگا دی جائے۔کسی قوم کیلئے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ کسی دوسری قوم پر ظلم و زیادتی کرے۔ جس قوم پر زیادتی کی جا رہی ہو، اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس زیادتی کا جواب دے اور ہر ممکن طریقے سے اپنی آزادی کو واپس حاصل کر لے۔ اللہ فرماتا ہے: ’’اور جو لوگ ظلم ہونے کے بعد بدلہ لیں ان کو ملامت نہیں کی جا سکتی۔‘‘ [الشوری: ۴۱]

بین الاقوامی سماج پر یہ ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر اس قوم کی معاونت و پشت پناہی کرے جو اپنی حریت و آزادی کی خاطر جدوجہد کر رہی ہو۔ اس سلسلے میں مسلمانوں پر ایک فرض عائد ہوتا ہے، اور اس فرض میں کوئی رخصت و رعایت نہیں ہے۔ اللہ فرماتا ہے: ’’یہ وہ لوگ ہیں جنہیں اگر ہم زمین میں اقتدار بخشیں تو وہ نماز قائم کریں گے، زکوٰہ ادا کریں گے، نیکی کا حکم دیں گے اور برائی سے منع کرینگے۔‘‘ [الحج: ۴۱]

حق ِمساوات

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے، ترجمہ: ’’لوگو! ہم نے تم کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور پھر تمہاری قومیں اور برادریاں بنا دیں تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو۔ درحقیقت اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تمہارے اندر سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔‘‘ [الحجرات: ۱۳] گویا شریعت کی نگاہ میں تمام کے تمام انسان برابر ہیں۔ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا: ’’کسی عربی کو کسی عجمی پر، اور کسی عجمی کو کسی عربی پر، کسی گورے کو کسی کالے اور کسی کالے کو کسی گورے پر کوئی فضیلت حاصل نہیں ہے سوائے تقویٰ کے۔‘‘ شریعت کو ان کے اوپر نافذ کرنے کے سلسلے میں ان کے درمیان کوئی امتیاز برتنا جائز نہیں ہے۔ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا: ’’اگر فاطمہ بنت محمد نے بھی چوری کی ہوتی تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جاتا۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: وراثت کا اسلامی فلسفہ

انسانی قدر وقیمت کے حوالے سے تمام انسان برابر ہیں۔ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا: “تم میں کا ہر شخص آدم کی اولاد ہے اور آدم مٹی سے بنے ہیں۔”وہ صرف اپنے اعمال کی بنیاد پر ایک دوسرے پر فضیلت رکھتے ہیں۔ اللہ فرماتا ہے: ’’ہر ایک کے درجے ان کے اعمال کے لحاظ سے ہیں۔‘‘ [الاحقاف: ۱۹]

ہر نظریہ وفکر، ہر قانون اور ہر وہ صورت حال جو افراد کے درمیان جنس، نسل، رنگ، زبان یا مذہب کی بنیاد پر تفریق کی راہ ہم وار کرتی ہے، وہ اس عام اسلامی اصول کے خلاف راست حملہ ہے۔ (الغزالی، ۲۰۰۵، ص: ۱۷۵)

ہر فرد کو یہ حق حاصل ہے کہ دوسروں کے ساتھ ساتھ اسے بھی روزگار اور کام کے مواقع فراہم کرکے سماج کے مادی وسائل سے استفادے کا موقع ملے۔اللہ فرماتا ہے: ’’چلو اس (زمین) کی چھاتی پر اور کھاؤ خدا کا رزق۔”[الملک: ۱۶]۔ ان کے درمیان نہ تو کمیت کے اعتبار سے اور نہ کیفیت کے اعتبار سے تفریق کرنا جائز ہے۔ اللہ فرماتا ہے: ’’پھر جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا، اور جس نے ذرہ برابر بدی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا۔‘‘ [الزلزل: ۷-۸]

عدل و انصاف کا حق

ہر فرد کا ایک حق یہ بھی ہے کہ وہ شریعت کو حکم اور فیصل بنائے۔ صرف اسی کے سامنے اپنے مقدمات پیش کرے، کسی اور کے سامنے نہیں۔ اللہ فرماتا ہے: ’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اطاعت کرو اللہ کی اور اطاعت کرو رسول کی اور ان لوگوں کی جو تم میں سے صاحب امر ہوں، پھر اگر تمہارے درمیان کسی معاملے میں نزاع ہو جائے تو اسے اللہ اور رسول کی طرف پھیر دو اگر تم واقعی اللہ اور روز آخر پر ایمان رکھتے ہو۔‘‘ (النساء: ۵۹)۔ یہ بھی فرمایا کہ ’’ تم اللہ کے نازل کردہ قانون کے مطابق ان لوگوں کے معاملات کا فیصلہ کرو اور ان کی خواہشات کی پیروی نہ کرو۔‘‘ (المائدہ: ۴۹)۔

فرد کا حق یہ بھی ہے کہ اس پر ظلم کیا جا رہا ہو تو اس ظلم کے خلاف اپنا دفاع کرے۔ اللہ فرماتا ہے: ’’اللہ اس کو پسند نہیں کرتا ہے کہ آدمی بدگوئی پر زبان کھولے، الا یہ کہ کسی پر ظلم کیا گیا ہو۔‘‘ [النساء:۱۴۸]۔ اس کے فرائض میں یہ بات شامل ہے کہ حسب استطاعت اپنے علاوہ کسی اور پر ظلم کے خلاف اس کا بھی دفاع کرے۔ فرد کا حق یہ بھی ہے اس آئینی اقتدار کی پناہ لے سکے جو اسے تحفظ فراہم کرتا ہو، اس کے ساتھ انصاف کرتا ہو اور اس کو لاحق ہونےوالے نقصان اور ظلم کے خلاف اس کا دفاع کر سکتا ہو۔ مسلم حکمراں کی یہ ذمہ داری ہے کہ ایسا اقتدار قائم کرے جوفرد کی آزادی اور انفرادیت کی ضمانت فراہم کرتا ہو۔ (الغزالی، ۲۰۰۵، ص: ۱۷۵) اللہ فرماتا ہے: ’’اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں اہلِ امانت کے سپرد کرو، اور جب لوگوں کے درمیان فیصلہ کرو تو عدل کے ساتھ کرو، اللہ تم کو نہایت عمدہ نصیحت کرتا ہے اور یقیناً اللہ سب کچھ جانتا اور دیکھتا ہے۔‘‘ [النساء: ۵۸]۔ رب العالمین نے یہ بھی فرمایا کہ ’’اے داؤد ہم نے تجھے زمین میں خلیفہ بنایا ہے، لہٰذا تو لوگوں کے درمیان حق کے ساتھ حکومت کر اور خواہشِ نفس کی پیروی نہ کر کہ وہ تجھے اللہ کی راہ سے بھٹکا دے گی۔ جو لوگ اللہ کی راہ سے بھٹکتے ہیں یقیناً ان کیلئے سخت سزا ہے کہ وہ یوم الحساب کو بھول گئے۔‘‘ (ص: ۲۶) 

یہ بھی پڑھئے: دسترخوان پر جمع ہونا ہماری روایت، ملت کے مسائل پر جمع ہونا ہماری ذمہ داری

اقلیتوں کے حقوق

اقلیتوں کے مذہبی حالات قرآن کے اس عام اصول کے تابع ہیں وپابند ہیں: ’’دین میں کوئی زور زبردستی نہیں ہے۔‘‘ [البقرہ ۲۵۶]۔ اور ان کے شہری و شخصی احوال اسلامی شریعت کے تابع ہوتے ہیں اگر وہ شریعت کے پاس اپنے مقدمات میں لے آئیں۔ اللہ فرماتا ہے: ’’لہٰذا اگر یہ تمہارے پاس (اپنے مقدمات لے کر) آئیں تو تمہیں اختیار دیا جاتا ہے کہ چاہو ان کا فیصلہ کرو، ورنہ انکار کر دو۔ انکار کر دو تو یہ تمہارا کچھ بگاڑ نہیں سکتے۔ اور فیصلہ کرو تو پھر ٹھیک ٹھیک انصاف کے ساتھ کرو۔‘‘ [المائدہ :۴۲]۔ 

لیکن اگر وہ اپنے مقدمات ہمارے پاس لے کر نہ آئیں تو ان کیلئے ضروری ہے کہ اپنی شریعتوں کے ذریعے انہیں حل کریں، کیوں کہ اس سلسلے میں الٰہی اصول یہ ہے: ’’اور یہ تمہیں کیسے حَکَم بناتے ہیں جب کہ ان کے پاس تورات موجود ہے جس میں اللہ کا حکم لکھا ہوا ہے اور پھر یہ اس سے منہ موڑ رہے ہیں۔‘‘ [المائدہ:۴۳]۔ فرمایا: ’’ہمارا حکم تھا کہ اہلِ انجیل اس قانون کے مطابق فیصلہ کریں جو اللہ نے اس میں نازل کیا ہے۔‘‘

(ترجمہ: تنویر آفاقی)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK