روا داری یا رکھ رکھائو محض ایک کلمہ یا نعرہ ہے نہ ہی محض انسانی فضیلت وشرافت ہے بلکہ دین مقدس اور وحی الٰہی کا پرتو اور رسول اللہ ﷺکا بنیادی اصول وضابطہ ہےجسے آپ ؐ نے نبوی حکومت میں نافذ کیا اور خلفاء راشدین اسی اصول پر کاربند رہے اور اس کی جڑیں مضبوط کرتے رہے۔
قرآن پڑھئے، روزانہ پڑھئے تو اس کے موضوعات بھی سمجھ میں آئیں گے اور یہ بھی معلوم ہوگا کہ کن موضوعات کو بہت اہمیت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این
روا داری یا رکھ رکھائو محض ایک کلمہ یا نعرہ ہے نہ ہی محض انسانی فضیلت وشرافت ہے بلکہ دین مقدس اور وحی الٰہی کا پرتو اور رسول اللہ ﷺکا بنیادی اصول وضابطہ ہےجسے آپ ؐ نے نبوی حکومت میں نافذ کیا اور خلفاء راشدین اسی اصول پر کاربند رہے اور اس کی جڑیں مضبوط کرتے رہے۔ اس اصول کو مسلم حکمراں بھی ۱۴؍ سو سال تک اپنائے رہے اور اسی کو بنیاد بنا کر انہوں نے اقوام عالم پرحکمرانی کی کیونکہ رواداری وچشم پوشی عفو ودرگزر اور ہر ایک کے ساتھ یکساں برتائو اور مل جل کر رہنے کی تعلیم دین اسلام کی بنیادی تعلیم اور آخری شریعت کا بنیادی ثمرہ ہے اور آئندہ بھی اسلام کا یہ بنیادی طرز عمل جاری رہے گا۔ قرآن نے واضح کیا ہے کہ اس کائنات و موجودات میں ایک تو حق ہے جو اللہ رب العزت والجلال کی ذات ہے اور دوسرا مخلوق ہے جس میں سارا عالم اور ساری مخلوقات شامل ہیں، ایک وجود ہے اور دوسرا اس کا موجد اور پیدا کرنے والا ہے۔ اس تصور کو پیش کرنے کا مقصد یہ بتانا اور یہ تصور دینا ہے کہ حق سبحانہ و تعالیٰ اور موجودات کو وجود بخشنے والے کیلئے واحد ومنفرد اور یکتا ہونا اور دیگر تمام مخلوقات کیلئے مادی ہویا غیر مادی ، نباتات ہوں یا جمادات ، حیوانات ہوں،انسان یا فکر وخیال ہو، سب کے لئے متعدد و متنوع ہونا ضروری ہے اور اس تعدد وتنوع کے اندر اختلافات وامتیازات کا ہونا فطری اور نظام کائنات کا تقاضا ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: دسترخوان پر جمع ہونا ہماری روایت، ملت کے مسائل پر جمع ہونا ہماری ذمہ داری
اس کا مطلب ہے کہ انفرادیت صرف اللہ کے ساتھ خاص اور اسی کی امتیازی شان ہے۔ معبود اور خالق کے اندر تعدد وکثرت اور اختلاف وامتیاز کا تصور نہیں، کائنات کی جو بھی چیز ہے، خواہ عالم علوی میں ہو یا عالم سفلی میں، سب کے اندر تعدد وتنوع اور کثرت و اختلاف اس کی خلقت کا لازمی حصہ ہے۔ اس تنوع وتعدد ، امتیاز واختلاف اور کثرت و ہمہ جہتی کے باوجود اس کے اندر ایک قانون الٰہی کار فرما ہے اور یہی سنت الٰہی ہے جس میں تغیر وتبدل نہیں۔ یہ سارے باہم مختلف گروہ،جماعت آپس میں مل جل کر رہے، ان پر رواداری کے اخلاق کی بالادستی قائم رہے، قوموں ، ثقافتوں ، تہذیبوں ، مذہبوں ، فلسفوں، نظریوں، شریعتوں، مسلکوں، زبانوں، قومیتوں، ملکوں، علاقوں اور رنگ ونسل کے درمیان اختلاف وتضاد کے باوجود ان کے تعلقات رواداری اور رکھ رکھائو پر قائم رہے، اس قانون رواداری یا اخلاقی میل ملاپ کے بغیر نہ مسائل حل کئے جاسکتے ہیں اور نہ دنیا میں امن وامان کے ساتھ زندگی بسر کی جاسکتی ہے۔
اسلام کے اسی نظریہ اور تکوینی وجود کے تصور کے تحت اسلام نے اپنی تعلیمات اور سماجی تعلقات میں رواداری کو بنیاد بنایا اور اسے ایک مذہبی فریضہ قرار دیا اور ضروریات زندگی میں سے شمار کیا ہے تاکہ مخلوقات کی ساری دنیا وکائنات اللہ کے تیار کردہ نقشہ کے مطابق زندگی گزاریں ، اللہ تعالیٰ نے اس اختلاف وتنوع کا ذکر کرتے ہوئے باہم خوشگوار زندگی گزارنے کا ضابطہ بیان کیااور فرمایا : ’’اے لوگو! ہم نے تم سب کو ایک (ہی) مرد وعورت سے پیدا کیا ہے، اس لئے کہ تم آپس میں ایک دوسرے کو پہچانو کنبے اور قبیلے بنا دیئے ہیں، اللہ کے نزدیک تم سب میں باعزت وہ ہے جو سب سے زیادہ ڈرنے والا ہے۔ یقین مانو کہ اللہ دانا اور باخبر ہے۔‘‘ (سورۃ الحجرات آیت نمبر١٣)
یعنی انسانیت قبیلوں اور قومتیوں میں بٹی ہوئی ہے، یہ سب تہذیبی وقومی وسماجی شناخت کے اعتبار سےمختلف اور جداگانہ ہیں مگر عام انسانی دائرے میں ایک ساتھ رہنے اور جینے کی ایک ہی راہ ہے، وہ ہے رواداری ومیل ملاپ، اسی کے ذریعہ انسان ایک دوسرے کے ساتھ ہزارہا اختلاف وافتراق کے باوجود مل جل کر زندگی بسرکرسکتا ہے، ایک دوسرے سے واقفیت حاصل کرسکتا اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’اس (کی قدرت) کی نشانیوں میں سے آسمانوں اور زمین کی پیدائش اور تمہاری زبانوں اور رنگتوں کا اختلاف (بھی) ہے، دانش مندوں کے لئے اس میں یقیناً بڑی نشانیاں ہیں۔(سورۃ الروم آیت نمبر٢٢)۔ ایک دوسری آیت میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’تم میں سے ہر ایک کے لئے ہم نے ایک دستور اور راہ مقرر کردی ہے۔ اگر منظور مولیٰ ہوتا تو تم سب کو ایک ہی امت بنا دیتا، لیکن اس کی چاہت ہے کہ جو تمہیں دیا ہے اس میں تمہیں آزمائے، تم نیکیوں کی طرف جلدی کرو، تم سب کا رجوع اللہ ہی کی طرف ہے، پھر وہ تمہیں ہر وہ چیز بتا دے گا جس میں تم اختلاف کرتے رہتے ہو ۔‘‘ (سورۃ المائدۃ آیت نمبر ٤٨)
یہ بھی پڑھئے: دسترخوان پر جمع ہونا ہماری روایت، ملت کے مسائل پر جمع ہونا ہماری ذمہ داری
ایک دوسری جگہ پر ارشاد باری ہے: ’’اگر آپ کا پروردگار چاہتا تو سب کو ایک ہی راہ پر ایک گروہ کر دیتا۔ وہ تو برابر اختلاف کرنے والے ہی رہیں گے ، بجز ان کے جن پر آپ کا رب رحم فرمائے، انہیں تو اسی لئے پیدا کیا ہے، اور آپ کے رب کی یہ بات پوری ہے کہ میں جہنم کو جنوں اور انسانوں سب سے پر کروں گا۔‘‘ (سورہ ہود آیت نمبر ١١٩)
اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے مفسرین نے اس اختلاف وتنوع پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور تہذیبوں ، ثقافتوں اور مناہج وشرائع کے تعدد واختلاف کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تخلیق کی وجہ یہی ہے، یعنی انہیں پیدا ہی اختلاف وتنوع اور تعدد کے لئے اور اس کی اساس پر کیا ہے، اس میں شبہ نہیں کہ ان سبھوں کا رواداری ومیل جول کے بغیر ایک جگہ رہنا اور ساتھ جینا ممکن نہیں، اختلاف و تعدد نہ ہوتا تو لوگوں میں مسابقت نہیں ہوتی، اور نہ موجودات کو آباد کرنے میں لوگ ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے اور اگر ان میں رواداری نہ ہو تو ان کی یہ دوڑبہت جلد ختم ہوجاتی اور ہر طاقتور کمزور کو ہضم کرجاتا۔
اس تصور کے بعد قرآن نے رواداری ومیل ملاپ کی اساس وبنیاد عدل کو بنایاجو اسلامی تہذیب کی روح اور اس کی تعلیمات کا محور ہے، اسی پر اسلامی سماج کی بنیاد ہے، اور اسی کو تمام تر تعلقات کے لئے مرکز بنایا گیا ہے، اسلام نے واضح کیا ہے کہ باہم مختلف گروہوں ، فریقوں، قبیلوں اور قوموں کے ساتھ سلوک کرنے کی اساس عدل وصبرہے ،
یہ بھی پڑھئے: شہرِ خموشاں میں غیرسنجیدہ طرزِ عمل کی گنجائش نہیں، یہ یاددہانی ہوتی ہے کہ ہمیں بھی اسی جگہ آنا ہے
چونکہ اسلام دین و مذہب بھی ہے، اوراقتدار وحکومت بھی، قوم وجماعت بھی اور نظام وسماج بھی، وہ قانون واقتدار اور اتھاریٹی، دین سے عاری مذہب نہیں ہے جو نہ ظلم وزیادتی کی سزا دے، بلکہ اس کا ایک مربوط نظام زندگی ہے، اور نظام حکمرانی بھی ہے، اس لئے اس کی روادری اسے مجبور کرتی ہے کہ ظلم وزیادتی کے سد باب کیلئے عدل وانصاف کو برتے، مجرموں کو سزا دے، اور صاف ستھروں اور نیکوکار کوانعام واکرام سے نوازے۔
(طویل مضمون سے)